1
وزیراعظم کی رمضان ریلیف پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 63 فیصد مستحقین کو رقم پہنچائی جا چکی ہے، ایسے تمام مستحق افراد جن کو رقم مل چکی ہے ان کی تمام تر دستاویزی تفصیلات موجود ہیں، رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے 2224 ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں، اب تک ڈیڑھ ملین سے زیادہ مستحقین کو ٹیلیفون کالز کی جاچکی ہیں۔دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کر دی۔
2
پنجاب اور خیبرپختونخوا بارڈر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن کے مطابق یہ ایوان پنجاب پولیس کی بہادری کو سراہتا ہے، جنہوں نے کورٹ مبارک کے قریب خوارج کی جانب سے کئے گئے حملے کو انتہائی پروفیشنل انداز میں ناکام بنایا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے نہ صرف دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے بلکہ صوبے میں ممکنہ دہشتگردی کی منصوبہ بندی کو بھی ناکام بنا دیا۔
3
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل (25 اپریل) دن 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
4
رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں رکاوٹ کے حوالے سے کہا کہ فتنہ پھیلانے والے کئی لوگ ہیں جو ملاقات میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، جب بانی پی ٹی آئی عمران خان بلائیں گے تب ملاقات کیلئے جاؤں گا۔ بانی پی ٹی آئی 26 نومبر کی معافی کیوں مانگیں؟ 26 نومبر کو گاڑیاں بھی ہماری چھینی گئیں اور مقدمات بھی ہم پر بنائے گئے، تحریکِ انصاف کی پوری قیادت مقدمات میں نامزد ہے، کسی دن پی ٹی آئی کا کوئی ایک رہنما عدالت ہوتا ہے تو کسی دن دوسرا عدالت پیش ہوتا ہے۔میڈیا سے گفتگو
5
سندھ حکومت نے 4 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔یہ اعلان حکومتِ سندھ کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر کیا گیا ہے، صوبائی حکومت نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق 4 اپریل کو سندھ میں تمام سرکاری اور نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بھی تعطیل ہو گی۔
6
عدالت کی لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت،سندھ ہائی کورٹ میں مختلف علاقوں سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔عدالت میں بتایا گیا ہے کہ اورنگی ٹاؤن سے لاپتہ شہری عبدالوہاب گھر واپس آ گیا ہے اس حوالے سے پولیس نے شہری کی واپسی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس پر عدالت عالیہ نے شہری عبدالوہاب کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی۔وکیل درخواست گزار نے بتایا ہے کہ ایک شہری رسول خان سائٹ ایریا سے لاپتہ ہے اور شہری کی بازیابی کے لیے پولیس نےکوئی کارروائی نہیں کی۔عدالت نے لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی۔
7
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عرفان پٹھان پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے سیزن میں سنگین الزامات عائد کردیئے گئے اور انہیں کمنٹری پینل سے بھی باہر کردیا گیا۔بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ عرفان پٹھان کو آئی پی ایل 2025 کے کمنٹری پینل سے بھارت کئی کرکٹرز کی شکایت پر ہٹا دیا گیا ہے اور چند ایک کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ وہ جانب دارانہ کمنٹری کرتے ہیں۔عرفان پٹھان پر بھارتی کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ وہ چند مخصوص کھلاڑیوں کے خلاف ذاتی ایجنڈا چلاتے ہیں۔ عرفان پٹھان گزشتہ دو سال کے دوران مخصوص کھلاڑیوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کو بی سی سی آئی کے عہدیدار اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران دیئے گئے ایک بیان کی وجہ سے ایک کرکٹر نے عرفان پٹھان کا نمبر بھی بلاک کردیا جس کی وجہ سے تنازع میں شدت آگئی ہے۔
8
بنگلا دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال کو میچ کے دوران سینے میں درد کی شکایت پر فوری ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ابتدائی طور پر تمیم کی ہسپتال منتقلی کے لیے ایک ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا گیا تاہم ہیلی کاپٹر کی اڑان کے مسئلے کی وجہ سے انہیں قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔واقعہ ٹاس کے فوراً بعد 50 اوورز کے میچ کی پہلی اننگز میں پیش آیا، تمیم اقبال محمڈن اور شائن پوکر کے درمیان میچ کی پہلی اننگز میں فیلڈنگ کر رہے تھے۔
9
پشاور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ملزم کو 13 سال قید کی سزا سنا دی۔عدالت نے ملزم خان محمد کو ڈھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔اے ٹی سی نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر ملزم کو مزید 15 ماہ قید بھگتنا ہو گی۔


