اسلام آباد(ای پی آئی):2025 عالمی لاجسٹکس کمپنی ڈی پی ورلڈ نے اپنے “بیونڈ باؤنڈریز” اقدام (Beyond Boundaries Initiative) کے تحت نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ تقریب میں مقامی کھلاڑیوں اور کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک خصوصی طور پر تیار کردہ ری پرپزڈ شپنگ کنٹینرکا افتتاح کردیا۔
پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے موقع پر ڈی پی ورلڈ کے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جنید ضمیر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمیز ندیم خان کے ہمراہ گیارہویں کنٹینر کی رونمائی کی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منتخب کردہ اکیڈمیز کے نوجوان کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹس تقسیم کی گئیں۔ یہ ری پرپزڈ کنٹینر، جس میں جدید چینجنگ روم اور اسکور بورڈ موجود ہیں، مستقل طور پر نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں نصب کیا جائے گا، جو مقامی کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرے گا۔
اس بارے میں جنید ضمیر نے کہا: ” ڈی پی ورلڈ کو پاکستان میں ‘بیونڈ باؤنڈریز’ اقدام لانے پر فخر ہے۔ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں کرکٹ کا جنون عروج پر ہے، اور یہ اقدام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر شروع کیا گیا ہے، جو 1996 کے بعد سے اس ملک میں منعقد ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہے۔ ہم اپنے شراکت دار آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر ان کمیونٹیز کے لیے مثبت تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہیں جہاں کرکٹ کٹس اور کنٹینر کا بڑا مثبت اثر پڑے گا۔ آئی سی سی کو ٹورنامنٹ کی ٹیلی ویژن کوریج کے لیے براڈکاسٹ آلات کی فراہمی میں معاونت سے لے کر اس اقدام کے لیے کنٹینر کی پاکستان منتقلی تک، ڈی پی ورلڈ کے عالمی لاجسٹکس سولوشنز ہر سطح پر کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ “
اس اقدام کےحالیہ مرحلے میں، ڈی پی ورلڈ نے سات ممالک میں گراس روٹ کلبز کو 2750 کرکٹ کٹس فراہم کی ہیں، جس سے ڈی پی ورلڈ نے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں اسکور ہونے والے ہر 100 رنز کے لیے دس کرکٹ کٹس دینے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا: ” پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے، جس نے دنیا بھر میں اپنے کھیل سے شائقین کو محظوظ کیاہے۔ تاہم، کرکٹ کٹس اور سامان مہنگا ہونے کے باعث نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ میں ذاتی طور پر اعلیٰ معیار کی کرکٹ کٹس کی اہمیت کو سمجھتا ہوں، جو کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دیتی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ اقدام ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ “
آج جس کنٹینر کی رونمائی کی گئی اسے ڈی پی ورلڈ کی این-ٹو- اینڈ لاجسٹکس صلاحیتوں کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ دبئی میں تیار ہونے والا یہ کنٹینر تین روزہ سفر کے دوران 1,000 کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کر کے ڈی پی ورلڈ کے جبل علی حب سے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (QICT) کراچی پہنچا ،جہاں سے کنٹینر کو ڈی پی ورلڈ کے فلیٹ بیڈ ٹرک کے ذریعے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم منتقل کیا گیا۔
ہر کنٹینر پر ایک منفرد پینٹنگ (میورل) بنائی گئی ہے، جوایک مقامی آرٹسٹ ڈیزائن کرتا ہے، اور جس کمیونٹی کے لیے یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے اس کی عکاسی کرتا ہے۔ کراچی کے لیے تیار کیے گئے کنٹینر کا آرٹ ورک کراچی سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ ابراہیم گیلانی نے تخلیق کیا ہے۔
آئی سی سی کے چیف کمرشل آفیسر انوراگ داھیا نے کہا: ” جیسے جیسے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ڈی پی ورلڈ نے پاکستان میں گراس روٹ ٹیلنٹ کی معاونت کی ہے۔ ہم نے اس اقدام کے اثرات کو براہ راست دیکھا ہے، اور یہ ضروری تھا کہ ڈی پی ورلڈ کو پی سی بی کے ساتھ جوڑا جائے، تاکہ ان نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی کی جا سکے جنہیں سب سے زیادہ مدد کی ضرورت ہے۔ یہ کوششیں کرکٹ کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔“
پاکستان کرکٹ بورڈکے چیف آپریٹنگ آفیسر اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ٹورنامنٹ ڈائریکٹر، سمیر احمد سیدنے کہا: ” ڈی پی ورلڈ کا “بیونڈ باؤنڈریز” اقدام پاکستان میں گراس روٹ کرکٹ کو مضبوط بنانے کے ہمارے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ معیاری سامان اور وسائل تک رسائی کو بڑھا کر، یہ نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور رینک میں ترقی کرنے میں مدد دے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، اور اس طرح کے اقدامات آئندہ نسل کو متاثر کرنے اور بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم ڈی پی ورلڈ کی کھیل کے ساتھ وابستگی اور گراس روٹ سطح پر دیرپا اثرات چھوڑنے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔“
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران، ڈی پی ورلڈ نے اس کٹس فار رنز (Kits for Runs Program) پروگرام کو جاری رکھا ہے جو 2023ء سے دیگر آئی سی سی ٹورنامنٹس میں بھی جاری ہے ۔ اس سال کے ٹورنامنٹ میں اب تک، ڈی پی ورلڈ نے گراس روٹ کمیونٹیز کو 400کرکٹ کٹس دینے کا عہد کیا ہے ۔