1
وزیر اعظم شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ،وزیراعظم شہباز شریف 22 مارچ تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے، ان کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
وزیر اعظم کے دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، ملاقات میں دونوں رہنما اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے، عالمی اور علاقائی حالات بالخصوص غزہ اور مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی۔
2
سپریم کورٹ آف پاکستان نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کر دی۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کرنے کا مقصد عدلیہ کے احتساب اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کی توثیق ہے، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی بدعنوانی سے پاک ماحول کو فروغ دینے اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کیلئے پر عزم ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ تقریباً پانچ ماہ میں 7633 نئے مقدمات دائر ہوئے، 11779 مقدمات پر فیصلے ہوئے، نئے ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی سے مقدمات کے فیصلوں میں مزید تیزی آئے گی۔
اس میں کہا گیا کہ بطور چیف جسٹس پاکستان یقین دلاتا ہوں سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا مقدمہ کا فیصلہ بہت جلد میرٹ پر ہوگا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص کیس فکس کرنے، نقل کے حصول یا کسی بھی کام کیلئے رشوت طلب کرے تو فوراً اطلاع دیں۔اعلامیہ کے مطابق میں چیف جسٹس پاکستان رشوت اور سفارش کے متعلق عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں، چیف جسٹس پاکستان آپ کو یقین دلاتا ہوں رشوت طلب کرنے والے کی اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا، رشوت کی شکایت کی فوراً شنوائی ہوگی۔
3
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چینی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات جاری ہیں اور وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں کے معاملے پر کمیٹی قائم کی تھی۔رانا تنویر حسین کی سربراہی میں چینی کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور کمیٹی کے اجلاس میں شوگر ملز مالکان کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔ایک ماہ تک چینی کی قیمت ایکس مل ریٹ 159 روپے ہوگی اور یقینی بنایا جائے گا کہ چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 164 روپے سے زائد نہ ہو، 274 سستے بازاروں میں چینی 130 روپے فی کلو فراہم کی جا رہی ہے، ملک میں چینی کی کوئی قلت ہے نہ ہوگی۔
4
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے موسم بہار 2025 کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔اسلام آباد میں تقریب کے دوران وزیراعظم نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ رحمتوں اور برکتوں والے ماہ مقدس رمضان المبارک میں 2025 کی شجرکاری مہم کا آغازکر دیا گیا ہے جس کے دوران چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں تقریباً 4 کروڑ 17 لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ ہے جس میں پوری قوم اور بالخصوص نوجوان اور کسان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں بہت مدد دیتے ہیں، شجرکاری سے بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب
5
ایف آئی اےکی انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 اشتہاریوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کی شناخت خلیل اللہ، مرجان علی اور حارث خان خلیل کے نام سے ہوئی۔پشاور میں واقع ٹریول ایجنسی کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا گیا اور ملزم حارث خان خلیل کو گرفتار کیا گیا، ملزم بغیر لائسنس ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا، کارروائی کے دوران ملزم سے 4 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے۔
ملزم خلیل اللہ اور مرجان علی کو چھاپہ مار کارروائی میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان 2024 میں درج کیے گئے مقدمات میں مطلوب تھے، ملزمان شہریوں کو امریکی ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔ترجمان ایف آئی اے
6
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں سال کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس کی حد بحال کرنے میں کامیاب رہا۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ٹریڈنگ کے دوران 1200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار 243 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے، جبکہ کم سے کم انڈیکس کی سطح ایک لاکھ 16 ہزار 882 پوائنٹس رہی۔تاہم کاروبادی دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں انڈیکس 972 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ 1 لاکھ 17 ہزار 974 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
7
ارجنٹینا کے سٹار فٹبالر لیونل میسی انجری کے باعث ورلڈ کپ کوالیفائرز کے 2 میچز سے باہر ہوگئے۔انٹر میامی کے فاروڈ میسی اٹلانٹا یونائیٹیڈ کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔انٹر میامی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ میسی کو کم درجے کی انجری ہے لیکن میسی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز میں 21 مارچ کو یوروگوائے اور 25 مارچ کو برازیل کے خلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے۔


