1
آئی سی سی نے ون ڈےکی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی.جس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے بعد ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں نمبرپر آگئے ہیں۔آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں بیٹرز کی فہرست میں بھارتی اوپنر شبمن گل پہلے نمبر پر براجمان ہیں، پاکستان کے بابر اعظم دوسری پوزیشن پر ہیں۔چیمپئنر ٹرافی میں پاکستان کے خلاف سنچری بنانے والے بھارتی اسٹار ویرات کوہلی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پا کر پانچویں نمبرپر آگئے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف کیوی ٹیم کے سنچری میکر ول ینگ آٹھ درجہ ترقی کے بعد 14 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔پاکستان کے فخر زمان کی رینکنگ میں تین درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ 18 ویں نمبر پر چلےگئے ہیں۔پاکستانی کپتان محمد رضوان 4 درجہ تنزلی کے بعد 20 ویں نمبر پر چلےگئے ہیں۔بولرز میں شاہین آفریدی پانچ درجہ تنزلی کے بعد 9 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، سری لنکا کے مہیش تھیکشانا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
2
مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺکے شعبہ دینی امور نے رمضان المبارک 1446 ہجری کے لیے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا اعلان کردیا۔سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت اور نیشنل سینٹر فار نان پرافٹ سیکٹر کے تعاون سے اس منصوبے کا مقصد زائرین کی خدمت کے لیے قومی ٹیلنٹ کو متحرک کرنا ہے۔اس مقصد کے تحت مذہبی تخصصات میں رضاکارانہ پروگرام پیش کیے جائیں گے، جن کے تحت 100 سے زائد نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور یہ پروگرام مجموعی طور پر 300 سے زائدہ گھنٹوں پر مشتمل ہوں گے۔
3
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے بانی شیخ احمد یاسین شہید کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں انہوں نے اسرائیل کے خاتمے کے حوالے سے پیش گوئی کی تھی۔عرب میڈیا کو 1999 میں دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں شیخ احمد یاسین سے اسرائیل کے مستقبل کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اسرائیل کی بنیاد ظلم پر ہے اور ظلم پر قائم کوئی بھی چیز بلآخر ختم ہوجاتی ہے۔شیخ احمد یاسین نے کہا کہ دنیا میں کوئی طاقت ہمیشہ برقرار نہیں رہتی۔ انسان بچپن سے لڑکپن میں پہنچتا ہے، پھر جوانی اور بڑھاپے میں اور پھر ختم ہوجاتا ہے، ممالک کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔اس موقع پر شیخ احمد یاسین سے سوال کیا گیا کہ اس وقت اسرائیل کس مرحلے پر ہے؟ جس پر انہوں نے جواب میں کہا کہ اسرائیل آئندہ صدی (21ویں صدی) کے ربع اول میں ختم ہوجائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ سال 2027 میں اسرائیل نہیں رہے گا۔
4
حکومت کا 300 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ مد میں کمی کا فائدہ دینے کا اعلان، نیپرا کو دونوں درجوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا فائدہ دینےکا خط لکھ دیا۔ پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ زرعی ٹیوب ویل اور 300 یونٹ تک کے بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں میں مزید کمی آئے گی۔پاور ڈویژن کے مطابق 300 یونٹ تک کے بجلی صارفین اور زرعی ٹیوب ویل کو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ مد میں کمی کا فائدہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
5
مصطفیٰ قتل کیس: ملزم ارمغان سے متعلق پولیس چالان میں ہوشربا انکشافات،کراچی کی انسداد منشیات کی عدالت میں مصطفیٰ قتل کیس کے ملزم ارمغان کے خلاف منشیات کے 2 کیسز کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی حکام کی جانب سے عدالت میں کیس کا چالان اور مقدمات کی تفصیل پیش کی گئی جس کے مطابق ملزم ارمغان 8 سال سے ویڈ منگوا کر نشہ کررہا تھا۔ چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے یکم جولائی 2017 سے 24 اپریل 2019 تک 9 پارسل منگوائے جب کہ ملزمان نے یہ پارسل اپنے اور اپنے والد کے نام پر منگوائے تھے۔ چالان میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ مقدمے میں دیگر ملزمان بھی شریک ہیں جو کیفے اور پارٹیوں میں نشہ کرتے رہے ہیں۔ عدالت نے ملزم ارمغان کو منشیات کیس میں 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔


