1
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں سے ترقی نہیں ہوتی، دعا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کا موجودہ پروگرام آخری پروگرام ہو، ہمارے قرضے 77 سالوں میں بڑھے ہیں، آخری حد تک آپ کو قرضوں سے نجات دلاؤں گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کا افتتاح کر دیا۔ آج کا دن منفرد خوشی کا دن ہے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم، صحت اور نوجوانوں کیلئے ترجیحی اقدامات کئے، نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی، ووکیشنل ٹریننگ دی جائے تو یہ ملک کا سرمایہ بنیں گے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب میرٹ کی بنیاد پر 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلباء میں مفت تقسیم کئے۔ آج کی دنیا جدید ترین ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے، اگر مختلف ممالک تیل، گیس اور معدنیات سے مالا مال ہیں تو کروڑوں نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی بہترین ٹریننگ کیلئے اربوں ہوں یا کھربوں قدموں میں نچھاور کردوں گا، سرمایہ نچھاور کریں گے تو پاکستان دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک بنے گا۔ رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیا گیا، نوجوانوں کو خودمختار بنانے کیلئے درکار اخراجات فراہم کئے جائیں گے، ہمارے ٹریننگ سینٹرز میں بہترین ٹرینرز آنے چاہئیں، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں بہترین ہنر سے نوازیں گے، ہنر مند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے۔اسلام آباد میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کے اجراء کی تقریب سے خطاب
2
پسنی اورماڑہ کے درمیان کلمت کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو قتل کر دیا۔نامعلوم حملہ آوروں نے 6 افراد کو اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا، 5 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی نے ہسپتال میں دوران علاج دم توڑا، امن دشمنوں کے خلاف علاقے میں آپریشن شروع کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے، جاں بحق ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے، دیگر مارے جانے والے افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
3
دہشت گردی کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال ہوگئی۔جعفر ایکسپریس ٹرین کو وفاقی وزیر امیر مقام اور ریلوے حکام کی موجودگی میں پشاور کینٹ ریلوے سٹیشن سے روانہ کیا گیا۔جعفر ایکسپریس پشاور سے روانہ ہو کر پنجاب، سندھ اور پھر بلوچستان سے ہوتی ہوئی 34 گھنٹے کے سفر کے بعد کل شام کوئٹہ پہنچے گی، جعفر ایکسپریس میں سفر کیلئے 280 مسافروں نے ریزرویشن حاصل کی ہے، پشاور سے 28 مسافر روانہ ہوئے۔ٹرین پشاور سے پنجاب اور پھر سندھ کے بعد بلوچستان میں داخل ہوگی، جعفر ایکسپریس واحد ریل گاڑی ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے۔ جعفر ایکسپریس کو 11 مارچ کو دہشت گردوں کے حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ٹرین سروس معطل کر دی گئی تھی لیکن اب 16 دن بعد یہ دوبارہ کینٹ ریلوے سٹیشن پشاور سے اپنے سفر پر روانہ ہو چکی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش تھی کہ جعفر ایکسپریس کی سروس کوئٹہ کیلئے بحال کی جائے اور اب یہ ٹرین پشاور سے روانہ ہو چکی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف ملکی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا عمل جاری رہے گا، جعفر ایکسپریس کا دوبارہ چلنا ملک کی ترقی کا نشان ہے۔ٹرین کی روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام کی میڈیا سے بات چیت
4
پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست دائر کر دی۔عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا، درخواست میں وفاق اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 24 مارچ کو سزا معطلی کا کیس سماعت کیلئے مقرر تھا، مرکزی وکیل قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ میں مصروف تھے، عدالت نے مختصر کاز لسٹ کی وجہ سزا معطلی درخواست بھی عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔
5
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نیہان بن مبارک النہیان نے ملاقات کی ہے۔اسلام آباد میں ہونیوالی اس ملاقات میں دونوں رہنما نے باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کےد وران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اماراتی وزیر شیخ نیہان بن مبارک النہیان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
6
لاہور ہائیکورٹ نے نظر بندی کے قانون کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے زینب عمیر کی درخواست پر سماعت کی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔دوران سماعت وکیل درخواست گزار اظہر صدیق نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس نے 27 اے کے نوٹس کا جواب فائل کیا جو ایک دو دن پہلے ملا ، یہ کیس سننے کا اختیار اس بنچ کے پاس نہیں ہے ، یہ کیس جسٹس امجد رفیق کے پاس لگنا تھا بڑی تفصیل سے انہوں نے کیس سنا ، جسٹس امجد رفیق نے قانون کے مطابق حکم امتناع دیا۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس امجد رفیق ملتان بنچ میں کیسز کی سماعت کررہے ہیں۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جسٹس امجد رفیق کا بنچ 21 مارچ کو لاہور میں تھا ، یہ کیس اس بنچ میں فکس نہیں ہوسکتا ، جب سے نظر بندی کا سیکشن 3 معطل ہوا ہے نہ آسمان گرا نہ ہی زمین کو کچھ ہوا ، اب حکومت کو کیا ایسی ایمرجنسی ہوئی ہے وہ نظر بندی کے قانون پر حکم امتناع ختم کرنا چاہتی ہے۔اظہر صدیق نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مائی لارڈ آپ کو کیس کا علم نہیں ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ میں سارا کیس پڑھ کر آئی ہوں آپ خاموش رہیں، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میں پرسوں سے بیمار تھا میں صرف اس کیس کے لیے آیا ہوں۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے اس پر کہا کہ آپ لگ تو ٹھیک رہے ہیں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ ہمارے ملک کی کسی عدالت نے نظر بندی کے قانون کے آپریشن کو معطل نہیں کیا۔بعدازاں عدالت نے نظر بندی کے قانون کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
7
الاکنڈ میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 3 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔حادثہ سخاکوٹ میں پیش آیا، حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پہنچ گئیں، لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بچہ بھی شامل ہے، حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
8
پشاور ہائیکورٹ کا شاندانہ گلزار کو 15 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اورنگزیب نے ممبر قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے شاندانہ گلزار کی درخواست منظور کرتے ہوئے 15 اپریل تک حفاظتی ضمانت دے دی اور متعلقہ حکام سے مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔پشاور ہائیکورٹ نے شاندانہ گلزار کو 15 اپریل تک کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
9
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میئر کراچی پر برستے ہوئے کہاکہ ہٹا سکتے ہو تو ہٹا دو، عوام کیلئے بولنا نہیں چھوڑوں گا۔ میئرکراچی کو مجھے نہیں اللہ کوجوابدہ ہونا ہے، سیاسی کھیل مت کھیلو، میڈیا پر کوریج کیلئے عوام کے دل نہ دکھاؤ، تم چھوٹے ہو میرے، تم جس منصب پر ہو کئی دنوں سے اس کامذاق اڑا رہے ہو۔میں نے تمہیں معاف کیا، میں اب تمہاری کسی بات کا جواب نہیں دوں گا، سب الزامات گورنر پر اور تم ہر چیزسے بری الذمہ؟ ایسے نہیں چلے گا، مزید کہا یہ ٹریفک گردی رکنی چاہئے، اس مسئلے پر سب کو بیٹھنا ہوگا۔میڈیا سے گفتگو
10
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امپورٹڈ گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیکس لگانے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو وائٹ ہاؤس میں اعلان کیا کہ امریکا سے باہر تیار کی جانے والی تمام گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔امریکا میں بننے والی گاڑیوں پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، امریکا میں آٹو انڈسٹری کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، فارماسوٹیکل انڈسٹری کی امریکا واپسی کیلئے ٹیرف لگائیں گے۔
11
اقوام متحدہ نے نیویارک ہیڈ کوارٹر کے عملے کو شناختی دستاویزات اور ویزے کی کاپیاں ہروقت ساتھ رکھنے کی ہدایت کردی۔اقوام متحدہ کے مطابق ہدایت کا مقصد اگر امیگریشن حکام روکیں تو دستاویزات دکھا سکیں، ٹرمپ انتظامیہ نے امیگریشن مخالف پالیسیوں کی وجہ سے امریکا بھر میں سکروٹنی بڑھا دی۔مغربی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار ایسی ہدایات دی گئی ہیں۔
12
ملک بھر میں شب قدر آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔شب قدر کے موقع پر مساجد کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، آج مساجد میں تراویح میں تکمیل قرآن کی محافل ہوں گی، نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ اور سامعین کو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا، مٹھائیاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔ستائیسویں شب کو مساجد میں باجماعت صلوٰۃ التسبیح ادا کی جائے گی اور انفرادی عبادت میں نوافل کی ادائیگی، تلاوت قرآن پاک کی جائے گی اور نبی کریمﷺ کے حضور درود شریف کا نذرانہ پیش کیا جائے گا