1
قومی سلامتی کمیٹی کا نیشنل ایکشن پلان اور عزم استحکام کی حکمت عملی پر فوری عمل درآمد پر زور،اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں ہونے والے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔کمیٹی نے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے انعقاد میں سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں میں ختم کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔کمیٹی نے ریاست کی پوری طاقت کے ساتھ اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے اسٹریٹجک اور ایک متفقہ سیاسی عزم پر زور دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کے لیے قومی اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔
2
پنجاب اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرمین سمیع اللہ خان کی سربراہی میں جاری ہے، جس میں مختلف ترمیمی بلز پیش کیے گئے۔حکومتی رکن امجد علی جاوید نے "دی پنجاب لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سیکسیشن سرٹیفکیٹس ترمیمی بل 2025ء” اور "دی یونیورسٹیز اینڈ انسٹیٹیوشن لاز ترمیمی بل 2025ء” ایوان میں پیش کیے۔
اسی طرح حکومتی رکن ذوالفقار شاہ نے "دی نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس لاہور ترمیمی بل 2025ء” ایوان میں پیش کیا۔اپوزیشن رکن وقاص محمود مان نے "دی فیکٹریز ترمیمی بل 2025ء” اور "دی پنجاب انڈسٹریل ریلیشنز ترمیمی بل 2025ء” بھی ایوان میں پیش کیے۔
3
خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پولیس سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکمہ خزانہ اور پولیس کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں پولیس کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیر اعلی نے پولیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 5.5 ارب روپے فوری جاری کرنے کی منظوری دی۔ اس رقم میں سے 3 ارب روپے پولیس گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ اور جدید آلات کی خریداری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع کی سطح پر جدید آلات سے لیس اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکنیک ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جبکہ پولیس تھانوں اور چیک پوسٹوں کو محفوظ بنانے کے لیے 1.3 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
4
وزیر داخلہ محسن نقوی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے غیرحاضر،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نام قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء کی فہرست میں شامل تھا تاہم وہ غیر حاضر رہے۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی بیرون ملک ہونے کے باعث قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔وزیر داخلہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے دبئی گئے تھے۔ تب سے ان کی طبعت ناساز تھی اور وہ دبئی میں ہی قیام پذیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی آج شام وطن واپس پہنچیں گے۔
5
انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای کیپ) کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 9 پیسے مہنگا ہو کر 282 روپے 7 پیسے پر پہنچ گیا، جبکہ انٹربینک میں بھی 9 پیسے اضافے کے بعد ڈالر کی قدر 280 روپے 26 پیسے ہوگئی۔
6
عالمی و مقامی منڈیوں میں گولڈ کی قیمت میں پھر بڑا اضافہ،جس کے بعد قیمتیں ایک مرتبہ پھر بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق امریکی ٹیرف اقدامات اور چین کی خریداری سے گولڈ مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی ، پاکستان میں 24 کیرٹ فی تولہ سونا 2250 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 17 ہزار 350 ورپے کا ہو گیاہے ۔10گرام سونے کے بھاؤ 2186 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 72 ہزار 76 روپے پر پہنچ گیاہے ، عالمی منڈی میں فی اونس کی قیمت میں 25 ڈالر اضافہ دیکھنے میں آیا اور تین ہزار سے تجاوز کر گیا ،