1
طلاق کے مقدمے میں عدالت کا شوہر کو گھریلو کاموں کے عوض بیوی کو 98 لاکھ روپے ادا کرنیکا حکم،وسطی چین کی ایک عدالت میں دائر مقدمے میں خاتون نے مطالبہ کیا تھا کہ شوہر کی جانب سے طلاق کے تصفیے کے تحت 50 ہزار یوآن ادا کیے جائیں۔مگر عدالت نے اپنے حکم میں شوہر کو ڈھائی لاکھ یوآن (98 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ادا کرنے کی ہدایت کی۔
خاتون نے مقدمے کی درخواست میں کہا تھا کہ اس نے بیوی کے طور پر شوہر کے گھر میں جو گھریلو کام کیے اس کا معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں سب کو دنگ کر دیا اور بیٹی کو خاتون کے حوالے کرنےکے ساتھ ساتھ اس کی پرورش کا خرچہ اٹھانے کا حکم دیا۔اسی طرح شوہر کو حکم دیا گیا کہ وہ خاتون کو ڈھائی لاکھ یوآن ادا کرے جو اس کے برسوں کے گھریلو کاموں کا معاوضہ ہوگا۔
2
برطانوی ائیر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس، پاکستانی ائیرلائنز کی پروازوں پر پابندی ہٹنے کا امکان، برطانیہ میں قومی ائیرلائن سمیت دیگر پاکستانی ائیرلائنز پر 5 سال سے لگی پابندی کے معاملے پر برطانوی ائیر سیفٹی کمیٹی کا اہم اجلاس کل 20 مارچ کو ہوگا۔اس حوالے سے سول ایوی ایشن حکام کا بتانا ہے کہ برطانوی ائیر سیفٹی کمیٹی تمام پاکستانی ائیرلائنز کے کیس پر غور کرے گی۔ امید ہے کل برطانوی ائیر سیفٹی کمیٹی پاکستانی ائیرلائنز کی پروازوں پر پابندی ہٹا دےگی اور برطانیہ میں بھی پاکستانی ائیرلائنز بحال کی منظوری بھی دی جائے گی۔
3
: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔رینکنگ میں پاکستانی بیٹر بابراعظم ایک درجے تنزلی کے بعد 8 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں اورمحمد رضوان کا 9 واں نمبر ہے۔رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ 20 درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر اور نیوزی لینڈ کے فن ایلن بھی 8 درجے ترقی کے بعد 18 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی بولرز میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین کا پہلا نمبر ہے جب کہ پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 20 میں شامل نہیں۔
4
سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگزئی کی بیٹی کی جانب سے نجی ائیرلائن کی ائیر ہوسٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ 18 مارچ کو کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی سرین ائیر کی فلائٹ میں پیش آیا جس میں سابق کمشنر کوئٹہ افتخار جوگزئی بیٹی صائمہ کے ساتھ سفر کررہے تھے اور دونوں نے کوئٹہ ائیر پورٹ پر چیک ان کرتے وقت بھی عملے سے بدتمیزی کی۔
طیارے میں داخل ہونے کے بعد فضائی عملہ مسافروں کو سیٹ بیلٹ باندھنے سمیت دیگر ہدایات دیتا ہے اور اس دوران خاتون فضائی میزبان نے صائمہ جوگزئی سے بھی سیٹ بیلٹ باندھنے اور کھانے کی میز بند کرنے کو کہا تو اس پر سابق کمشنر کی بیٹی صائمہ جوگزئی آپے سے باہر ہوگئی۔
مبینہ طور پر سابق کمشنر افتخار جوگزئی اور ان کی بیٹی صائمہ جوگزئی نے غیرشائستہ زبان استعمال کی اور طیارے میں شورشرابہ شروع کردیا۔فضائی میزبان نے کپتان کو معاملے سے آگاہ کیا اور باپ بیٹی کی جانب سے ہنگامہ آرائی جاری رکھنے پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کو رن وے سے واپس لے آیا جب کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کو طیارے میں فوری طور پر طلب کرلیا گیا۔
5
کوئٹہ: سکیورٹی خدشات کی بناء پر یونیورسٹیز میں تدریسی عمل آن لائن کردیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ کی یونیورسٹیز میں تدریسی عمل سکیورٹی خدشات کی بناء پرغیرمعینہ مدت کے لیے آن لائن کردیا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی اور آئی ٹی یونیورسٹی میں تدریسی عمل معطل ہے اور یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل آن لائن کردیاگیا ہے۔


