1
تحریک انصاف کا پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ، ہم نے اس اجلاس میں شریک ہونے سے انکار کر دیا ہے، یہ فیصلہ ہم نے گزشتہ روز سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا، تحریک انصاف کا کوئی نمائندہ اجلاس میں نہیں جائے گا تاہم علی امین گنڈا پور بطور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ میں نے کل سپیکر قومی اسمبلی کو مشروط خط لکھا ہے، ہمیں کورٹ آرڈر کے ساتھ بھی بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جاتا ہے، کل ایک اچانک قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا، اچانک اجلاس بلایا گیا مگر ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اس وقت ملک کی خود مختاری کا مسئلہ ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلایا جائے، بانی پی ٹی آئی اس وقت ایک بڑے لیڈر ہیں ان کو اعتماد میں لئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے، بانی پی ٹی آئی کو اعتماد میں لئے بغیر عوامی سپورٹ نہیں ملے گی۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ غیر آئینی وزیراعظم کی دعوت پر قومی سلامتی کے اجلاس میں کیسے جائیں؟ پاکستان انتہائی خطرناک دور سے گزر رہا ہے، دوران الیکشن رات 9 بجے کے بعد جیتی پارٹیوں کو زور پر ہرایا گیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس حکومت پر اعتماد نہیں کرتے، عدلیہ میں ریفارمز کر کے اس کو بھی کمزور کر دیا گیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آن بورڈ لئے بغیر جو بھی فیصلہ کیا گیا وہ عوامی فیصلے نہیں ہونگے، عوام قبول نہیں کرے گی۔
2
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔پی ٹی آئی نے آج اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان اول اور آخر ان کی ترجیح ہے، وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کیلئے اہمیت نہیں رکھتے۔
3
23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں تقریب ہوگی۔صدر مملکت آصف علی زرداری یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، تقریب میں وزیر اعظم اور تمام سروسز چیفس شرکت کریں گے، تقریب کے دوران صدر مملکت قومی پرچم لہرائیں گے۔اس موقع پر پاک آرمی کے دستے کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کو سلامی پیش کی جائے گی۔پاک فضائیہ کا دستہ بھی ایوان صدر کے اوپر فلائی پاسٹ کرے گا، تقریب میں غیرملکی سفیروں اور دیگر اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
4
جعفر ایکسپریس حملے کے 9 میں سے 8 زیر علاج زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ سے ڈسچارج کر دیا گیا۔سول ہسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ کے مطابق واقعے کا 1 مریض اب بھی ٹراما سینٹر میں زیرِ علاج ہے۔11 مارچ کو جعفر ایکسپریس حملے کے 13 زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ لایا گیا تھا، 16 زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 10 زخمی تاحال زیرِ علاج ہیں۔
5
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطرپربھی کمرشل بینکوں کو نئے نوٹ جاری کرنے کی روایت برقرار رکھی ہے۔عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے سٹیٹ بینک نے بیان جاری کر دیا ہے۔سٹیٹ بینک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمرشل بینکوں کو عوام کیلئے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی جاری ہے، سٹیٹ بینک، بینکوں کے وسیع، ملک گیر برانچ نیٹ ورک کے ذریعے عوام کی نئے بینک نوٹوں تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے کوشاں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ رواں سال ماہِ رمضان کے دوران اب تک کمرشل بینکوں کی 17000 برانچوں کو تمام مالیتوں میں 27 ارب روپے کے نئے بینک نوٹ فراہم کئے گئے ہیں۔