1
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ملا جلا دن رہا اور 100 انڈیکس میں معمولی کمی دیکھی گئی۔کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 77 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 13 ہزار784 پوائنٹس پر بند ہوا۔آج کاروباری دن میں 100 انڈیکس 727 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔
2
مصطفیٰ قتل کیس: اہم گواہ نے عدالت میں ملزم ارمغان اور شیراز کو شناخت کرلیا۔کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مصطفیٰ عامرقتل کیس کی سماعت ہوئی جس دوران ملزم ارمغان کے ملازم اور کیس کے اہم گواہ غلام مصطفیٰ کا بیان قلمبند کیا گیا۔گواہ غلام مصطفیٰ نے بتایا کہ 6 جنوری کی رات 9 بجے ایک لڑکا آیا تھا جس کے لیے ہم نے دروازہ کھولا تھا، لڑکے نے ٹراؤزر پہنا ہوا تھا اور جیکٹ میں تھا مگر میں نے شکل نہیں دیکھی تھی۔
ارمغان کے ملازم نے عدالت میں کہا کہ جو واقعہ ہوا ہم نے پولیس کو سچ سچ بتا دیا تھا، پولیس اسی رات ہمیں بنگلے پر لے کر گئی تھی، ہم نے پولیس کوخون کےنشانات دکھائے، پولیس ہمیں اس رات تھانے لے گئی اور موبائل نمبر لے کر چھوڑ دیا تھا مگر پھر بعد میں پولیس نے ہمیں فون کرکے بلایا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے گواہ سے پوچھا کہ دیکھو ملزمان یہاں موجود ہیں؟ اس پر گواہ غلام مصطفیٰ نے عدالت میں ملزم ارمغان اور شیراز کو شناخت کرلیا۔
3
چیمپئنز ٹرافی: پاکستان اور بنگلادیش کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیاگیا۔پاکستانی وقت کے مطابق ٹاس 1 بج کر 30 منٹ پر ہونا تھا جو نہیں ہوا کیونکہ شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان اور بنگلادیش کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
4
ابو ظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان پاکستان کا مختصر دورہ کرکے واپس روانہ ہوگئے، دورے کے دوران پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے، صدر مملکت نے ابوظبی کے ولی عہد کو نشانِ پاکستان کا اعزاز بھی عطا کیا۔
ابو ظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سرکارے دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں نور خان ائیربیس پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعاون کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کان کنی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ بھی ہوا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ریلوے کے شعبے میں 2 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی ہوا۔تقریب میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دستاویز کا تبادلہ بھی ہوا۔ابو ظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔