1
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دوستوں سے ملاقات نہ کروانے پر سیکرٹری داخلہ و سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر دو مختلف درخواستوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔عدالت نے درخواست کے ساتھ 28 جنوری 2025 کا عدالت عالیہ کا حکم نامہ منسلک کرنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کے ساتھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔عمران خان کے وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار آفس درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلے کا مجاز نہیں، درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق صرف عدالت اختیارات استعمال کر سکتی ہے۔
وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جسٹس سردار اعجاز اسحاق کی عدالت میں ملاقات کروانے کا بیان دیا تھا، عدالت نے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹا دی تھی مگر اس یقین دہانی کے باوجود ملاقات نہیں کروائی گئی، ملاقات پر پابندی برقرار ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔بعدازاں عدالت نے دونوں توہین عدالت کی درخواستوں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
2
پنجاب میں 125 سال پرانے فوجداری قوانین تبدیل کرنے کا فیصلہ ,ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق قوانین تبدیل کرنے کے لیے قانونی اصلاحات کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی کامران عادل کمیٹی کے سربراہ اور ایڈیشنل سیکرٹری (جوڈیشل) محکمہ داخلہ عمران حسین رانجھا سیکرٹری ہوں گے، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ قانون محمد یونس، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حسن خالد اور نمائندہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کمیٹی ممبران میں شامل ہیں۔
یہ قانونی اصلاحات کمیٹی 3 ماہ میں رپورٹ محکمۂ داخلہ کو پیش کرے گی۔ترجمان کے مطابق کمیٹی فوجداری قوانین کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے سفارشات پیش کرے گی، کمیٹی ضابطہ فوجداری 1898، تعزیرات پاکستان 1860 میں ترامیم کا مسودہ تیار کرے گی۔کمیٹی پنجاب میں خصوصاً خواتین اور بچوں کے تحفظ، انسداد دہشت گردی، سائبر کرائم، سائبر سکیورٹی، بین الصوبائی رابطہ سے متعلق قوانین میں ترامیم تجویز کرے گی۔یہ کمیٹی جدید سائنسی تکنیک، قوانین اور معاشرتی تقاضوں سے ہم آہنگ ترامیم بھی تجویز کرے گی۔
3
آئی ایم ایف وفد اقتصادی جائزے کیلئے 3 مارچ کو پاکستان آئے گا جبکہ آئی ایم ایف کیساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات 15 مارچ تک جاری رہیں گے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پہلے مرحلے میں تکنیکی اور دوسرے مرحلے میں پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے، نیتھن پورٹر کی قیادت میں 9 رکنی وفد تقریباً دو ہفتے پاکستان میں قیام کرے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف وفد آئندہ مالی سال 26-2025 بجٹ کیلئے تجاویز بھی دے گا، آئی ایم ایف سے رضا مندی کی صورت میں ہی تنخواہ دار طبقے کو ریلیف مل سکے گا۔وزارت خزانہ، وزارت توانائی، منصوبہ بندی، سٹیٹ بنک کیساتھ مذاکرات ہوں گے جبکہ ایف بی آر، اوگرا، نیپرا سمیت دیگر اداروں اور وزارتوں کیساتھ بھی مذاکرات شیڈول ہیں۔
4
فضل الرحمان کی وفد سمیت حماس رہنماؤں سے ملاقات، بھرپور تعاون کی یقین دہانی ,جے یوآئی ف کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام کی طرف سے مولانا فضل الرحمان جبکہ حماس کی مجلس شوری کے سربراہ ابو عمر نے وفود کی قیادت کی، ملاقات میں غزہ و فلسطین کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مولانا نے حماس رہنماؤں کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ فلسطین آزاد ریاست ہے، اسرائیلی قبضے کی حمایت نہیں کی جاسکتی ، مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔سربراہ مجلس شوریٰ حماس ابو عمر کا کہنا تھا کہ تعاون کی یقین دہانی پر مولانا فضل الرحمان کے شکر گزار ہیں۔
5
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈا پور نے دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت اپریل تک نیا این ایف سی ایوارڈ دے ورنہ مئی میں سرپرائز دیں گے۔ وفاقی حکومت نئے این ایف سی ایوارڈ سے مزید راہ فرار اختیار نہیں کر سکتی، نیا این ایف سی جلد سے جلد ہونا چاہئے، صوبے کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر لڑوں گا۔پیچھے نہیں ہٹوں گا، ریاست لوگوں سے کئے وعدے پورے کرے، ماضی سے سبق سیکھنے کے بجائے غلطیوں کو دہرا رہے ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سیمینار سے خطاب
6
مصطفیٰ قتل کیس کی تحقیقات کے دوران ایک کے بعد ایک بڑے انکشافات سامنے آنے لگے ۔مصطفیٰ قتل کیس کی اہم کردار زوما اور انجلینا کے بیانات ریکارڈ کے معاملے پر اہم انکشافات ہوئے ہیں، جنسی زیادتی اور جان لیوا تشدد کا شکار خاتون کے ساتھ پولیس نے کیا کیا؟ ڈیفنس پولیس اور 15 مددگار کی سنگین غفلت بھی سامنے آگئی۔
دوران تفتیش ارمغان کی مبینہ سہولت کاری میں ملوث شخص کا بھی پتا چل گیا ، ارمغان کا سہولت کار گذری تھانے کا پولیس افسر نکلا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق زوما 31 دسمبر کو سال نو کے موقع پر ارمغان کے ساتھ تھی، چند روز کے بعد ارمغان نے زوما کو فون کرکے گھر بلایا اور 31 جنوری کے حوالے سے تنازع پر پوچھ گچھ کرتا رہا، ارمغان نے زوما کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانا شروع کیا، خاتون کو برہنہ کرکے اس کی ویڈیو بنائی اور مارتا رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ ارمغان جس وقت زوما پر تشدد کر رہا تھا شیراز بھی موجود تھا، زوما کی حالت غیر ہونے پر ارمغان نے پولیس افسر کو فون کیا اور کہا زوما کو مارا ہے اسے یہاں سے لے کر جاؤ، پولیس افسر نے منع کیا تو ارمغان نے آن لائن کیب منگوالی، زوما کو کہا نیشنل میڈیکل سینٹر جاؤ اوراپنا علاج کرواؤ۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ارمغان نے شیراز کو پیچھے بھیجا تاکہ وہ دیکھ سکے زوما پولیس کے پاس نہ چلی جائے، زوما کی حالت دیکھ کر ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کو طلب کرلیا، ڈیفنس پولیس اور 15 مددگار ہسپتال پہنچے اور زوما سے ملاقات کی، پولیس کو بتایا گیا کہ زوما سے زیادتی ہوئی اور تشدد کیا گیا ہے، صورتحال دیکھ کر پولیس نے جان چھڑائی اور ہسپتال سے چلی گئی۔
7
جے یو آئی نے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کردیا .آج سندھ کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے، سندھ میں ڈاکو راج اور سندھو دریا پر نئے کنالوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے جمعیت علماء اسلام عام آدمی کی آواز ہے، سندھ کے عوام آج سڑکوں پرنکل کراحتجاج کریں گے۔اگر مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک کو مزید بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔
8
سپارکو نے پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔چاند کی پیدائش 28 فروری کو صبح 5 بجکر 45 منٹ پر ہوگی، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہو گی، 28 فروری کو کم بلندی اور فاصلے کی وجہ سے چاند کا نظر آنا مشکل ہے۔ 28 فروری کو انسانی آنکھ سے چاند نظر نہیں آئے گا، پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند یکم مارچ کو نظر آنے کا قوی امکان ہے،
9
عمران خان مزید 10 ماہ رہا ہوتے نظر نہیں آرہے : فیصل واوڈا کا دعویٰ , پوری دنیا میں ریاست سےبڑا کوئی نہیں ہوتا، اسٹیبلشمنٹ کا فوکس بانی پی ٹی آئی نہیں پاکستان ہے،عمران خان بھی اسی نرسری سےآئےہیں۔ سیاست دان اندرپاؤں اورباہرگریبان پکڑتےہیں، آٹھ سےدس مہینے بانی جیل سےباہر نظرنہیں آرہے، پی ٹی آئی سمجھوتہ کرکےبیٹھی ہیں، حکومتیں آئیں یا جائیں اہم پاکستان ہے۔ہماری کرکٹ ٹیم اشتہارات میں چھکے لگاتی اورگراؤنڈ میں انہیں گیند نظرنہیں آتی، اسی طرح جمہوریت بھی اشتہارات میں نظرآتی ہے، اصلیت میں سیاست دانوں کوبھی بال نظرنہیں آتی۔
10
انگلش فاسٹ باؤلر برائیڈن کارس چیمپئنز ٹرافی سے باہر ,برائیڈن کارس پاؤں کے انگھوٹے کی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوئے ہیں، آئی سی سی نے انگلینڈ کے برائیڈن کارس کے متبادل کھلاڑی کی منظوری دے دی۔ریحان احمد کو برائیڈن کارس کے متبادل کھلاڑی کے طور پر انگلینڈ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا،
11
رحیم یار خان میں پوتے کی جانب سے اتفاقیہ گولی چلنے سے دادی جاں بحق ہوگئی۔پولیس کے مطابق واقعہ رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں بچے سے اتفاقیہ بندوق چلی جس سے گولی سامنے بیٹھی 40 سالہ خاتون کو لگی اور وہ موقع پر جان کی بازی ہار گئی۔پولیس کے مطابق اہلخانہ نے بتایا کہ پوتا بندوق سے چھیڑ چھاڑ کر رہا تھا کہ گولی چل گئی اور جو سامنے بیٹھی دادی کو لگ گئی۔اتفاقیہ حادثہ ہے یا کوئی اور معاملہ اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ خاتون کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
12
مزید 45 آئی پی پیز سے مذاکرات کا آغاز،21 ارب سے زائد کی بچت ہوگی . پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ان آئی پی پیز میں سولر اور ونڈ کے پاور پلانٹس شامل ہیں، ان پلانٹس میں وہ بجلی گھر بھی شامل ہیں جو غیر ملکی فنڈنگ سے بنے ہیں، فارن فنانسنگ والے 23 پلانٹس بھی مذکرات کا حصہ ہیں، جن بجلی گھروں کے ساتھ بات چیت ہورہی ہے وہ 2500 میگاواٹ کے حامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت سے 21 ارب 25 کروڑ سے زائد کی بچت ہوگی جس کا فی یونٹ پر 20 پیسے اثر پڑے گا۔پاور ڈویژن کے اعلی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ان آئی پی پیز کا ریٹرن ان ایکویٹی بھی کم کیا جائے گا، ریٹرن ان ایکویٹی کو 17 فیصد سے کم کرکے 13 فیصد پر لایا جائے گا اور اس کے ساتھ یو ایس انڈکشن والی شرط کو بھی ختم کیا جائے گا، ان آئی پی پیز کو منافع ڈالر کے بجائے روپیہ میں دینے پر بات چیت کی جائے گی۔


