جیو نیوز ہیڈلائنز 12بجے
1
وزیراعظم کی زیر صدارت عسکری و صوبائی قیادت کی بڑی بیٹھک، ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ،ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے خلاف حکومت کے واضح اور دو ٹوک مؤقف پر گزشتہ روز وزیرِ اعظم ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں عسکری اور سول قیادت، چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ جعفر ایکسپریس کے حملہ آوروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں کو ئی کسر نہ چھوڑی جائے، روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا پر ملک دشمن مہم کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اجلاس مین نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیےکو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا، یہ فیصلہ بھی ہوا کہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کے سدباب کیلئے مؤثر اور سرگرم بیانیہ بنانے کی ہدایات دی جائیں گی، قومی بیانیے اور ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کے مواد کا سدباب کیا جائے گا۔
2
آئی ایم ایف سے منظوری: حکومت نے بجلی سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی۔وفاقی حکومت نے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی جس پر نیپرا اتھارٹی 4 اپریل کو درخواست پر سماعت کرے گی۔حکومت نے بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اپریل تا جون 2025 کے لیےکرنےکی تجویز دی ہے جب کہ کے الیکٹرک سمیت تمام کمپنیوں پر کمی کا اطلاق کرنےکی درخواست کی گئی ہے۔
3
وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کا کہنا ہے ‎افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پاکستان کو غیر محفوظ بنا رہے ہیں۔‎منفرد مقام و حیثیت کے حامل پاکستان کو کسی بھی غیر مُلکی یا علاقائی عدسے سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔‎افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پاکستان کو غیر محفوظ بنا رہے ہیں، امریکا پاکستان کو کسی بھی غیر ملکی یا علاقائی عدسے سے دیکھنے کے بجائے آزادانہ طور پر دیکھے۔چیلنجز کے باوجود پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا اور منافع بخش منزل ہے۔معروف امریکی تھنک ٹینک کارنیگی انڈوومنٹ فار انٹرنیشنل پیس میں گفتگو
4
کراچی میں جو لاوا پک رہا وہ پھٹ گیا تو دنیا دیکھے گی، فاروق ستار کا عید کے بعد دھرنے کا اشارہ، کراچی میں جو لاوا پک رہا ہے وہ پھٹ گیا تو پھر دنیا دیکھے گی۔ کراچی میں ٹریفک حادثات کامسئلہ اگر انتظامی بھی ہے توبھی ساری ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، کسی نہ کسی کو تو ذمہ داری لینی پڑے گی۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو گورنر ہاؤس میں کل جماعتی کانفرنس کے ساتھ ساتھ ہم عید کے بعد احتجاج کرنے پر بھی غورکر رہے ہیں۔جیو نیوز کے پروگرام ’ آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ ‘میں گفتگو
5
کراچی: شاہراہ فیصل ٹریفک حادثے پر پولیس کی رپورٹ میں اہم انکشافات،پولیس رپورٹ کے مطابق 17 سالہ ڈرائیور 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلارہا تھا ، اس کے پاس ڈرائیورنگ لائسنس اور قومی شناختی کارڈ بھی نہيں تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موٹرسائیکل اپنی مخصوص لین میں تھی اور کار نےفاسٹ لین سے انتہائی بائیں جانب آتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔پولیس کےمطابق حادثے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کرکے کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گيا ہے ۔
6
ایکنک نے 1275 ارب روپے سے زائد مالیت کے 13 منصوبوں کی منظوری دیدی۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کے 25 مارچ کے اجلاس میں 1275 ارب روپے کے 13 منصوبوں کی منظوری دی گئی، ان میں ٹرانسپورٹ، مواصلات، ریلوے، خلائی ٹیکنالوجی اور انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔اجلاس میں پاکستان ریلوے کی جانب سے زیادہ گنجائش والی ویگنوں اور مسافر کوچز کی خریداری، پاکستان کے آپٹیکل ریموٹ سنسنگ سیٹلائٹ منصوبے اور سڑک کے کئی بڑے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔
7
نوجوانوں کے آن لائن سرگرم گینگز کم عمر لڑکیوں کیلئے گھروں کے اندر ہی خطرہ بن گئے۔برطانوی میڈیا میں نیشنل کرائم ایجنسی کی چونکا دینے والی رپورٹ سامنے آگئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آن لائن گینگز نوعمر بچوں سے بدسلوکی، تشدد اور ایکسٹریم مواد شئیر کرتے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کو بہکا کر تعلقات استوار کرنے کے بعد اُن سے برہنہ تصاویر طلب کرتے ہیں، انکار پر اُنہیں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ نیشنل کرائم ایجنسی نے والدین کو بچوں سے اُن کی آن لائن سرگرمیوں کے حوالے سے بات چیت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
8
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نےکہا ہے کہ پارٹی میں کسی سطح پر فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، ایسی باتیں غیر ضروری، غلط اور حقائق کے برعکس ہیں۔ تحریک انصاف میں صوبے یا قومی اسمبلی سطح پر فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، اس سے پہلے بھی پنجاب سے متعلق فارورڈ بلاک کی باتیں سامنے آتی رہی ہیں، تحریک انصاف متحد اور بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں یکجا ہے۔ تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہےجس میں اختلاف رائے ہوتا ہے، اختلاف رائےکا مطلب یہ نہیں کہ کوئی فارورڈ بلاک ہے، پارٹی میں ہر ورکر اور عہدیدار کو اپنے اظہار کی مکمل آزادی ہے، اظہار رائے کوپارٹی کےاختلاف کے طورپرنہیں سمجھا جاسکتا۔
9
‘امریکا کیساتھ بالواسطہ مذاکرات ہو سکتے ہیں، ایران نے ٹرمپ کے خط کا جواب دیدیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے 12 مارچ کو ایران کو خط بھیجا تھا، اس خط کے مندرجات کو سرکاری طور پر ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔البتہ ٹرمپ کے مطابق اُنہوں نےایران سے نئے جوہری معاہدے پر مذاکرات کی درخواست کی تھی۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے دو طرح سے نمٹا جاسکتا ہے، ایک راستہ تو عسکری ہے اور دوسرا یہ کہ معاہدہ کیا جائے، میں معاہدہ کرنا چاہوں گا کیونکہ میں ایران کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کو سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس سرکاری جواب میں ایک خط شامل ہے جس میں موجودہ صورتحال اور ٹرمپ کے خط کے حوالے سے ایرانی نقطہ نظر کو واضح کیا گیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا ایران کی جانب سے یہ خط عمان کے حوالے کیا گیا ہے، جو اس معاملے میں ثالث کے طور پر کام کر رہا ہے۔
10
نئے مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف سے مشاورت کے بعد پیش کیا جائےگا اس دورے میں آئی ایم ایف سے نئے مالی سال 26-2025کے بجٹ پر مشاورت کی جائےگی۔ نئے مالی سال کے بجٹ پر فیس ٹو فیس اور آن لائن مشاورت جاری رہےگی، آئی ایم ایف سے مشاورت کے بعد بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائےگا، نئے مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے کے دوران پیش کیا جائےگا۔جائیداد کی پہلی خرید و فرخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کردی جائےگی لیکن ود ہولڈنگ اور انکم ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رہےگی، پراپرٹی فروخت کرنے والوں پر ٹیکس کی موجودہ شرح بھی برقرار رہےگی۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بجٹ تفصیلات طے کرنےکے بعد بلایا جائےگا۔ اپریل میں موسم بہار اجلاس کی وجہ سے ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کا پروگرام زیر بحث نہیں لائےگا۔