1
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ کی ملاقات،آئی ایس پی آرکے مطابق بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی، دو طرفہ عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران آرمی چیف نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون کی اہمیت پر زور دیا، خطے میں امن اور استحکام کیلئے بھی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
2
لاہور ہائیکورٹ نے جعلی ویڈیو کیخلاف وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی درخواست ایف آئی اے رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے جعلی ویڈیو کیخلاف وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی درخواست پر سماعت کی، ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ وفاقی حکومت کے وکیل اسد باجوہ نے پیش کی۔
وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، دو ملزمان گرفتار ہوئے، دونوں ملزمان کا چالان عدالت میں جمع ہو چکا ہے، اشتہاری ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
3
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہائی پاور سلیکشن بورڈ پر ایف بی آر کے افسران کی ترقی روکنے کا حکم امتناع ختم کر دیا۔ کہا اب ہائی پاور سلیکشن بورڈ اپنا کام جاری رکھے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف بی آر کے وکیل کی حکم امتناع ختم کرنے کی استدعا منظور کر لی، ہائی پاورسلیکشن بورڈ پر ایف بی آر کے گریڈ 21 سے 22 میں افسران کی ترقی روکنے کا حکم امتناع ختم کر دیا گیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا، عدالت نے قرار دیا کہ حکم امتناع کی وجہ سے ہائی پاور سلیکشن بورڈ کی کارروائی عارضی طور پر معطل تھی، ہائی پاور سلیکشن بورڈ کو ایک ماہ میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔درخواست گزار کی کوشش کے نتیجے میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے، ایف بی آر کے تیرہ مارچ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں افسران کو ایڈمن پول میں رکھنے کیلئے پیرا میڑز طے کئے گئے ہیں۔ اب ہائی پاور سلیکشن بورڈ کو کام سے روکنے کا حکم امتناع برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں، کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
4
خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس کے لئے 14 نکات پر مشتمل ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت کابینہ اجلاس رات 9 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔اجلاس کے دوران ہائبرڈ سکیورٹی ماڈل کی منظوری کابینہ سے لی جائےگی، خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کی بورڈ آف گورنرز کے ممبران اور چیئرپرسن کی منظوری بھی لی جائے گی۔
5
خیبرپختونخوا میں جوڈیشل افسران کیلئے ویلفیئر فنڈز کے قیام کا فیصلہ،اس حوالے سے وزیر قانون اور محکمہ خزانہ کے اراکین پر مشتمل کمیٹی نے فنڈز کے قیام کی منظوری دے دی۔دستاویز کے مطابق ویلفیئر فنڈز صحت، حادثات، قدرتی آفات اور دیگرمعاملات میں مالی معاونت کرے گا، فنڈز کو خیبرپختونخوا جوڈیشل آفیسرز ویلفیئر فنڈز بل 2025 کا نام دیا گیا ہے، فنڈز کے قیام میں ہر جوڈیشل افسر ماہانہ کے حساب سے پیسے جمع کریں گے۔دستاویز میں کہا گیا کہ مجوزہ بل کے تحت فنڈ مینجمنٹ سمیت دیگر معاملات کو طے کیا جائے گا، فنڈز کے قیام کو قانونی شکل دینے کیلئے کابینہ سے بھی منظوری لی جائے گی۔
6
شیخوپورہ کے نواحی علاقے شرقپور میں پولیس نے اغوا کی جانے والی ماں اور اس کی 2 بیٹیوں کو لاہور سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ڈی پی او بلال ظفر کے مطابق شرقپور کے علاقے مہتمم شریف سے ملزم طارق نے خاتون ثناء اور اس کی بیٹیوں کو گھر سے اغوا کیا، اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرکے مغوی خواتین کو لاہور سے بازیاب کرا کر ملزم طارق کو گرفتار کر لیا۔ادھر مغوی خاتون ثناء نے الزام عائد کیا کہ ملزم طارق اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا،
7
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کا سلسلہ برقرار ہے۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، 700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 16 ہزار 973 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
8
پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہ گیامرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر ملکی کرنٹ اکاؤنٹ میں خسارہ اور سالانہ بنیاد پر سرپلس رہا اور پاکستان کو مسلسل دوسرے مہینے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق فروری میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر خسارے میں رہا اور جنوری کے 40 کروڑ ڈالر خسارے کی نسبت فروری میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں97 فیصد کمی آئی۔
9
بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم وائٹ بال سیریز کھیلنے کیلئے مئی میں پاکستان آئے گی۔پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین 20 اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے اختتام کے بعد یہ سیریز کھیلی جائے گی۔ گزشتہ سال بھی بنگلا دیش کی ٹیم پاکستان آئی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے گئے تھے۔دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان مئی میں سیریز منعقد کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔