1
سندھ حکومت کا ہزاروں طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا اعلان، اقلیتی برادری کےمستقل طلبہ، جنہوں نے گزشتہ سال امتحان پاس اور 50 فی صد ما رکس حاصل کیے ہیں، وہ درخواستیں جمع کروائیں۔اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ درخواست دینے والے طلبہ کے والدین کی ماہانہ آمدنی کم از کم 35 ہزار روپے ہونی چاہیے جب کہ کامیاب ہونے فی طالبعلم کو 25 ہزار روپے اسکالر شپ دی جائے گی۔
2
سپریم کورٹ نے کرسچن کمیونٹی سے امتیازی سلوک کے خلاف درخواست خارج کردی۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار خاتون وکیل کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ "آپ کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا طریقہ کار نہیں آتا، کیا آپ اس سپریم کورٹ کی ایڈووکیٹ ہیں؟” جس پر وکیل نے جواب دیا، "میں ایڈووکیٹ ہائیکورٹ اور اس کیس میں درخواست گزار ہوں۔”جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ "اتنے سینئر وکلاء پیش ہوئے ہیں، کسی نے آواز اتنی اونچی کی ہے؟”
3
قومی سلامتی کی صورت حال پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، جس میں عسکری قیادت کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے بعد اب اجلاس 18 مارچ بروز منگل دن 11 بجے ہوگا۔ ماہ رمضان کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے، قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا وقت دن گیارہ کیا گیا ہے۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اِن کیمرہ منعقد ہو گا، جس میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں عسکری قیادت، پارلیمانی کمیٹی کو ملک کی موجوہ سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران اور ان کے نامزد کردہ نمائندگان شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں متعلقہ اراکین کابینہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
4
خیبر پختونخوا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا، جس میں فائرنگ سے پولیس اہل کار کو قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق بنوں کے تھانہ کینٹ کے علاقے ممش خیل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہل کار کو قتل کردیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے لاش کو اسپتال منتقل کیا۔
5
پی ایس ایل چھوڑنے پر کوربن بوش کو پی سی بی کا قانونی نوٹس،بورڈ نے نوٹس کوربن بوش کی جانب سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے سبب بھیجا ہے۔کوربن بوش کو پشاور زلمی نے پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے آئی پی ایل کو جوائن کرلیا، حال ہی میں ممبئی انڈینز کی جانب سے کوربن بوش کو بطور متبادل اپنے اسکواڈ کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
6
دہشتگردی صوبائی نہیں قومی مسئلہ ہے، وفاقی حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔صوبے میں دہشت گردی کے واقعات اور وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے۔ گزشتہ 3 دنوں میں پولیس نے دہشت گردوں کے متعدد حملے ناکام بنائے ہیں۔بنوں اور لکی مروت میں عوام نے پولیس کے شانہ بشانہ دہشت گرد حملوں کو پسپا کیا۔ خیبر پختونخوا حکومت بہادر پولیس اور غیور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
عوام اور پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یک جہت ہیں۔ عوام کے تعاون کے بغیر شرپسند عناصر کا خاتمہ ممکن نہیں۔جعلی وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے بجائے سیاسی بیان بازی سے گریز کرے۔ دہشت گردی صوبائی نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے اور وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔جعلی وفاقی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کے بجائے صوبے کے فنڈز روک رکھے ہیں۔ صوبے کو معاشی طور پر کمزور کرنا درحقیقت دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔
7
کالعدم تنظیم کے لیے چندہ اکٹھا کرنے والے ملزم کو 10 سال قید اور 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی گئی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم کے لیے چندہ اکھٹا کرنے میں گرفتار ملزم کے مقدمے کی سماعت کی، جس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 10 سال قید اور 60 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ۔دوران سماعت پراسیکیوشن نے دلائل میں بتایا کہ ملزم فہیم خان پر کالعدم تنظیم کے لیے چندہ اکھٹا کرنے کا الزام تھا۔
8
امریکا میں جنگی حالت کا قانون بحال، غیرملکیوں کو بغیر سماعت ڈی پورٹ کیا جاسکے گا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں 1798 کا ایلین اینیمیز ایکٹ نافذ کر دیا، جو جنگی حالت میں دشمن ممالک کے شہریوں کو بغیر سماعت ڈی پورٹ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔اس سے پہلے یہ قانون 1812 کی جنگ، جنگ عظیم اول اور جنگ عظیم دوم میں نافذ کیا گیا تھا۔ تازہ حکم نامے کے تحت وینزویلا کے تمام 14 سال اور اس سے زائد عمر کے شہری، جو TdA تنظیم سے منسلک ہیں اور امریکا میں مستقل شہریت نہیں رکھتے، انہیں گرفتار کرکے ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔
9
26 نومبر احتجاج: بشریٰ بی بی کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع،انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔بشریٰ بی بی کی جانب سے دونوں مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ اور کیسز میں شامل تفتیش کرنے کے حوالے سے درخواستیں دائر کی گئیں جن پر عدالت نے سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔
10
انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز میں مسلسل غیر حاضری پر پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے دیا۔اے ٹی سی کے جج طاہرعباس سِپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کیسز پر سماعت کی۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما واثق قیوم عباسی اور راجہ بشارت سمیت متعدد غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔عدالت نے دستیاب ملزمان کی حاضری کے بعد دونوں کیسز پر مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔
11
سانحہ جعفر ایکسپریس؛ ریاستی اداروں کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والا ملزم بنی گالا سے گرفتار،ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت حیدر سعید کے نام سے ہوئی، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں بنی گالا اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ملزم نے جعفر ایکسپریس سانحے کے دوران اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور تضحیک آمیز مواد شیئر کیا جبکہ ملزم سوشل میڈیا پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اوراس کی تشہیر کرنے میں بھی ملوث پایا گیا۔ملزم نہ صرف ریاستی اداروں کے خلاف زہر آلود مہم چلا رہا تھا بلکہ دہشت گردوں کے حق میں اشتعال انگیز بیانات اور مواد بھی شیئر کرتا رہا۔ ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایف آئی اے
12
پاکستان میں افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم افراد کے لیے آخری ڈیڈ لائن میں 15 دن باقی،حکومت پاکستان نے 31 مارچ تک ان افراد کو پاکستان چھوڑنے کا حکم جاری کیا ہے، حکومت کے فیصلے کے مطابق 31 مارچ تک ان افراد کو اپنے وطن واپس جانا ہوگا۔حکومت پاکستان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ انخلا کے دوران کسی بھی شخص کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جائے گی، اور انہیں واپس جانے کے لیے خوراک اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔تاہم، حکومت نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد ان افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
13
نوشہروفیروز کے علاقے کلہوڑا کالونی بہریا کے وارڈ نمبر 5 میں ایک آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کے گھروں، دکانوں اور ایک شادی ہال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں موجود پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر سے پیٹرول منتقلی کے دوران آگ بھڑک اُٹھی، جس کے بعد آگ نے تیزی سے پھیلنا شروع کر دیا۔آگ کے باعث تین دکانیں، چار گھر اور ایک شادی ہال کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، آگ سے کچھ بھینسیں بھی جل گئیں۔فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، تاہم اس حادثے میں ٹینکر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔