1
نواز شریف کی ماڈل ٹاؤن آمد، پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں، سیاسی امور پر مشاورت،مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، انوشہ رحمان، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران مسلم لیگ ن کے صوبائی سطح کے پارٹی معاملات پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر میاں نواز شریف نے نارووال کے کامیاب جلسے کو سراہا، احسن اقبال نے اہم پارٹی امور پر میاں نواز شریف کو بریفنگ دی۔اس موقع پر عید کے بعد مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں مزید جلسوں پر مشاورت کی گئی، میاں نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔
2
16 ویں قومی اسمبلی کے پہلے سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی، رپورٹ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی نے جاری کی۔رپورٹ کے مطابق موجودہ اسمبلی کے کام کا دورانیہ اور ایام گزشتہ اسمبلی کے مقابلے میں کم رہے، ان ایام اور اوقات میں اہم قانون سازی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا، موجودہ اسمبلی کا 29 فروری 2024 کو افتتاحی اجلاس منعقد ہوا اور پہلے پارلیمانی سال کی مدت 28 فروری کو ختم ہو رہی ہے۔16 ویں قومی اسمبلی کے 93 اجلاس ہوئے، 212 گھنٹے کام کیا، 15 ویں قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال میں 96 اجلاس اور 297 گھنٹے کام کیا گیا، سولہویں قومی اسمبلی کے پہلے سال میں کام کرنے کی لاگت تقریباً 6 کروڑ روپے فی گھنٹہ آئی۔
رپورٹ کے مطابق پہلے سال میں 16 ویں قومی اسمبلی کے اجلاس پر اوسطاً 136.96 ملین روپے لاگت آئی، پہلے سال میں 47 بل منظور کیے جو کہ گزشتہ اسمبلی کے مقابلے میں 370 فیصد زیادہ ہے، تیز تر قانون سازی میں اہم قوانین اور 26 ویں آئینی ترمیم شامل ہے۔قوانین و ترامیم مناسب وقت اور جانچ پڑتال کے بغیر فوری طور پر منظور کی گئیں، ممبران کی حاضری گزشتہ اسمبلی کے مقابلے میں پہلے سال اوسطاً 66 فیصد تک کم رہی۔ 16ویں قومی اسمبلی نے ایجنڈا آئٹمز کی منصوبہ بندی اور نمٹانے کے معاملے میں نسبتاً کمزور کارکردگی دکھائی، پہلے سال کے دوران طے شدہ ایجنڈا آئٹمز کا 49.18 فیصد باقی رہ گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کل 93 اجلاسوں میں سے صرف 17 اجلاسوں میں شرکت کی، وزیر اعظم کی شرکت کل اجلاسوں کا صرف 18 فیصد ہے، بانی پی ٹی آئی کا تناسب 18 یا 19 فیصد تھا۔ نواز شریف 103 میں سے صرف سات اجلاسوں میں شریک ہوئے، قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان 13 گھنٹے اور 28 منٹ کے ریکارڈ شدہ ٹاک ٹائم کے ساتھ سب سے زیادہ بولنے والے ممبر اسمبلی ہیں۔
3
ایشیاء کپ 2025 بھارت کے بجائے یو اے ای میں کروانے کا امکان،کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ایشیاء کپ رواں سال بھارت میں شیڈول ہے، ٹورنامنٹ مجوزہ طور پر ستمبر میں یو اے ای میں کروانے کا قوی امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق ایشیاء کپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کروائے جانے کا امکان ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق وینیو کا حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کرے گی، ایشیاء کپ کے میچز کروانے کیلئے اس وقت سری لنکا اور یو اے ای زیرِ غور ہیں، دونوں وینیوز میں سے کسی ایک کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، رواں سال ہونے والے ایشیاء کپ میں دو ہفتے تک 19 میچز کھیلے جائیں گے، ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت سمیت آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔
4
انٹربینک میں آج روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 279 روپے 72 پیسے پر بند ہوا۔


