1
سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مفرور ملزم حماد صدیقی کی حوالگی کیلئے انٹرپول سے رجوع کرنے کا حکم ,سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ بلدیہ فیکٹری ملزمان حوالگی کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں متعلقہ حکام عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ دوران سماعت قتل کیس میں نامزد ملزم حماد صدیقی اور دبئی فرار دیگر ملزمان کی پاکستان حوالگی کے کیس میں محکمہ داخلہ اور خارجہ نے رپورٹ جمع کرائی۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ تقی حیدر، حماد صدیقی اور خرم نثار مفرور ہیں جب کہ عدالت نے مفرور ملزم خرم نثار سے متعلق محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن کو طلب کرلیا۔بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مفرور ملزم حماد صدیقی کی حوالگی کے لیے انٹرپول سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی۔
2
پنجاب: رمضان کے دوران اسکولوں کے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری,محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک اسکول صبح 8:30 سے ایک بجے تک کھلیں گے اور جمعہ کو اسکولوں میں ساڑھے 12 بجے چھٹی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈبل شفٹ والے اسکول صبح ساڑھے 8 سے 12 اور دوسری شفٹ ایک سے 4 بجے تک ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق طالبات کو 15 منٹ پہلے چھٹی دی جائے گی اور نئے اوقات کار کا اطلاق پنجاب کے تمام اسکولوں پر ہوگا۔
3
فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل کیس میں آئینی بینچ کے جج جسٹس حسن اظہر نے کہا جہاں ملٹری کی شمولیت ہو وہاں ملٹری کورٹ شامل ہوں گی۔ سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی جس دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل عزیر بھنڈاری نے دلائل دیے۔
وکیل وزیر بھنڈاری نے دلائل دیے کہ 103 افراد ایسے ہیں جن کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہورہا ہے، اس کیس میں عدالت نے طے کرنا ہے کہ قانون کو کس حد تک وسعت دی جاسکتی ہے۔ عزیر بھنڈاری نے کہا کہ 21 ویں آئینی ترمیم کے باوجود عدالت نے قرار دیا کہ مخصوص حالات کے سبب ترمیم لائی گئی، آرمی ایکٹ کا سویلین پر اطلاق کرنے کے لیے آئینی تحفظ دینا پڑے گا۔
وکیل عذیر بھنڈاری نے کہا کہ کورٹ مارشل میں تو موت کی سزا بھی سنائی جاتی ہے، نہ جج کی کوئی معیاد،نہ ٹریننگ اور نہ ہی قانونی سمجھ بوجھ ہوتی ہے، سزا کےخلاف اپیل کاحق نہیں دیا جاتا،صرف آرمی چیف سےرحم کی اپیل کی جاسکتی ہے، ہائیکورٹ میں رٹ کے دائرہ اختیار کو استعمال کیا جاسکتا ہے مگر وہ محدود ہوتا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے انی پی ٹی آئی کے وکیل عذیر بھنڈاری کے دلائل مکمل ہونے پر کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔
4
سپریم کورٹ میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس میں آئینی بینچ کے جج نے دوران سماعت سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرباجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلے کا حوالہ دیا۔ سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس امین الدین نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے دلائل میں بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں ملٹری ٹرائل کے خلاف آزادانہ ٹربیونل میں اپیل جاتی ہے، بھارت میں اپیل کاحق پارلیمنٹ نے قانون سازی کے ذریعے خود دیا یا عدالتی ہدایات تھیں؟اس پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل عزیر بھنڈاری نے جواب دیا مجھے اس بارے میں علم نہیں ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے کلبھوشن یادیو کی مثال موجود ہے، کلبھوشن کو خصوصی قانون سازی کے ذریعے اپیل کا حق دیا گیا، اپیل کا حق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے سبب دیا گیا۔ اس دوران جسٹس نعیم اختر نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے کیس کا بھی تذکرہ کیا۔
5
لاہور پولیس میں پہلی مرتبہ 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کو ایک ساتھ نوکری سے برطرف کردیا گیا۔پولیس کے مطابق برطرف پولیس اہلکار چیمپئنز ٹرافی کی سییورٹی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہے جب کہ انہیں ڈیوٹی پر طلب کیا گیا تو انہوں نے ڈیوٹی جوائن کرنے سے بھی انکار کیا۔پولیس حکام کا بتانا ہےکہ اہلکاروں کو ڈی آئی جی آپریشنزکےحکم پر برطرف کیا گیا اور برطرف اہلکاروں کی تفصیلی رپٹ روزنامچہ میں درج کرلی گئی ہے