1
لاہور: برکی روڈ پر سی ٹی ڈی پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر 2 دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے برکی کے نواح میں چھاپہ مارا گیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، کراس فائرنگ میں ایک خودکش دہشتگرد پکڑا گیا جب کہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر اور بارودی مواد برآمدکیا گیا جب کہ فرار ہونے والے دہشتگرد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔
2
چیمپئنز ٹرافی: بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرنیوالے بولر کا خود کو دھمکیاں ملنے کا انکشاف،بھارتی میڈیا کے مطابق ورن چکرورتی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پرفارمنس کے بعد دھمکیاں ملیں، ورلڈکپ کے بعد مجھے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہونا شروع ہوئیں۔
ورن چکرورتی کا کہنا تھا مجھے کہا گیا کہ واپس بھارت نہیں آنا نہیں تو اچھا نہیں ہو گا، لوگ میرا پیچھا کرکے میرے گھر تک پہنچ گئے تھے، ائیرپورٹ سے بھی لوگوں نے میرا پیچھا کیا، جس کے باعث مجھے کئی بار چھپنا پڑا۔بھارتی اسپنر کا کہنا تھا وہ وقت میری زندگی کا مشکل ترین وقت تھا، میں ڈپریشن میں تھا، مجھے لگتا تھا کہ جس قدر ہائپ سے مجھے اسکواڈ میں لیا گیا تھا میں نے اس کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
3
پاکستان نے ڈیوس کپ جونیئرز 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ٹیم پاکستان نے ڈیوس کپ جونیئرز 2025 کے آخری دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کے خلاف 2-1 سے دلچسپ فتح حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس تاریخی جیت کے ساتھ، پاکستان پوری چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہا اور قومی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی صلاحیتوں، عزم اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
4
آئین کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں خالی اسامی 45 دن میں پُر ہونی ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل215 فور کےتحت کمشنریا ممبر الیکشن کمیشن کی خالی اسامی 45 دن میں پُر ہونا ہوتی ہے تاہم 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد الیکشن کمشنریا رکن نئی تقرری تک عہدے پر رہیں گے۔ذرائع الیکشن کمیشن کا بتانا ہے کہ کسی ممبر کے استعفے، انتقال یا نااہلیت پر 45 دن میں سیٹ کا پُر ہونا آئین کےتحت لازم ہے تاہم موجودہ حالات میں یہ نشستیں خالی تصور نہیں کی جا سکتیں۔
5
لاہور میں ایک شہری پر چوری کا الزام لگاتے ہوئے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آیاجہاں ایک شہری پر چوری کا الزام لگایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ متاثرہ ڈرائیورپر ورکشاپ سے ڈیزل اورپیٹرول چوری کرنےکاالزام تھا، جس پر شہری کی مونچھیں، بھنویں، سر کے بال کاٹ دیے گئے۔پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے