1
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ فیک اکاؤنٹس کوہماری سوشل میڈیا آفیشل ٹیم کے بچوں سے منسوب کیا جارہا ہے۔ جس طرح سے ہمارے بچے اُٹھائے گئے یہ قابل مذمت ہے، آپ نے قانون وآئین کا تماشا بنایا ہوا ہے، آج نوجوانوں کے ساتھ ضد لگا کربیٹھ گئے ہیں وہ آپ کو مان لیں، نوجوانوں کو اپنے حقوق کا پتا ہے، جن لوگوں نے بانی کا پیغام گھر گھر پہنچایا یہ وہی نوجوان تھے۔
قوم جب اکٹھی ہوکر اداروں کے پیچھے کھڑی ہوتی ہے تو دشمن کے خلاف زیادہ اعتماد سے لڑاجاتا ہے، یہ جعلی حکومت ہے، یہ ملک کسی کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، قوم کے بچوں کے ساتھ مت لڑیں، اپنے کردار سے ثابت کریں کہ آپ قوم کو اکٹھا کرنا چاہتے ہیں، قوم اکٹھی ہوگی تو مسائل کا حل نکلے گا۔ جو آپ کے ایجنڈے پر نہیں چلتا آپ اس کو انتشاری اورہندوستان کے ساتھ نہیں ملا سکتے، جو بچے اغوا ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، یہ بچے پاکستانی ہیں اور ملک کا مستقبل ہیں، آپ اپنے اورقوم کیلئے مسائل پیدا نہ کریں، دہشتگردی کے مسئلے پر ڈیل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
2
سرپم کورٹ کے آئینی بنچ کے رکن جج نے گلگت بلتستان میں ججز کی تقرریوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل بیٹھ کر مسئلہ حل کریں، کیا حکومتوں کو یہ بھی بتانا پڑے گا کیا کرنا ہے؟جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے مختلف مقدما ت پر سماعت کی۔
سرپم کورٹ کے آئینی بنچ کے رکن جج جسٹس جمال مندو خیل نے گلگت بلتستان میں ججز کی تقرریوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ دونوں حکومتیں مل بیٹھ کر مسئلہ حل کریں، کیا حکومتوں کو بھی بتانا پڑے گا کیا کرنا ہے۔عدالت نے گلگت بلتستان حکومت کی مشروط مقدمہ واپسی پر وفاقی حکومت کا مؤقف طلب کر لیا اور جی بی حکومت سے بھی تحریری مؤقف طلب کر لیا۔سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔
2
اوورسیز پراپرٹی ایکٹ 2024 کے تحت اسلام آباد میں خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔سمندر پار پاکستانیوں کے جائیداد کے تنازعات کے جلد حل کیلئے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے اس سلسلے میں خصوصی عدالتیں نامزد کرنے کی ہدایت کردی۔
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز نامزدگی کا اختیار سیشن ججز کو دے دیا۔اس حوالے سے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری قانون و انصاف کو خط لکھا ہے، جس کے مطابق سیشن ججز ایسٹ اور ویسٹ اوورسیز خصوصی عدالتیں نامزد کریں گے، خط میں کہا گیا ہے کہ زیر التوا کیسز اور جوڈیشل افسران کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے سیشن کورٹس میں ججز نامزد کریں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اوورسیز پراپرٹی ایکٹ کے تحت وزارت قانون سیشنز ایسٹ اور ویسٹ کے نوٹیفکیشن جاری کرے۔جسٹس خادم حسین سومرو سمندر پار پاکستانیوں کے پراپرٹی سے متعلق کیسز اور اپیلیں سنیں گے، اس حوالے سے قائم مقام چیف جسٹس کی منظوری سے ڈپٹی رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
3
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزامعطلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست تیار کرلی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا۔درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ 17 جنوری کو سنائی جانے والی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی دی جائے ، مرکزی اپیل کے حتمی فیصلے تک فیصلے اور سزا کو معطل کیا جائے۔
4
کراچی بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز تبادلے کیخلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی۔درخواست ایڈووکیٹ فیصل صدیقی کے توسط سے دائر کی گئی ہے جس میں صدر پاکستان، وفاق اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں رجسٹرار لاہور، اسلام آباد، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹ کو بھی فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر شدہ ججز اور متاثرہ ججز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کی نئی سینارٹی کو کالعدم قرار دیا جائے، قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ کی تقرری کے نوٹیفکیشن کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔
5
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کے کیسز یکجا کر کے لارجر بنچ بنانے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے کیسز یکجا کرنے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔
عدالت میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبد الغفورانجم کی طرف سے نوید ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے ایس او پیز انٹرا کورٹ اپیل میں طے ہو چکے ہیں، عمران خان سے ملاقاتوں کی درخواستیں مختلف بنچز میں سماعت کیلئے مقرر ہیں۔وکیل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی درخواستیں یکجا کر کے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے، اڈیالہ جیل کے ہزاروں قیدیوں کے معاملات سپرنٹنڈنٹ نے دیکھنے ہوتے ہیں، ہفتے میں 5 دن ان کو اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہونا پڑتا ہے، ایک ہی بنچ میں کیسز مقرر ہونے سے ایک ہی دفعہ وہ پیش ہو جایا کریں گے۔
6
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث انڈیکس ایک لاکھ 16 ہزار پوائنٹس کی حد پر بحال ہوگیا۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہندرڈ انڈیکس ایک لاکھ 16 ہزار 626 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔


