1
کراچی کے علاقے کورنگی میں آئل ریفائنری کے قریب لگنے والی خوفناک آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی تاحال قابو نہ پایا جا سکا، فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ مبینہ طور پر گیس پائپ لائن میں لگنے کے باعث پھیلی تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم آگ کے باعث قریبی علاقوں میں دھواں پھیل گیا جس سے مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔فائر بریگیڈ حکام نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا، پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ آگ آئل ریفائنری سے دور لگی ہے جبکہ سوئی سدرن کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔
2
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیف کمشنر اسلام آباد، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان اور سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، وزیر داخلہ آزاد کشمیر اور وزیر داخلہ گلگت بلتستان بھی اجلاس میں شریک ہوئے، تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریز داخلہ اور آئی جیز نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار کو بڑھانے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں نیشنل اور پراونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹرز کے قیام پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں، صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی گفتگو
3
ڈیرہ غازی خان: پولیس نے سرحدی چوکی لکھانی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیاترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لکھانی چیک پوسٹ پر 20 سے 25 خوارجی دہشتگرد چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے، حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، سنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحے کا استعمال کیا تاہم پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ترجمان کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، پولیس کے تمام جوان اس حملے میں محفوظ رہے جو کہ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا ثبوت ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور مستقبل میں بھی ایسے آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیا۔
4
ون ڈے سیریز کا بھی مایوس کن آغاز، کیویز نے شاہینوں کو پہلے میچ میں شکست دیدی۔نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسے جیت کیلئے 345 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 44.1 اوورز میں 271 رنز بنا سکی۔ قبل ازیں نیپئر میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر میزبان نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔میچ کے شروع میں ہی نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور 50 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، ول ینگ ایک، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور مارک چیپمین نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 199 رنزکی شراکت داری بنائی۔اس دوران مارک چیپمین نے 132 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے جبکہ ڈیرل مچل 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ ڈیبیو کرنے والے محمد عباس نے 26 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز سکور کیے اور پاکستان کو جیت کیلئے 345 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور عاکف جاوید نے 2،2، نسیم شاہ اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
5
مریم نواز کا عید پر زیادہ کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم،وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مقررہ کرایوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز زائد کرایوں کی وصولی روکنے کے لیے مانیٹرنگ کریں۔ گھروں کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی، زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔
6
بلوچستان: رات کے اوقات میں بسوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدو رفت پر پابندی،ڈپٹی کمشنر کچھی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز سے سبی سے کوئٹہ جانے والی ٹریفک کو شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک کولپور کے مقام پر روک دیا گیا ہے جنہیں صبح 5 بجے کے بعد ہی سفر کی اجازت دی گئی۔ادھر لورالائی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی تمام ٹریفک کو شام 6 بجے سے صبح 5 بجے تک کنگری کے مقام پر روک دیا جائے گا اور صبح 5 بجے کے بعد ہی سفر کی اجازت ہو گی۔
7
گوجرانوالہ: مبینہ طور پرزہریلا کھانا کھانے سے 2 بہن بھائی جاں بحق،پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ اروپ کے علاقہ میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر عالم چوک کا رہائشی مبشرفیملی کے لیےبریانی لے کر آیا تھا،بریانی کھاتے ہی عبدالہادی اور خضرہ کی حالت غیر ہو گئی۔ دونوں بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے جبکہ واقعہ کی تخقیقات شروع کر دی گئیں۔
8
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنی اصلاح کرنی چاہئے ان کا دور حکومت اچھا نہیں تھا۔پنجاب میں بزدار کی حکومت کرپٹ ترین حکومت تھی، خیبر پختونخوا میں 12 سال سے کرپٹ ترین حکومت چل رہی ہے، وفاق میں پی ٹی آئی نے 4 سال میں ایک پیسے کا کام نہیں کیا، حکومت کا معیشت کو سنبھالنے کا دعویٰ غلط ہے۔پاکستانی معیشت کی گروتھ آج بھی منفی ہے، قرضے لینا کوئی کامیابی نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی کے حوالے سے تحفظات ہیں، اپوزیشن کے لوگ ایک دوسرے پر تنقید کریں گے تو معاملات آگے کیسے چلیں گے؟سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کی میڈیا سے گفتگو
9
ایم این اے شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنےاہداف سےہٹ گئی ہے۔ایک سال سےتحریک انصاف بمقابلہ تحریک انصاف جاری ہے۔تحریک انصاف اپنےاہداف سےہٹ گئی ہے،میرا ڈسپلن کا مسئلہ ہوگا کیا باقیوں کا بھی یہی مسئلہ تھا،باقی وکلا کوکیوں فارغ کیا گیا، ہم سب کی شناخت ہی وکالت ہے،عمران خان کو وکلا کے بارے میں غلط گائیڈ کیا جاتا ہے۔ مجھے پارٹی سے نکال دیا بہت شکریہ، میرے خلاف آج تک گالم گلوچ جاری ہے، اب میں بھی گالم گلوچ، سازشیوں سےدو،دو ہاتھ کروں گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو،کہا میرا ڈسپلن کا مسئلہ تھا توفیصل چودھری اوربابراعوان نےکیا کیا؟ پی ٹی آئی وکلا ٹیم میں لڑائیاں اور بڑھیں گی، وکلا کو کروڑوں کی فیسیں دیں مگربانی کو رہا نہیں کراسکے۔
10
پہلا ون ڈے: پاکستانی باؤلرز نے ایک اور ناپسندیدہ ریکارڈ بنا ڈالانیپئر میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو پاکستانی ٹیم کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔سیریز کے افتتاحی میچ میں قومی ٹیم کی باؤلنگ لائن اپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس میں وائیڈز اور لیگ بائی کی صورت میں قومی ٹیم نے 43 ایکسٹراز کے رنز لٹائے۔
11
سعودی عرب کے پہلے قانون دان ڈاکٹر مطلب النفیسہ انتقال کر گئے۔ایوان شاہی کے مطابق ڈاکٹر مطلب النفیسہ کی نماز جنازہ جمعے کو بعد نماز عصر دارالحکومت ریاض کی شاہ خالد مسجد میں ادا کی گئی، ڈاکٹر مطلب کو سعودی کابینہ میں قانونی مشیر مقرر کیا گیا تھا۔انہوں نے کئی سرکاری عہدوں پر بھی کام کیا جن میں وہ بطور وزیرِ مملکت اور کابینہ کے رکن بھی شامل رہے۔
12
جوہری معاہدہ نہ کیا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے: ٹرمپ کی ایران کو پھر دھمکی،غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کی جانب سے جوہری معاہدے پر مذاکرات کے حوالے خط کے جواب پر امریکی صدر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران جوہری معاہدہ کرنے میں ناکام رہا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میں نے حال ہی میں ایران کو ایک خط بھیجا جس میں کہا کہ آپ کو فیصلہ کرنا ہو گا، یا تو ہمیں بیٹھ کر بات کرنی ہوگی یا پھر بہت برا ہو گا۔ٹرمپ کی اوول آفس میں صحافیوں سے بات چیت ، کہا کہ میری سب سے بڑی ترجیح یہ ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاملہ حل کریں لیکن اگر ہم اسے حل نہ کر سکے تو ایران کے لیے بہت بری چیزیں ہونے والی ہیں۔
13
پنجاب کے ضلع پاکپتن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک 8 سالہ بچے نے عید کے لیے رقم نہ ملنے پر اپنی ماں کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق واقعہ محلہ گلزار آباد میں پیش آیا جہاں کمسن بچے نے اپنی والدہ ثوبیہ بی بی سے عید کے لیے پیسے مانگے مگر انکار پر اشتعال میں آکر ماں کے سینے میں قینچی گھونپ دی، گہرے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ،
14
حکومت نے اگلے 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اگلے پندہ روز کیلئے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے کی کمی کے بعد 254 روپے 63 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے لٹر مقرر کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے کے بعد ہوگیا۔
15
پاکستان کے قرضوں کا حجم 72 ہزار سے بڑھ کر 73 ہزار ارب روپے ہوگیا، ہر پاکستانی ساڑھے تین لاکھ روپے کا مقروض ہو گیا۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ایک سال میں ملکی قرضوں کا مجموعی حجم 64 ہزار 806 ارب روپے سے بڑھ کر 73 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا، پاکستان کے مجموعی قرضے ایک سال میں12.7 اور ایک ماہ میں 1.3 فیصد بڑھے۔پاکستان کا مقامی قرض 42 ہزار 671 ارب روپے سے بڑھ کر 51 ہزار 22 ارب روپے ہو گیا، فروری 2024 سے فروری 2025 تک مقامی قرضے 19.6 فیصد کےحساب سے بڑھے۔سٹیٹ بینک کے مطابق ایک ماہ میں مقامی قرضے 1.5 فیصد بڑھ کر 50 ہزار 244 ارب روپے سے 51 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے، بیرونی قرضے ایک سال کے عرصے میں 0.5 فیصد معمولی کمی سے 22 ہزار 134 ارب سے 22 ہزار 14 ارب روپے ہوگئے۔اعداد و شمار کے مطابق ایک مہینے میں بیرونی قرضوں کا حجم 0.6 فیصد بڑھ کر 21 ہزار 880 ارب روپے سے 22 ہزار 14 ارب روپے رہا، پاکستان کو بیرونی و مقامی قرضوں کے علاوہ سود کی ادائیگیاں 5 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئیں۔


