1
سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کی عمران خان سے ملاقاتوں کےکیسز یکجا کرنے کی درخواست منظور،اسلام آباد ہائیکورٹ کےقائم مقام چیف جسٹس سرفرازڈوگر نےرجسٹرارآفس کے اعتراضات کےساتھ سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کی بانی پی ٹی آئی سےملاقاتوں کےکیسز یکجا کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔
وکیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سےملاقاتوں کے ایس اوپیز انٹرا کورٹ اپیل میں طے ہوچکے ہیں، بانی پی ٹی آئی سےملاقاتوں کی درخواستیں مختلف بینچزمیں سماعت کےلیےمقررہیں۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالاجیل کے وکیل کا کہنا تھا ہفتہ میں 5 دن میرے موکل کو اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہونا پڑتا ہے، ایک ہی بینچ میں کیسزمقرر ہونےسےوہ ایک ہی مرتبہ پیش ہوجایاکریں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں سے متعلق کیسز یکجا کرنے کی سپرنٹنڈنٹ اڈیالاجیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے لارجر بینچ بنانے کی ہدایت کردی۔
2
وزیر دفاع خواجہ آصف نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے عہدے سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندوں کی جانب سے خواجہ آصف سے پوچھا گیا کہ اپوزیشن سیکیورٹی لیپس کا ذمہ دارآپ کو قرار دےکراستعفے کا مطالبہ کررہی ہے؟اس سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا مجھے ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے، اگر میرے استعفے سے معاملہ حل ہوتا ہے تو میں حاضر ہوں، مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے بعد ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا پوری قوم ، امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کی مذمت کی گئی لیکن بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی مذمتی بیان نہیں آیا ۔پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے خواجہ آصف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر دفاع اپنی نااہلی کا ملبہ پی ٹی آئی پر ڈال رہے ہیں۔
3
پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنی ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا بدترین ریکارڈ قائم کر دیا۔اتوار کو کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دی۔نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کےخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 91 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 92 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 10.1 اوور میں پورا کر لیا اور 5 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان نے اس بری شکست کے ساتھ اپنی ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا بدترین ریکارڈ بھی بنا دیا۔
4
خیبر پختونخوا: پولیس کے سرچ آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹھکانے تباہ،لکی مروت پولیس نے سرحدی علاقےمیں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا جس میں کالعدم ٹی ٹی پی کےعارضی ٹھکانوں کوبموں سےتباہ کیا گیا۔پولیس کے مطابق کرک اور میانوالی کے سنگم پرپہاڑوں میں قائم کیمپ بھی تباہ کردیا گیا۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا نے کہا کہ عباسہ خٹک اور آس پاس سمیت پنجاب بارڈر کے ساتھ تمام عارضی پناہ گاہیں ختم ہوں گی۔ کلین اپ آپریشن آخری ٹھکانے کےخاتمے تک جاری رہے گا۔اس کے علاوہ خیبر جمرود بائی پاس چوکی پر شدت پسندوں نے حملہ کیا جس میں سپاہی کلیم اور لیاقت زخمی ہوئے جبکہ دہشت گرد زخمی حالت میںفرار ہو گئے۔
5
ترک صدر کا ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ، روس یوکرین جنگ خاتمے کیلئے امریکی اقدامات کی حمایت,غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر خصوصی بات کی۔صدر اردوان نے شام میں استحکام کے لیے امریکا ترک مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور امریکا سے ایف 16 طیاروں کی خریداری کو حتمی شکل دینا بھی ضروری قرار دیا۔
6
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرول کا پیسہ اور وسائل بجلی کی قیمت کم کرنے پر لگائیں گے اور وزیر اعظم جلد بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کریں گے۔ وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد علی پرویز ملک نے لاہور میں کوٹ خواجہ سعید اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے گے جو سیاست چمکانے کی کوشش کرے گا اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔
آئی ایم ایف نے معیشت کی بحالی کیلئے وزیر اعظم کی کاوشوں کو سراہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف مسائل کے حل کیلئے سب کی طرف ہاتھ بڑھائیں گے۔ پیٹرول کا پیسہ اور وسائل بجلی کی قیمت کم کرنے پر لگائیں گے اور وزیراعظم جلد بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کریں گے۔
7
پولیس وردی میں ملبوس شخص نے بزرگ شہر ی کا اے ٹی ایم کارڈ چھین لیا، 6 لاکھ نکلوالیے۔ پولیس کے مطابق 73 سالہ پینشنر کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم لینے والا شخص پولیس وردی میں تھا اور اسے رقم نکلوانےکا10 روز بعد علم ہوا۔بزرگ شہری کے مطابق ملزم نے ان کے اکاؤنٹ سے 6 لاکھ21 ہزار روپے کی رقم نکلوالی۔پولیس کا بتانا ہے کہ بزرگ شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا اورملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔


