1
امریکا کا پاکستان سمیت 43 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کرنے پرغور،امریکی میڈیا کے مطابق سفری پابندیوں کا شکار ہونے والے ممکنہ 41 ممالک کی فہرست سامنے آگئی، سفری پابندیوں کا شکار ہونے والے ممکنہ 41 ممالک کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے گروپ میں افغانستان، ایران، شام، کیوبا اور شمالی کوریا سمیت متعدد ممالک شامل ہیں پہلے گروپ میں شامل ممالک پر مکمل سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
دوسرے گروپ میں اریٹریا، ہیٹی، لاؤس، میانمار اور جنوبی سوڈان شامل ہیں، دوسرے گروپ میں شامل ممالک کےسیاحتی اور سٹوڈنٹس ویزا معطل ہوں گے تاہم اس لسٹ میں شامل ممالک کے کاروباری مسافروں کو کچھ شرائط کے ساتھ امریکا میں داخلے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔امریکی میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تیسرے گروپ میں بیلاروس، پاکستان اور ترکمانستان سمیت 26 ممالک شامل ہیں،اس لسٹ میں شامل ممالک کو تنبیہ کی جائے گی کہ 60 دنوں میں نظام میں بہتری نہ لائے تو جزوی ویزا معطلی کا شکار ہوں گے۔
2
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 7 ارب ڈالر قرض پروگرام پر جائزہ کے لیے بات چیت ہوئی، پاکستان کیساتھ بات چیت مثبت رہی، مزید بات چیت آن لائن جاری رہے گی۔اعلامیے کے مطابق پاکستان نے موجودہ قرض پروگرام پر سختی سےعمل درآمد کیا، پاکستان کے ساتھ 7 ارب ڈالر قرض پروگرام، کلائمیٹ فنانسنگ اور قرضوں کی ادائیگی کی مینجمنٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔آئی ایم ایف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ توانائی کے شعبے میں لاگت کم کرنے اور معاشی ترقی کی شرح بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ پاکستان کے ساتھ صحت عامہ، تعلیم کے فروغ اور سماجی تحفظ کے لیے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
3
عمران خان کیخلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر،جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بنچ 21 مارچ کو عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
4
ایف آئی اے نے 3 ماہ میں 7 انتہائی مطلوب سمیت 330 انسانی سمگلرز دھر لیے۔ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی 3 ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 ماہ کے دوران لیبیا کشتی حادثہ 2023 کے 9 اشتہاری انسانی سمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا، یونان کشتی حادثہ 2024 میں ملوث 18 انسانی سمگلرز بھی گرفتار ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مراکش کشتی حادثے 2025 میں ملوث 11 ملزمان بھی ایف آئی اے کی گرفت میں آگئے، انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی 53 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیدادیں ضبط کیں۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے زیر استعمال 5 کروڑ 29 لاکھ روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے، انٹرپول کے ذریعے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے مجموعی طور پر 31 ریڈ نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔
5
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی صنعت کو نقصان پہنچا۔ وزیرِاعظم کاروباری شخصیات کے مسائل کو سمجھتے ہیں، جلد بہترحل دیا جائے گا، وزیرِ اعظم تاجروں کے لیے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔ حکومتی اقدامات سے بیرونی سرمایہ کاری پاکستان آرہی ہے، پالیسی ریٹ میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، ملکی بہتری کیلئے طویل مدتی پالیسیاں بنا کر ان پر عمل کرنا ہو گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر کا لاہور چیمبر کے دورے کے دوران گفتگو
6
ایک ہفتے میں انٹربینک اوراوپن ایکسچینج میں ڈالر کی قیمت بڑھ گئی۔مرکزی بینک کے مطابق ایک ہفتے میں انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 25 پیسے مہنگا ہوا ، امریکی ڈالر 279 روپے 97 پیسے سے بڑھ کر 280 روپے 22 پیسے پر بند ہوا۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ایک ہفتے میں ڈالر 44 پیسے مہنگا ہوگیا ، ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 281 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 281 روپے 86 پیسے پر پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے میں یورو 93 پیسے مہنگا ہوکر 306 روپے 6 پیسے کا ہوگیا ، ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ 1.13 روپے مہنگا ہوکر 365.07 روپے پر جا پہنچا، یو اے ای درہم کی قیمت 5 پیسے اضافے کے ساتھ 76.75 روپے ہو گئی جبکہ ایک ہفتے میں سعودی ریال 22 پیسے مہنگا ہوکر 75.22 روپے پر پہنچ گیا۔
7
لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابقہ ٹویٹر) کی بندش کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں فل بنچ نے ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے وکیل نے درخواستوں کی مخالف کی جبکہ ڈپٹی اٹارنی جرنل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ایکس کو بین کیا۔عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ سے ایکس کے استعمال کی بابت رپورٹ مانگ لی جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی ورکنگ طلب کر لی اور پی ٹی اے کے ذمہ دار افسر کو بھی ریکارڈ سمت طلب کر لیا۔