1
صدر مملکت نے ملکی دفاع میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملٹری افسران میں فوجی اعزازت تقسیم کردیے۔ایوان صدر میں فوجی اعزازت دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔ آغاز پر قومی ترانے کی دھن پیش کی گئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی دفاع میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو فوجی اعزازت سےنوازا۔کیپٹن سید عامر رضا کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔ ایئر مارشل محمد سرفراز کو ہلال امتیاز (ملٹری)، ایئرمارشل کاظم حماد کو ہلال امتیاز (ملٹری) ایئر مارشل شکیل غضفر اور میجر جنرل سعید الرحمان کو بھی ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
2
پاکستان اسٹیل کرپشن کیسز کا 12 سال بعد ڈراپ سین ہوگیا۔سندھ ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے پاکستان اسٹیل کے سابق چیئرمین اور دیگر ملزمان کے خلاف اپیلیں واپس لینے پر خارج کردیں۔ جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں جسٹس حسن اکبر پر مشتمل بینچ کے روبرو احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نیب نے 5 ریفرنسز میں اپیلوں کی سماعت کی۔ نیب نے پاکستان اسٹیل کے سابق چیئرمین اور دیگر ملزمان کے خلاف اپیلیں واپس لے لیں۔ عدالت نے اپیلیں واپس لینے پر خارج کردیں۔ ملزمان کی بریت کے خلاف دائر اپیلیں نیب بورڈ کی سفارش پر واپس لی گئیں۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے پاکستان اسٹیل میں کرپشن کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ چیئرمین اسٹیل معین آفتاب، ثمین اصغر اور دیگر ملزمان کے خلاف 12 ریفرنس بنائے گئے تھے۔ 2021 میں احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو بری کردیا تھا۔ معین آفتاب شیخ، ثمین اصغر اور دیگر پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام تھا۔ملزمان کی پیروی شوکت حیات جبکہ نیب کی پیروی شہباز سہوترا نے کی تھی۔
3
اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ؛ عدالت نے سینیٹ اجلاس کی آئندہ تاریخ طلب کرلی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کی۔ وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل بابر اعوان نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹس ہوا تھا کچھ جوابات آگئے ہیں، دو فریقین جیل سپرٹنڈنٹ اور آئی جی جیل خانہ جات کا جواب تاحال نہیں آیا۔قائم مقام چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ابھی سینیٹ کا اجلاس تو نہیں ہے نا؟بابر اعوان نے بتایا کہ نہیں اجلاس تو نہیں لیکن سینیٹ کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے، جس کمیٹی کا اجلاس ہے اس نے بھی کہا کہ پیش کریں۔قائم مقام چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ عید کے بعد کی تاریخ رکھ دیتے ہیں تب تک آپ آئندہ سینیٹ اجلاس کی تاریخ پتہ کر لیں۔عدالت نے سینیٹر اعجاز چوہدری کی درخواست پر سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔
4
پشاور ہائی کورٹ نے اے این پی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی کی دہشتگردوں کی دوبارہ آبادی کی انکوائری کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست خارج کردی۔دہشت گردوں کی دوبارہ آباد کاری کے خلاف دائر درخواست پر 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔اس میں کہا گیا کہ درخواست گزار سینیٹ کے ممبر ہے، پارلیمنٹ میں اس معاملے کو اٹھا سکتے ہیں، وفاقی حکومت انکوائری کمیشن قائم کرسکتی ہے، درخواست گزار کا جو دعویٰ ہے، دہشتگردوں کی دوبارہ آباد کاری گزشتہ منتخب حکومت کا فیصلہ تھا۔اس میں کہا گیا کہ فائل پر موجود رکارڈ کے مطابق درخواست گزار نے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کا کوئی ثبوت نہیں دیا، جوڈیشل کمیشن بنانے کا اختیار حکومت کے پاس ہے، عدالت حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی، درخواست گزار اپنی شکایت متعلقہ فورم پر لے جاسکتے ہیں، درخواست پر خارج کیا جاتا ہے۔
5
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2002 پوائنٹس کی بڑی نوعیت کی مندی کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا ہے جس میں ہنڈریڈ انڈیکس گھٹ کر 116439پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے۔مارکیٹ میں مندی سے سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
6
کراچی کے علاقے ملیر سٹی بچل گوٹھ کھوکھراپار چمن کالونی میں غلط انجیکشن لگنے سے 15 سالہ لڑکی نصرت بی بی کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں نامزد ڈاکٹر، اس کے داماد اور بیٹی کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد واحد بخش کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں قتل بالسبب اور غفلت و لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔والد کے بیان کے مطابق ان کی بیٹی طبیعت خراب ہونے پر والدہ کے ہمراہ ڈاکٹر رشید کے کلینک گئی، جہاں غلط انجیکشن لگنے کے بعد اس کی حالت بگڑ گئی۔جب والد کلینک پہنچے تو بیٹی کے منہ سے جھاگ نکل رہا تھا، جبکہ ڈاکٹر رشید، اس کا داماد اور بیٹی موقع پر موجود تھے۔ دوا لانے کے بعد والد کو معلوم ہوا کہ بیٹی انتقال کرچکی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکٹر رشید کا داماد امجد اور بیٹی کلینک میں بطور اسٹاف کام کرتے تھے۔ حکام نے تفتیش شروع کردی ہے اور ڈاکٹر سمیت کلینک اسٹاف کی اسناد بھی چیک کی جا رہی ہیں۔
7
29 آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی کیلئے حکومت کی بات چیت مکمل، آئندہ ہفتوں میں معاہدے کا امکان،سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) اور 7 آئی پی پیز کی ٹیرف نظرثانی کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی، آئی پی پیز نے ابنارمل پرافٹ پرنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے تحقیقات کو بند کرنے کی درخواست کی۔سی پی پی اے نے کہا کہ فیول اور آپریشن اینڈ مینٹیننس کی مد میں آئی پی پیز سے رقم ریکورکرلی گئی، فیول اورآپریشن اینڈ مینٹیننس کی مد میں بچت کو حکومت کے ساتھ شئیرکیاجائے گا۔نمائندہ پاورٹیک نے مطالبہ کیا کہ ہمارے خلاف سوموٹو پروسیڈنگز کو واپس لیا جائے۔رپورٹ کے مطابق معاہدوں پر نظر ثانی کیلئے حکومت کی 29 آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت مکمل ہوگئی ہے اور آآئندہ ہفتوں میں مزید آئی پی پیز کے ساتھ بھی معاہدے ہونے کا امکان ہے۔نیپرا میں دوران سماعت سی پی پی اے کی اتھارٹی کو معاہدوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے، نمائندہ نارووال انرجی نے کہا کہ فرنس آئل کی قیمتوں کا بھی کوئی میکانزم ہونا چاہئیے۔