1
سیشن عدالت لاہور نے قتل میں ملوث ملزم محمد عمران عرف صابی کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے اسے سزائے موت اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل سیشن جج چوہدری شاہد حمید نے فیصلہ سنایا۔ ملزم کے خلاف 2021 میں تھانہ رائیونڈ سٹی میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نے اپنے بھتیجے علی شان کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ پراسیکیوٹر ساجد سعید بھٹی نے عدالت میں شواہد پیش کیے، ملزم کے خلاف تیرہ گواہوں نے بیان قلمبند کرائے۔
2
عمران خان کی جانب سے وکلا کے ذریعے توشہ خانہ ٹو کیس بار بار ملتوی کرنے پر وجوہات بتانے کی درخواست دائر کردی گئی۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بار بار ملتوی کرنے پر وجوہات بتانے کے لیے اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت میں درخواست دائر کردی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کروائی جائے اور بانی پی ٹی آئی کی حاضری بھی لگوائی جائے۔وکلا کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت مقرر تھی، اچانک منتقل کردی۔ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس جی الیون میں ہوئی۔ 27 فروری، 11 مارچ کو بھی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت منسوخ یا ملتوی کردی گئی تھیں۔درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بغیر سماعت ملتوی یا منسوخ کرنا سنجیدہ معاملہ ہے۔ سماعت بغیرقانونی وجہ کےمنسوخ یا ملتوی نہیں کی جاسکتیں۔ ملزم کی حاضری کو دیکھنا ضروری ہے، دریں اثنا ایف آئی اے عدالت اسلام آباد میں آج بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 14 اپریل تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔
3
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں سختی کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دے۔بلوچستان میں عوام کی اکثریت ریاست کے خلاف نہیں بلکہ کرپٹ اور عوام دشمن نظام کے خلاف ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔ حکومت سستی چینی کے دعوے تو کرتی ہے مگر شوگر مافیا اس پر بھاری ہے، جس کے باعث عوام مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ حکومت بجلی سستی کرنے کے محض اعلانات نہ کرے بلکہ عملی اقدامات اٹھائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ کسانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ انہیں گندم کی جائز قیمت دی جائے۔
4
پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کرنے والی جے آئی ٹی کو چیلنج کردیا گیا، جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم اور دیگر کو جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف کیس میں فوری ریلیف نہیں مل سکا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کرنے والی جے آئی ٹی چیلنج کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 21 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔دورانِ سماعت وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اگر نوٹیفکیشن معطل نہیں کرتی تو ہراساں کرنے سے روکے۔ عدالت نے شیخ وقاص اکرم و دیگر کو جے آئی ٹی میں پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے وائریز چیلنج کی ہیں آپ وہاں پیش ہو کر اپنا جواب جمع کروائیں۔ آئی جی ہیڈ ہی نہیں کرسکتا۔ سائبر کرائم سے متعلق تحقیقات ایف آئی اے اور انویسٹی گیشن ایجنسی کرتی ہے پولیس نہیں۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا یہ سارا کام ہے۔ کبھی کہتے ہیں پرانی ایجنسی ختم ہوگئی، نئی آگئی کبھی کہتے ہیں پرانی بحال ہوگئی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 21 اپریل تک ملتوی کردی۔
5
بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کردی۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواست کی جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔بشریٰ بی بی نے درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ 25 مارچ کو سزا معطلی کا کیس سماعت کے لیے مقرر تھا۔ مرکزی وکیل قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ میں مصروف تھے۔ عدالت نے مختصر کاز لسٹ کی وجہ سزا معطلی کی درخواستیں بھی عید کے بعد تک ملتوی کردیں۔
6
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر اور دو الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کے خلاف قومی اسمبلی اور سینیٹ کے قائد حزب اختلاف کی درخواست پر وفاق، وزیر اعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری اور صدر کو بذریعہ سیکریٹری کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کر دیے۔ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے قومی اسمبلی و سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ارکان کو بھی پری ایڈمشن نوٹس جاری کر دیے۔پٹیشنرز کی جانب سے سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ارکان مدت ختم ہونے کے باوجود کام کر رہے ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتیوں کا پراسس شروع ہوا ہے؟ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ابھی تک پراسس بھی اسٹارٹ نہیں کیا گیا، پارلیمانی کمیٹی تشکیل ہونی ہے۔ہائیکورٹ نے وفاق، وزیر اعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری اور صدر کو بذریعہ سیکریٹری، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ارکان کو بھی پری ایڈمشن نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔
7
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔صوبائی حکومت نے جاری اعلامیہ میں عید کے لیے 31 مارچ سے 2 اپریل (پیر سے بدھ) تک چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔اس سے قبل وفاقی حکومت بھی عید الفطر کے حوالے سے 31 مارچ سے 2 اپریل تک تعطیل کا اعلان کر چکی ہے۔سرکاری ملازمین ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے باعث کل 5 چھٹیاں منا سکیں گے۔
8
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گھر میں گیس لیکج دھماکے کے بعد آگ بھڑکنے سے ضعیف خاتون سمیت 3 افراد جھلس گئے۔لیاقت آباد پانچ نمبرمیں گھر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سحری سے کچھ دیر قبل گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کے نیتجے میں 60 سالہ شبانہ زوجہ تقی ، 36 سالہ سعد ولد جاوید اور 26 سالہ سمیر جھلس کر زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس ، فائربریگیڈ اور ایدھی کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی ہونے والی خاتون اور سعد کو عباسی شہید اسپتال جبکہ سمیر کو گلبرگ میں واقعے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
9
تھانہ لوہی بھیر کی حدود نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں پسند کی شادی پر تین افراد قتل کر دیے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوید نامی شخص کی بہن سے شہزاد نے پسند کی شادی کی تھی۔نوید بھی اسی نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے فیز تھری میں رہتا تھا، مبینہ طور پر نوید نے فائرنگ کرکے اپنے بہنوئی کے دو ساتھیوں کو قتل کیا جس پر شہزاد کے ساتھیوں کی فائرنگ سے نوید بھی جاں بحق ہوگیا۔
10
وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے امریکا میں اہم ملاقاتیں کیں، جن میں امریکی کانگریس کے ریپبلکن اور ڈیموکریٹ رہنماؤں سے بات چیت شامل تھی۔ان ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور معاشی تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔طارق فاطمی نے امریکی کانگریس کی امور خارجہ کمیٹی کے چئیرمین برائن ماسٹ، امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے جنوبی و سنٹرل ایشیا کے رینکنگ ممبر کانگریس سڈنی کام لاگر ڈو اور پاکستان کاکس کے شریک چئیرمینوں جیک برگ مین اور ٹام سوازی سے بھی ملاقات کی۔
11
ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل شہید جبکہ کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔فائرنگ سے شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل کا نام احسان اللہ تھا جبکہ زخمی ہونے والے کانسٹیبل کا نام رفیع اللہ ہے۔پولیس کے مطابق شہید اور زخمی ہونے والے کانسٹیبل کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس پر فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
12
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا، کمیٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ایک تیز رفتار منصوبے کی منظوری دی جس میں مینجمنٹ کنٹرول کیساتھ 51-100 فیصد حصص کی ڈی انویسٹمنٹ بھی شامل ہے۔اسحق ڈار نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا تاکہ اس کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے اور قومی خزانے پر مالی بوجھ کو کم کیا جاسکے۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے ساتھ سرمایہ کاری کے منصوبے کی تجاویز پر ایک بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے قابل عمل سرمایہ کاری کے منصوبوں کے ذریعے اقتصادی ترقی کو بڑھانے کیلئے فیصلوں پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کی۔
13
اسرائیل نے آسکر انعام یافتہ فلسطینی فلمساز حمدان بلال کو رہا کر دیاجنہیں "پتھراؤ” کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم، انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق، بلال پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملے کے بعد انہیں غیر منصفانہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔اسرائیلی پولیس کے ایک ترجمان نے بلال کی گرفتاری کی تصدیق کی، جبکہ بعد میں جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ تین افراد کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔
14
امریکی رپورٹ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی دہشت گردی بے نقاب، یہ ایجنسی ماورائے عدالت قتل، ٹارگٹ کلنگ اور اقلیتوں پر مظالم میں ملوث ہے۔25 مارچ 2025 کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’را‘ منظم طور پر سکھوں، مسلمانوں، دلتوں اور مسیحیوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جس سے عالمی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’را‘ نے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر بھارتی میڈیا کو کنٹرول کیا اور داخلی تنقید کو دبانے کے لیے خفیہ نگرانی، جھوٹے مقدمات اور خوف و ہراس کی پالیسی اپنائی۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں اقلیتوں پر حملوں اور نفرت انگیز جرائم میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور 1200 سے زائد نفرت انگیز واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں براہ راست ’را‘ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
15
خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے 9 سے 19 اپریل تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔اسکواڈ کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری دوسرے مرحلے کے تیاری کے کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے جہاں کھلاڑیوں نے وارم اپ میچز اور پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا۔لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراؤنڈ اس ایونٹ کے 15 میچوں کی میزبانی کریں گے۔قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی میچ میں پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔
16
سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے کے خلاف آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو جے آئی ٹی نے آج دوبارہ طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ طلبی پر علیمہ خان پیش نہیں ہوئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق علیمہ خان سمیت 17 افراد کو 21 مارچ کو طلب کیا گیا تھا، صرف سینیٹرعون عباس جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔


