اسلام آباد(ای پی آئی )سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی بول نیوز کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالہ سے لیا گیا ازخود نوٹس کیس کی سماعت ، آئینی بینچ نے ملازمین کو پیمراشکایات کونسل میں درخواست دائر کرنے کی ہدایت ۔

تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میںجسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس نعیم اخترافغان ، جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 5 رکنی آئینی بینچ نے مرحوم محمد پرویزشوکت اور محمد عظیم کی جانب سے بول نیوز کے سابق مالک شعیب احمد شیخ اور دیگرکے خلاف عدالتی حکم کے باوجودرپورٹرز اورکارکنوں کو تنخواہوںاوربقایا جات کی عدم ادائیگی پر دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے میرافضل بطور وکیل پیش ہوئے۔ وکیل کاکہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بول نیوز کے رپورٹرز اور کارکنوںکوتنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ازخود نوٹس لیا تھا اور کمیشن مقرر کیا تھا جس کی وجہ سے لوگوں کوتنخواہوں کی ادائیگی کی گئی۔

جسٹس عامر فاروق کاکہنا تھا کہ پیمرا ایکٹ میں ترمیم کرکے پیمراشکایات کونسل بنائی گئی ہے، پیمراشکایات کونسل مضبوط ادارہ ہے وہاں جائیں کلیم کریں اوراگر تنخواہیں نہیں ملیں تووہ دیں گے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل کادرخواست گزاروں کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ عجیب بات کررہیے ہیں، اب ہرچیز کویہاں لے کرآئیں گے۔ جسٹس امین الدین خان کاکہنا تھا کہ پیمرامیں شکایت دائر کریں۔ عدالت نے درخواستیں نمٹادیں۔