1
بانی پی ٹی آئی کو زیادہ عرصہ جیل میں رکھنا ممکن نہیں، ریحام خان کا رہائی سے متعلق بڑا دعویٰ، ریحام خان نے بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک شخص کی ضمانت کے پیچھے سب پڑے ہیں جبکہ قیدی کی مدد تو ٹرمپ صاحب کریں گے سب کو اتنی فکر کیوں ہوگئی ہے ؟ درباری سیاست نہیں کرسکتی ہوں۔ٹرمپ اپنے دوستوں کا بڑا خیال رکھتے اور یاری دوستی نبھاتے ہیں، تین ٹریلین ڈالر ان کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے، ایلون مسک ان کے ساتھ کھڑے تھے، یاری دوستی ذرا دیکھ کر بناتا ہے، ایک ٹیسلا کا مالک ہے ایکس کا مالک ہے، میٹا کا مالک ہے ایک ایمازون کا مالک ہے۔
2
وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے وسطی ایشیاء کا اہم دورہ کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان اور ازبکستان کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، شہباز شریف 24 فروری کو آذربائیجان کا دو روزہ دورہ کریں گے، وہ 25 اور 26 تاریخ کو ازبکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔
آذربائیجان اور اُزبکستان کے دوروں میں، توانائی، دفاع، باہمی منسلکی، ٹرانسپورٹ منسلکی، تجارت و سرمایہ کاری پر مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔دورۂ آذربائیجان کے دوران 2 ارب ڈالرز کے تجارت و سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، باکو میں وزیراعظم آذربائیجان کی کاروباری شخصیات اورکمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
آذربائیجان میں وزیراعظم کی صدرالہام علئیوو اور آذربائیجانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی آذربائیجان و ازبکستان کے دورے میں ٹرانس افغان ریلوے کوریڈور پر اہم بات چیت ہو گی۔
3
لبنان میں کل 23 فروری کو حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی نماز جنازہ ادا اور تدفین کی جائے گی۔اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے لوگ لبنان جانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
عراق کے دارالحکومت بغداد سے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے لیے تمام پروازوں کے ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے بیروت کے ایک اسپورٹس اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق حسن نصر اللہ کے جسد خاکی کو بیروت میں ائیرپورٹ روڈ کےقریب سپرد خاک کیا جائے گا۔حسن نصر اللہ کے ساتھ ہی ان کے جانشین شہید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی ساتھ ادا کی جائےگی۔
4
پرویز خٹک نے عمران خان کو پاکستان کا سب سے بڑا جھوٹا قرار دے دیاسابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے آبائی گاؤں مانکی شریف میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کوئی مذاق نہیں کہ ہر کوئی عوام کی خواہشات کے مطابق خدمت کرے۔ مجھے بہت خوشی ہورہے کہ صوبے کے عوام گزشتہ انتخابات میں غلط اور نااہل لوگوں کو ووٹ دے کر اب رو رہے ہیں۔
پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام کی بھرپور خدمت کی، گاؤں گاؤں بجلی اور پینے کا صاف پانی پہنچایا، زرعی زمینوں کے لیے ٹیوب ویل لگوائے، گلیاں اور سڑکیں پکی کروائیں، اسپتال اپگریڈ کیے اور اسکول قائم کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے دن رات سیاست کے لیے کام کیا اور عوام کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دی۔
5
حکومت کا آئندہ بجٹ میں کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز پرغور،ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کے ساتھ آئندہ مذاکرات کے دوران اس حوالے سے ابتدائی مسودے پر بات ہو گی۔ کاربن لیوی عائد کرنے کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے تجاویز فراہم کی جائیں گی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 24 سے 28 فروری تک آئی ایم ایف کا تکنیکی وفد وفاق اور صوبوں کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔
آئی ایم ایف وفد اور حکومت کے درمیان گرین بجٹنگ، کلائمیٹ سپینڈنگ، ٹیگنگ، ٹریکنگ اور رپورٹنگ پر مذاکرات ہوں گے۔وزارت خزانہ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات میں کاربن لیوی عائد کرنے، الیکٹریکل وہیکل اور سبسڈی پر بھی بات چیت ہو گی۔ آئی ایم ایف وفد آئندہ بجٹ میں گرین بجٹنگ کو وسیع کرنے کے لیے تجاویز بھی دے گا۔
6
سینیٹر فیصل واوڈا کی یقین دہانی پر کسٹمز ایجنٹس نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔ کسٹم ایجنٹس نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے لیے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا تھا تاہم سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کے چیئرمین سینیٹر فیصل واوڈا پریس کانفرنس میں پہنچ گئے اور ان کی یقین دہانی پر کسٹم ایجنٹس نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔
فیصل واوڈا نے کسٹم ایجنٹس سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے کہنے پر کسٹمز ایجنٹس نے ہڑتال ختم کردی ہے، کسٹم ایجنٹس کے توسط سے ماہانہ 400 ارب روپے مالیت کی کسٹم ڈیوٹی ادائیگیاں ہوتی ہیں اس لیے ان کی ہڑتال سے ملک و معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے جس کے باعث مہنگائی بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔


