1
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اقتصادی جائزہ پر پاکستان سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا۔کہا گیا ہے کہ توانائی کے شعبے میں لاگت کم کرنے اور معاشی ترقی کی شرح بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ پاکستان کے ساتھ صحت عامہ، تعلیم کے فروغ اور سماجی تحفظ کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 7 ارب ڈالر قرض پروگرام پر جائزہ کے لیے بات چیت ہوئی، پاکستان کیساتھ بات چیت مثبت رہی، مزید بات چیت آن لائن جاری رہے گی۔اعلامیے کے مطابق پاکستان نے موجودہ قرض پروگرام پر سختی سےعمل درآمد کیا، پاکستان کے ساتھ 7 ارب ڈالر قرض پروگرام، کلائمیٹ فنانسنگ اور قرضوں کی ادائیگی کی مینجمنٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔
2
انسداد دہشتگردی عدالت نے 5 اکتوبر احتجاج کیس میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں عمر ایوب کیخلاف تھانہ صدر حسن ابدال میں درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے عمر ایوب کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔
مقدمہ میں نامزد ملزمان مشال یوسفزئی،صنم جاوید اور احد خٹک کی ضمانتوں پر بھی سماعت ہوئی، صنم جاوید عدالت پیش ہو گئیں جبکہ مشال یوسفزئی اور احد خٹک پیش نہ ہوئے ، عدالت نے دونوں ملزمان کی جانب سے دائر حاضری سے ایک روزہ استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔عدالت نے وکلاء صفائی کو19مارچ کودرخواست ضمانت پر بحث کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے چاروں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت 19مارچ تک کے لئے ملتوی کر دی۔
3
سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بنچ 21 مارچ کو عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرے گا۔وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، یہ درخواست 25 مئی 2022ء کو لانگ مارچ مقررہ مقام کے بجائے ڈی چوک تک آنے پر دائر کی گئی تھی۔
4
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہے۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش امتیازی سلوک، نفرت اور تعصب قابل مذمت ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد پیش کرکے پاکستان نے آواز اٹھائی۔ اسلام دینِ رحمت ہے جو امن، محبت، برداشت اور انسانی عظمت کا درس دیتا ہے، بدقسمتی سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پراپیگنڈا کا رجحان پنپ رہا ہے، اسلاموفوبیا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک خطرہ ہے، اسلاموفوبیا کے خاتمے کی ہر کاوش کو سراہتے ہیں، اقوام متحدہ اور تمام عالمی اداے نفرت انگیز رویوں کے خلاف مؤثر اور یقینی اقدامات کریں۔ اقوام عالم کشمیری، فلسطینی اور دیگر مسلمانوں کے جان، مال ،حقوق اور عزت و وقار کی تحفظ کو یقینی بنائے ، انسداد اسلاموفوبیا کے عالمی دن پروزیراعلیٰ مریم نواز کا پیغام
5
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کا اجلاس آج ہو گااجلاس کی میزبانی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کریں گے ، پیپلزپارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن اور قاسم گیلانی شریک ہوں گے جبکہ اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ ، مریم اورنگزیب اور سعد رفیق مسلم لیگ ن کی نمائندگی کریں گے۔ پیپلزپارٹی صوبائی اتھارٹیز میں نامزدگیاں، ترقیاتی فنڈز، بیوروکریسی میں تبادلوں کے معاملات حکومت کے سامنے رکھے گی، حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے شکوے دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
6
کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس غیر معینہ مدت کیلئے معطل،ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے اندرون ملک کے لیے ٹرین سروس کی معطلی کا آج چوتھا روز ہے، ٹرین سروس غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کی گئی ہے جب کہ ضلع کچھی میں ریلوے ٹریک کی مرمت سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہوگی۔ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ عمران حیات نے بتایا کہ کچھی میں پیروکنری کے قریب ٹریک کی مرمت کیلئے ابھی تک سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی، ہماری ٹیمیں مچھ اور مشکاف میں موجود ہیں، ٹریک کی مرمت کا کام سکیورٹی کلیئرنس کےبعد شروع ہوگا،
7
بجلی 30 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی حکومتی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی گئی۔نیپرا کے مطابق درخواست فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے، فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے لیے درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے جمع کرائی۔نیپرا نے درخواست کی سماعت کا نوٹس جاری کردیا ہے، سی پی پی اے کی درخواست پر 26 مارچ کو سماعت کی جائے گی۔
8
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ نہ ہو سکا۔ذرائع کے مطابق معاہدے کیلئے آئی ایم ایف نے ایم ای ایف پی شیئر کر دیا، میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز میں نئی شرائط شامل کی گئی ہیں۔وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ دوسری قسط حاصل کرنے کیلئے ایم ای ایف پی شرائط ماننا ہوں گی، آئی ایم ایف کیساتھ ایم ای ایف پی ایگری کرنے پر معاہدہ طے پا جائے گا۔ ایم ای ایف پی پر وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بنک ایگری کریں گے، ایم ای ایف پی کے تحت نئی شرائط پر آئندہ 6 ماہ میں عملدرآمد کرنا ہو گا، ایم ای ایف پی میں آئندہ بجٹ، کلائمیٹ، توانائی شعبے کیلئے شرائط ہیں۔
9
کمبوڈیا میں نوکریوں کا جھانسہ دیکر پاکستانیوں سے بڑے فراڈ کا انکشاف،کئی سو پاکستانیوں کو کئی ماہ سے یرغمال اور پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔خاص طور پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں بھارتی ایجنٹس پاکستانی نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو ایک سے دو ہزار ڈالرز ماہانہ میں کمبوڈیا میں اچھی ملازمتوں کا لالچ دیا جاتا ہے۔ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور اور کراچی میں بھی نوجوانوں کو ورغلا کر اس روٹ پر بھیجا جارہا ہے، خاتون سمیت 20 سے زائد افراد گزشتہ ہفتوں میں کمبوڈیا سے ایمرجنسی دستاویزات پر ڈی رپورٹ ہوئے۔
10
پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل ہیگلے اوول میں کھیلا جائے گا۔پاکستان نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز کے آغاز سے قبل ہیگلے اوول گراؤنڈ میں روایتی ویلکم ہوئی جس میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شریک ہوئیں، تقریب میں کرائسٹ چرچ کے قدیمی موری ٹرائب کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے پاکستانی ٹیم کو خوش آمدید کہا ، پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ویلکم تقریب کے انعقاد پر میزبانوں کا شکریہ ادا کیا، تقریب میں میزبانوں نے پاکستانی ٹیم کو موری قبائل کی روایات اور تاریخی اہمیت بارے میں آگاہ کیا۔