1

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا ہے کہ سندھ کا پانی چوری کرنا برداشت نہیں، تحریک انصاف دفاع کرے گی۔پاکستان تحریک انصاف سندھ عوام کا دفاع کرے گی۔ سندھ میں نہریں نکالنے پر دھرتی خاموش نہیں ہو گی۔ یہ جذبات پاکستان بھر کے وکلا کے ہیں۔ ہم سندھ کے وکلا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سندھ کا پانی چوری کرنا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ سندھ کے کچھ لوگ اپنے مخصوص مفادات کی خاطر سندھ کا سودا کر رہے ہیں۔ کوئی سمجھتا ہے کہ میں زندگی بھر صدر رہوں گا کوئی سمجھتا کوئی چاہتا ہے میں مستقبل میں وزیراعظم بنوں گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر حامد خان اور لطیف کھوسہ کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو
2
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سنا دیا، جس میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے عدالت نے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
عمر ایوب کے خلاف 26 نومبر احتجاج کے مقدمات درج ہیں۔ اس حوالے سے عمر ایوب خان عدالت پیش نہیں ہوئے اور ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان بھی عدالت میں نہیں آئے۔دریں اثنا عدالت نے صنم جاوید کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔
3
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومتی پارٹیوں کا قومی سلامتی پر گھریلو اجلاس قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے حکومت، اپوزیشن اور ریاستی اداروں کا مشترکہ قومی ایکشن پلان ناگزیر ہو چکا ہے۔ لیاقت بلوچ نے حکومت کو مشورہ دیا کہ صوبوں کی شکایات کے ازالے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے تاکہ صوبوں کے مسائل حل کیے جا سکیں۔
سستی بجلی کے لیے قوم عید کے بعد ایک بڑی تحریک کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہی حکومت کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دلا سکتا ہے۔ فلسطینیوں کے قتل عام کا سلسلہ امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور مسلم دنیا کو اس کے خلاف سخت موقف اختیار کرنا ہوگا۔
4
عالمی بینک نے پاکستان کیلیے 102 ملین ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔ورلڈ بینک کے مطابق قرض کی رقم میکروکریڈٹ اور میکروفنانس کے لیے استعمال ہو سکے گی۔ قرض کی اس رقم سے 18 لاکھ 90 ہزار افراد مستفید ہو سکیں گے۔غریب اور کم آمدن والے گھرانوں کو قرض دیا جا سکے گا۔عالمی بینک
5
جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیوں سے دستی بم برآمد،پولیس کے مطابق جعفر ایکسپریس کی بوگیاں گزشتہ رات کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پہنچا دی گئیں، جس میں 3 بوگیوں سے 4 دستی بم برآمد ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے جب کہ مزید کو بھی ناکارہ بنایا جا رہا ہے۔ریلوے ذرائع کے مطابق گزشتہ رات گئے پہنچائی جانے والی بوگیوں کو ریلوے لوکو شیڈ پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کی مرمت کی جائے گی۔
6
محکمہ محنت خیبر پختونخوا کا انقلابی اقدام، ای مزدور کارڈ متعارف کرنے کا فیصلہ ،س حوالے سے صوبائی وزیر برائے محنت فضل شکور خان کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری لیبر، وائس کمشنر ای ایس ایس آئی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو ای مزدور کارڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس کارڈ میں مزدوروں کی انٹری آف سروس، شفٹنگ سمیت دیگر تمام اہم معلومات دستیاب ہوں گی۔
فضل شکور خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ای مزدور کارڈ کے اجرا کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ مزدور طبقہ اس کے فوائد سے مستفید ہوسکے۔ محکمہ محنت میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور نظام میں بہتری اور شفافیت لانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے، ڈیجیٹائزیشن سے محکمہ محنت میں شفافیت آئے گی۔
7
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی اور ہم دہشت گرد ہیں تو پھر بات ختم ہوگئی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ کل جب قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تو علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پہلے یہ طے کر لیں کہ دہشتگرد کون ہے ؟ اس وقت انسداد دہشت گردی عدالتوں میں سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے کیسز چل رہے ہیں ۔
اگر بانی پی ٹی آئی اور ہم دہشتگرد ہیں پھر تو بات ختم ہو گئی ہے ۔ اگر 70 فیصد ووٹ لینے والی جماعت دہشتگرد ہے تو مطلب پاکستان دہشتگرد ہے ۔ کل کے اجلاس سے پوری دنیا میں بہت غلط تاثر پیدا ہوا ۔ آصف زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اسٹبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھیں ۔ بہتر یہی ہے کہ ایک قومی حکومت تشکیل دی جائے۔ پاکستان کو آگے لے کر چلیں، اب بھی بہت نقصان ہو چکا ہے۔
8
انسداد دہشت گردی عدالت میں مغلپورہ، زمان پارک اور جناح ہاؤس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 5 مقدمات میں فواد چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے 16 اپریل تک توسیع کر دی ۔
9
جدہ سے اسلام آباد آنے والے عمرہ زائرین 4 دن سے پرواز کے منتظر،جدہ سے نجی ایئرلائن کی پرواز تاخیر کا شکار ہے اور پرواز کا وقت پانچویں مرتبہ تبدیل کردیا گیا ہے۔
پرواز کا وقت بار بار تبدیل کیے جانے کی وجہ سے جدہ سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کا 3 دن کا انتظار چوتھے دن میں داخل ہوگیا ہے اور اب نئے شیڈول کے مطابق فلائٹ ساڑھے 4 بجے شام کو جدہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔
10
‏خیبرپختونخوا کےعوام فتنتہ الخوارج کیخلاف متحد، سیکورٹی اہلکار کے اغوا کی کوشش ناکام،سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں چھٹی پر آئے سیکیورٹی اہلکار کےگھر کا محاصرہ کرنے والے مسلح افراد کے خلاف مقامی افراد متحد ہوگئے۔ مقامی افراد نے فتنہ الخوارج کے ہاتھوں سیکیورٹی اہلکارکو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق تیراہ کے رہائشیوں نے واضح کیا کہ ہمارا دہشت گردوں سے کوئی لینا دینا نہیں۔
ہمیں امن سے جینے دیں۔ ہم فوجی کو حوالے نہیں کریں گے۔ اس سے قبل کرک میں بھی عوام نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ملکر خوارج کے حملے کو پسپا کیا تھا۔ اسی طرح بنوں میں 14 اور 15 مارچ کی درمیانی رات خوجڑی پولیس چوکی پر حملے کے دوران مقامی افراد نے پولیس کے ساتھ ملکر خوارج کو مار بھگایا۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ فتنے کا دور ہے اور ہم اس فتنے کو ختم کر کے دم لیں گے۔ ہم پولیس کے ہمراہ کھڑے ہیں۔
11
خیبرپختونخوا گندم اسکینڈل: محکمہ خوراک کے دو افسران کی ضمانت مسترد،اینٹی کرپشن عدالت نے گندم اسکینڈل میں ملوث محکمہ خوراک کے دو افسران کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔اسپیشل جج اینٹی کرپشن عدالت میں محکمہ خوراک کے افسران عاطف خان اور جنید باچا کی ضمانت درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے دونوں افسران کی درخواست مسترد کردی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان اضاخیل کے سرکاری گودام میں تعینات تھے اور دیگر ملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرکے گودام سے 30 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں غائب کیں، جس سے قومی خزانے کو 19 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق انکوائری کے بعد چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد دونوں درخواست گزاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
12
قرآن کی تعلیم لازمی قرار دینے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کرلیا۔سپریم کورٹ میں قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کی درخواست پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے کی۔عدالت میں وفاق، پنجاب اور بلوچستان حکومتوں نے اپنے جوابات جمع کروا دیے جب کہ سندھ اور خیبرپختونخوا حکومت نے جوابات جمع کرانے کے لیے وقت مانگا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ جواب کے مطابق وفاقی حکومت نے قرآن پاک کی تعلیم کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ حکومت کو اپنا کام کرنے دیں، عدالت کیوں مداخلت کرے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ بچہ پیدا ہوتا ہے تو اسے مادری زبان سکھائی جاتی ہے پھر اردو اور انگلش۔وکیل نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 31 واضح ہے کہ قرآن کی تعلیم اور اسلامیات الگ ہیں۔ عدالت نے سندھ اور کے پی حکومت سے قرآن پاک کی لازمی تعلیم کے معاملے پر جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔
13
لاہور سے جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 30 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کر لیے گئے۔اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 37 کروڑ سے زائد مالیت کی 1138.11 کلو گرام منشیات برآمد کر لی اور 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 30 عدد ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کر لیے گئے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کے قریب ملزم کے قبضے سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ بلوچستان میں ماشخیل بارڈر کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 840 کلو گرام افیون اور 150 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ چمن کے علاقے میں چھپائی گئی 84 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
14
نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق نوشہرہ کے علاقے کلان میں خشبکی روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اے ایس آئی کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔پولیس افسر الیاس گاؤں سے ڈیوٹی کے لیے نوشہرہ کینٹ آر ہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ گولی لگنے سے پولیس افسر الیاس خان سے گاڑی بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد جمع کرکے لاش کو اسپتال منتقل کیا۔
15
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں اسمارٹ کلاس رومز اور ڈیجٹیل لیب بنا رہے ہیں۔پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈیجیٹل لرننگ ڈے پربیان میں کہا کہ ڈیجیٹل لرننگ کے دور میں ترقی ٹیکنالوجی اور جدید تعلیم سے مشروط ہے۔ پنجاب کے نوجوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ممکنہ مواقع فراہم کر رہے ہیں۔سی ایم لیپ ٹاپ اسکیم پنجاب کے طلبہ کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا-
لاہور میں پاکستان کا پہلا منفرد نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ٹوئین ٹاور رواں سال مکمل کر لئے جائیں گے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پلگ اینڈ پلے کال سینٹر ہب بھی قائم ہوگا۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں نوجوانوں کو آئی ٹی ایجوکیشن اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔
16
پاکستانی جرگہ کے سربراہ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے ایڈوائزر سید جواد حسین کاظمی نے ایکسپریس نیوز کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ افغان جرگہ نے اپنے حکام کو مشترکہ جرگہ کے فیصلے پر راضی کرلیا ہے، جس کے تحت طورخم تجارتی گزرگاہ کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سید جواد حسین کاظمی کے مطابق، افغان جرگہ نے افغان حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے حوالے سے پاکستانی جرگہ کو آگاہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ طورخم سرحد کو ہرقسم کی آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے گا۔ آج صبح 9 بجے طورخم سرحد پر پاکستان اور افغان سیکورٹی حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد تجارتی گزرگاہ کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا۔