1
اسلام آباد تھانہ کراچی کمپنی کی حدود جی ایٹ ون میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے دو شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔دونوں شہریوں کو زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
2
خیبر: باڑہ بازار میں ڈاکوؤں نے نجی بینک کو لوٹ لیاڈی پی او رائے مظہر اقبال کے مطابق ڈکیتی کا یہ واقعہ آج صبح 9 بجے پیش آیا، واردات میں پانچ ڈاکو ملوث تھے، جن میں سے ایک بینک کے باہر کھڑا رہا، جبکہ چار اندر داخل ہوئے اور بینک لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈکیتی کی تحقیقات جاری ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔
3
الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے خلاف اسپیکر ریفرنس پر کارروائی چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نا اہلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت ہوئی۔ ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔ جمشید دستی اور درخواست گزار کے وکلا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جمشید دستی کے خلاف اثاثہ جات میں غلط بیانی پر نا اہلی کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ جمشید دستی کی ڈگری بھی جعلی ہے۔الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کے خلاف اسپیکر ریفرنس پر کارروائی چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹشنرز کو ریفرنس کی کاپی جمشید دستی کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو 9 اپریل تک تمام درخواستوں پر جواب جمع کروانے کی بھی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 9 اپریل تک ملتوی کردی۔
4
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں شریک بنگلادیشی کرکٹرز کو این او سی جاری کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) لٹن داس، ناہید رانا اور رشاد حسین کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کیلئے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) دینے کی آمادگی ظاہر کردی ہے۔وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کو کراچی کنگز نے منتخب کیا جبکہ لیگ اسپنر رشاد حسین اور فاسٹ بولر ناہید رانا کو 13 جنوری کو ہونے والے پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ میں بالترتیب لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
5
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری سعودی عرب سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات دے رہی تھیں۔ پنجاب میں یومِ پاکستان منانے پر پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ قابلِ مذمت ہے۔گزشتہ رات مساجد سے بھی کارکنوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ جعلی راجکماری سعودی عرب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات دے رہی تھیں۔ فارم 47 کی وزیر اعلیٰ مریم نواز رمضان میں بھی فسطائیت سے باز نہیں آ رہیں۔ یومِ پاکستان پر عوامی سمندر نے جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم دے دیا۔ عوام نے حقیقی آزادی اور عمران خان کی رہائی کا عہد کیا ہے۔ خیبر سے کراچی تک عوام کے جمِ غفیر نے فارم 47 مافیا کو اس کی اصل حیثیت یاد دلا دی۔ اگر جعلی حکومت میں رتی برابر بھی شرم و حیا باقی ہے تو وہ فوراً مستعفی ہو جائے۔
6
وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ماہ جرمنی کا دورہ کریں گے۔ جہاں وزیراعظم معذوروں کی عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ جرمنی کو شیڈول کیا جا رہا ہے، یکم اپریل سے تین اپریل تک جرمنی دورے کا امکان ہے۔وزیراعظم کانفرنس کی سائیڈ لائن پر اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
7
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپر مافیا کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی کراچی کو ایک ہفتے کے لئے میرے حوالے کریں، اگر ایک بھی ڈمپر کا حادثہ ہوا تو گورنر شپ سے استعفی دے دوں گا۔حیدرآباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مختلف اہم مسائل پر اپنی رائے دی اور شہر کی ترقی کے لئے اقدامات کا اعلان کیا۔ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا ہے، جو ہمارے ہی بچوں کو کچل رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر میئر کراچی کو ان کے زیر نگرانی دے دیا جائے تو شہر کی پرانی سڑکیں فوری طور پر بحال کر دی جائیں گی۔