1
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہفتے میں دو دن منگل اور جمعرات جیل میں ملاقات بحال کرتے ہوئے میڈیا ٹاک نہ کرنے کا حکم دے دیا۔بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر لارجر بینچ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم پر مشتمل لارجر بینچ نے سماعت کی۔جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملے گا وہ میڈیا ٹاک نہیں کرے گا اور عمران خان کے کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ جو نام دیں گے صرف وہی ملاقات کر سکے گا۔
2
اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی کارکن حیدر سعید کی ضمانت بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے پی ٹی آئی کارکن حیدر سعید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ملزم کے وکیل تابش فاروق عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ یہ مزید انکوائری کا کیس ہے، حیدر سعید کو اغوا کیا گیا تھا۔ انہوں نے مختلف اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے بھی دیے اور کہا کہ ملزم کسی آرگنائزیشن کا سربراہ نہیں اور نہ ہی بغاوت کی ہے۔ جج عباس شاہ نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے الزامات سے متعلق استفسار کیا، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم نے مس انفارمیشن پھیلائی اور بی ایل اے کی پوسٹ کو ری پوسٹ کیا۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ ان پوسٹوں سے عوام میں کوئی اشتعال نہیں پھیلا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جس اکاؤنٹ سے بی ایل اے کی پوسٹ ری پوسٹ کی گئی، وہ ایک ویریفائیڈ اکاؤنٹ ہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
3
انسدادِدہشتگردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر سے متعلق 7 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے 7 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کردی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اورکیس میں شامل تفتیش ہونے کیلئے بھی درخواست دائرکی گئی۔
4
انسدادِدہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی بھی 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں 5 مئی تک توسیع کردی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل ،عالیہ حمزہ اور کنول شوزب کی جانب سے سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ پی ٹی آئی رہنما مشعال یوسفزئی ،نادیہ خٹک اورفلک ناز چترالی عدالت میں پیش ہوئیں۔شعیب شاہین ،علی بخاری ،عمیر نیازی، تیمور جھگڑا ،علی ضمان، عبدالطیف و دیگر ضمانتوں میں توسیع کردی گئی۔عدالت نے کہا کہ ضمانت کی جتنی درخواستیں آچکی ہیں سب کو اکٹھا سنا جائے گا۔ عدالت نے تمام ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا ،ترنول اور کوہسار میں 26 نومبر احتجاج پر مقدمات درج ہیں۔
5
لاہور ہائیکورٹ: مہنگائی کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی۔رمضان المبارک کے دوران چینی سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔صوبائی حکومت نے عدالت میں جواب جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ رمضان تقریباً گزر چکا ہے، حکومت رولز پر عملدرآمد کیوں نہیں کروا رہی۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ حکومت کے پاس سب کچھ موجود ہے پھر بھی قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جا رہا۔عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دے دی۔
6
آئی پی ایل 2025 میں ریٹائرمنٹ کی افواہوں پر مہندر سنگھ دھونی نے خاموشی توڑ دی۔سابق بھارتی کپتان نے کہا اگر میں وہیل چیئر پر بھی ہوا تو میں پھر بھی لیگ کا حصہ بنوں گا۔ چنئی سپر کنگز کے ہمراہ دھونی اپنا 18 واں سیزن کھیلنے جا رہے ہیں وہ پانچ مرتبہ ٹیم کو چیمپئن بنانے والے کپتان بھی رہے ہیں۔ ان کی جگہ اب رتوراج گائیکواڈ کو چنئی سپر کنگز کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سے ہی دھونی کے آئی پی ایل مستقبل پر افواہیں گردش کر رہی ہیں تاہم ان کا کہنا ہے یہ میری فرنچائز ہے اگر میں وہیل چیئر پر بھی ہوا تو یہ پھر بھی مجھے منتخب کریں گے۔
7
لاہور میں غیر ملکی بن کر نوسربازی کرنے والا گروہ گرفتار،ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گروہ نے بینک سے رقم نکلوانے والے شہری سے کرنسی ایکسچینج دفتر کا پتہ پوچھا اور پاکستانی کرنسی دیکھنے کی فرمائش کی جیسے ہی شہری نے رقم دکھائی، ملزمان رقم چھین کر فرار ہوگئے۔گروہ میں دو مردوں کے ساتھ ایک خاتون بھی شامل تھی۔ پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کی۔سیف سٹی آفیسرز نے کیمروں کے ذریعے ملزمان کو ٹریک کیا جس پر پولیس نے شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
8
لاہور ہائیکورٹ میں نظر بندی قانون معطل ہونے کا مرکزی کیس سماعت کیلیے مقرر،عدالت نے 27مارچ کو مرکزی کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے پنجاب حکومت کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔وکیل پنجاب حکومت نے موقف اپنایا کہ عدالت نے زینب عمیر اور دیگر کی درخواست پر نظر بندی قانون کا سیکشن معطل کر رکھا ہے، استدعا ہے کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
9
پولیس کے مبینہ تشدد اورحبس بیجا کیخلاف لاہوربار کی ماتحت عدالتوں میں ہڑتال،پولیس کی جانب سے وکلاء پر مبینہ تشدد اور حبس بے جا میں رکھنے کے معاملے پر لاہور بار کے ماتحت عدالتوں میں آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے۔ وکلاء نے ماتحت عدالتوں میں پولیس کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی۔لاہور بار نے اے ایس پی اور چوکی انچارج کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔وکلا کے مطابق پولیس نے نائب صدر اور رکن پنجاب بارکونسل پر مبینہ طور پر تشدد کیا اور حبس بے جا میں رکھا۔ لاہور بار نے وکلا کا جنرل ہاؤس اجلاس بھی آج طلب کرلیا۔
10
اسمگلنگ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے اس لیے پاکستان میں بھی حکومت نے معیشت کی بحالی اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اسمگلنگ کے خلاف ایک مؤثر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔حکومت کے اس کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ ہفتے ملک بھر سے 23,770 سگریٹ کے اسٹاک، 195 کپڑے کے تھان اور 0.114 ملین لیٹر ایرانی تیل ضبط کیے گئے ہیں۔ یکم ستمبر 2023 سے لے کر اب تک، 13,471.5 میٹرک ٹن کھاد اور 3,794.64 میٹرک ٹن آٹا بھی ضبط کیا جا چکا ہے۔یہ تمام کارروائیاں اسمگلنگ کے خاتمے اور قانونی تجارتی عمل کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اب تک 35,134.61 میٹرک ٹن چینی اور 44,40,276 سگریٹ اسٹاک بھی ضبط کیے جا چکے ہیں۔ انسدادِ اسمگلنگ کریک ڈاؤن کے تحت ملک بھر میں 1,63,921 کپڑے کے تھان اور 24.172 ملین لیٹر ایرانی تیل بھی ضبط کیا گیا ہے۔
11
حالیہ رپورٹس کے مطابق قطر میں مقیم بھارتی آئی ٹی انجینئر امت گپتا کو ریاستی سیکیورٹی نے گرفتار کر لیا ہے۔امت گپتا پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں ڈیٹا چوری اور دیگر ممالک کے لیے جاسوسی شامل ہے۔امت گپتا، جو کہ معروف آئی ٹی فرم "ٹیک مہندرا” میں سینئر عہدیدار کے طور پر کام کر رہے تھے، کو تین ماہ سے قطری حکام کی حراست میں رکھا گیا ہے۔قطری سیکیورٹی کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کسی قسم کی وضاحت فراہم نہیں کی گئی، جس سے معاملے کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے۔رپورٹس کے مطابق، گپتا کے والدین نے اپنے بیٹے سے ملاقات کے لیے قطر جانے کی کوشش کی، تاہم قطری حکام نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی۔بھارتی پارلیمنٹ کے رکن ہیمنگ جوشی نے اس واقعے کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گپتا کے والدین کو ملاقات کی اجازت نہ ملنا ایک سنگین مسئلہ ہے۔
12
ٹرمپ کا بڑا اعلان: 5 لاکھ تارکین وطن کو 24 اپریل تک امریکا چھوڑنے کا حکم،صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک بدری کی سب سے بڑی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے، خاص طور پر لاطینی امریکی ممالک کے تارکین وطن کو ملک سے نکالنے پر زور دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ منگل کو جاری کیے جانے والے صدارتی حکم نامے کے تحت نافذ ہوگا، اور وفاقی رجسٹر میں شائع ہونے کے 30 دن بعد متاثرہ افراد قانونی تحفظ سے محروم ہو جائیں گے۔صدارتی حکم کے مطابق، اگر ان افراد نے کوئی متبادل امیگریشن اسٹیٹس حاصل نہ کیا تو انہیں 24 اپریل تک امریکہ چھوڑنا ہوگا۔
13
ایف آئی اے نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج کر لیا۔تحقیقات کے مطابق ارمغان 2018 سے غیر قانونی کال سینٹرز چلا رہا تھا جہاں سے ماہانہ 3 سے 5 لاکھ ڈالرز کی غیر قانونی آمدنی کرپٹو کرنسی میں منتقل کی جاتی رہی۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کرپٹو کرنسی کو مختلف کمپنیوں کے ذریعے فروخت کرنے میں بھی ملوث پایا گیا۔ منی لانڈرنگ کیس میں مزید پیش رفت کے تحت کرپٹو کرنسی کی فروخت سے حاصل کی گئی رقم سے خریدی گئی 8 بیش قیمت گاڑیاں بھی منجمد کر دی گئی ہیں۔
14
آئی ایم ایف نے جائیداد لین دین پر ٹیکس میں کمی کی درخواست مسترد کر دی۔ذرائع کے مطابق مارچ 2025ء کے اہداف کم کرنے پر بھی اتفاق نہیں ہوا جبکہ ٹیکس میں کمی پر کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ایف بی آر کی ودہولڈنگ ٹیکس میں 2 فیصد کمی کی درخواست بھی منظور نہ ہو سکی۔ تمباکو اور مشروبات پر ٹیکس میں نرمی سے بھی انکار کر دیا گیا۔اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پاکستان کو مزید یقین دہانیاں کروانی ہوں گی جبکہ صوبوں کو گندم کی خریداری میں مداخلت سے روکنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔


