لاہور(ای پی آئی)لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ سے لئے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ جب چیزیں پبلک ہو گئیں تو باقی کیوں چھپائی جا رہی ہیں۔
تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں 1947 سے ابتک توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس عاصم حفیظ نے اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی ،سیکشن آفیسر توشہ خانہ ندا رحمان لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہو گئیں۔
ندارحمان نے کہاہم نے کمیٹی بنا دی ہے جو دیکھ رہی ہے کون سی تفصیلات فراہم کر سکتے ہیں،عدالت نے کہاکہ توشہ خانہ کی تفصیلات نہیں دے سکتے تواس کی وجوہات بتائی جائیں،جب چیزیں پبلک ہو گئیں تو باقی کیوں چھپائی جا رہی ہیں،عدالت نے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی


