1
احتجاج روکنے پر 5 سال میں ایک ارب 35 کروڑ روپے خرچ ہوگئے۔وزارت داخلہ نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔وزارت داخلہ کے تحریری جواب کے مطابق مالی سال 2019،20 کے دوران ریڈ زون میں احتجاج روکنے پر 15 کروڑ 77 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔رپورٹ کے مطابق 2020،21 کے دوران اس مد میں نو کروڑ 61 لاکھ جبکہ 2021،22 میں 27 کروڑ 8 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے۔ مالی سال 2022،23 کے دوران ریڈ زون میں احتجاج روکنے کیلئے 72 کروڑ 40 لاکھ اور 2023،24 میں 10 کروڑ سے زائد کے اخراجات آئے۔
2
سپریم کورٹ کا بڑا اقدام، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی گئی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کہتے ہیں مقدمہ مقرر کروانے کیلئے کوئی رشوت طلب کرے تو فوری آگاہ کیا جائے۔ سپریم کورٹ اینٹی کرپشن کا اہلکار شکایت کنندہ سے مسلسل رابطے میں رہے گا، درج کرائی گئی شکایات کا فیصلہ ایک ماہ جبکہ پیچیدہ معاملے کا 2 و ماہ میں ہوگا۔
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ رشوت اور سفارش کیخلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن پر شکایات بذریعہ واٹس ایپ، ای میلز اور ٹیلی فون کالز درج کرائی جاسکتی ہیں، شکایت کنندہ کا نام خفیہ رکھتے ہوئے فوری کارروائی کی یقین دہانی کراتا ہوں۔سپریم کورٹ کی اولین ترجیح عوام کو فوری انصاف پہنچانا ہے، 5 ماہ کے دوران سپریم کورٹ میں 7 ہزار 633 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 11 ہزار 779 مقدمات کو نمٹایا گیا۔
3
کراچی میں خسرے کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی،2 ماہ میں 5 بچے جاں بحق ،کراچی میں خسرہ تیزی سے پھیل رہا ہے،ضلع شرقی کا علاقہ بیماری کی لپیٹ میں ہے،دو ماہ کے دوران پانچ بچےجاں بحق ہوگئےجبکہ ایک سو چالیس بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔یکم جنوری سےآٹھ مارچ کےدوران خسرے کےشکارساڑھےپانچ سو بچوں کا سرکاری اسپتالوں میں علاج کیا گیا، سب سےزیادہ متاثرڈسٹرکٹ ایسٹ کےعلاقے ہوئے۔ڈاکٹروں کےمطابق خسرے کے دو حفاظتی ٹیکےپیدائش کے نو اور پندرہ ماہ بعد لگتے ہیں،لیکن بعض بچے اس سے پہلے ہی بیماری کاشکار ہوکر اسپتال لائےگئے۔
4
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 141 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف،بی آئی ایس پی میں مالی ضابطگیوں کا انکشاف آڈٹ رپورٹ 24-2023ء میں کیا گیا۔ آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی افراد کو شناختی کارڈ کے بغیر ہی ادائیگیاں کردی گئیں۔ تعلیمی وظائف کا بھی غلط استعمال ہوا۔ مستحقین کے اکاؤنٹس سے نقد رقم بھی نکالی گئی۔رپورٹ کے مطابق 93 لاکھ میں سے 30 لاکھ 77 ہزار سے زائد مستحقین کی فیملی کا شناختی کارڈ موجود نہیں، شناختی کارڈ کے بغیر ہی 116 ارب 95 کروڑ روپے سے زائد ادائیگی کی گئی۔آڈٹ حکام کے مطابق رقم سرکاری ملازمین، بزنس مین یا غیر مستحق افراد میں تقسیم ہونے کا خدشہ ہے۔
54 لاکھ 35 ہزار 533 طلبا کو حاضری لگائے بغیر ایک کروڑ 38 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔آڈٹ حکام کے مطابق 70 فیصد حاضری کی شرط پوری نہ کرنے والے 57 ہزار 833 طلباء کو 15 کروڑ 42 لاکھ دے دیئے گئے۔ غیر مجاز طلباء کو اسکالرشپس کی مد میں ایک کروڑ 15 لاکھ سے زائد کی ادائیگیاں کی گئی۔ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل ہونے والوں کو بھی 4 ارب سے زائد کی خلاف ضابطہ ادائیگی کی گئی۔ غیر متعلقہ اضلاع سے 45 کروڑ 47 لاکھ روپے کی کیش گرانٹ نکالنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
بی آئی ایس پی فنڈ سے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو 60 لاکھ سے زائد دے دیئے گئے، تعلیمی وظائف میں طلباء کی خلاف ضابطہ انرولمنٹ، 28 لاکھ ادا بھی کردیئے گئے۔نشوونما پروگرام کے تحت ساڑھے 5 کروڑ روپے کی اضافی ادائیگی کی گئی، آڈٹ رپورٹ میں خردبرد کی گئی 4 کروڑ کی رقم کی عدم ریکوری کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ انکم ٹیکس کی مد میں 3 کروڑ روپے کی کم کٹوتی کی گئی۔
5
لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ نگار چوہدری کیعبوری درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے سے فرانزک رپورٹ طلب کرلی۔لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس فاروق حیدر نےنگارچوہدری کی عبوری ضمانت پرسماعت کی،درخواست گذار نے موقف اختیارکیا کہ اس کیخلاف حقائق کےبرعکس مقدمہ درج کیاگیا،عدالت عبوری ضمانت منظور کرے دوران سماعت ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عدالت میں پیش ہوئےاوربتایاکہ انکے پاس پانچ ویڈیو آئیں، یہ ویڈیو مختلف چینلزکودی گئیں،لیکن یہ ویڈیو نگارچوہدری نےاپ لوڈ نہیں کیں۔عدالت نےویڈیو اورآوازکافرانزک کروانےکی ہدایت کی تھی جس پرعملدرآمد کرتے ہوئے آواز اور ویڈیو فرانزک کیلئے بھجوادی ہیں،عدالت نےفرانزک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نگارچوہدری کی عبوری ضمانت میں سات اپریل تک توسیع کردی۔
6
ترکی کے اہم ترین شہر استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق میئر استنبول اکرم امام اوغلو کو گرفتار کرلیا گیا، ان پر کرپشن کے الزامات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں، اس سے پہلے استنبول یونیورسٹی نے میئر کی ڈگری بھی جعلی قرار دی تھی۔رپورٹ کے مطابق اکرم امام اوغلو اپوزیشن جماعت ریپبلکن پیپلز پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار ہیں اور انہیں صدر اردوان کے متبادل کے طور پر دیکھا جارہا ہے، صدارتی امیدوار کیلئے یونیورسٹی ڈگری کی شرط پوری کرنا ہوگی۔
7
بنگلادیش کے 15 کرکٹرز کو ملائیشیا میں گرفتار کرلیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کے 15 کرکٹرز کو ملائیشیا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹرز کا ایک گروپ ملائیشیا میں ٹورنامنٹ کے سلسلے میں جارہا تھا۔ ملائیشین حکام نے بتایا کہ جس ٹورنامنٹ میں شرکت کا بتایا گیا اس کا وجود ہی نہیں تھا، جس کے بعد تمام کرکٹرز کو گرفتار کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کی بارڈر کنٹرول اینڈ پروٹیکشن ایجنسی نے یہ کارروائی مکمل کی، کرکٹرز کو 17 مارچ کو کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔