ایکسپریس نیوز ہیڈلائنز 3بجے
1
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم کا بھی لوگ کہتے تھے بن رہا ہے، اب یہی صورتحال چولستان کینال پر کی جارہی ہے، ہمارے پاس وفاقی حکومت گرانے کی طاقت ہے۔ اس وقت ملک میں سب سے اہم پانی کا معاملہ ہے، انڈس ریور سسٹم میں پانی کی کمی کا مکمل ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے، نگران حکومت میں واپڈا اسٹڈی کرتی ہے اور وہ عجیب قسم کی اسٹڈی ہے، دیامیر باشا ڈیم بننے کا بعد 6 ملین ایکڑ پانی ملے گا، نگران حکومت نے بھی اس بات پر اعتراض کیا۔ کچھ دن بعد پنجاب حکومت ایک کینال نکالنے کی تجویز دیتی ہے، چناب دریا سے پانی لینگے، چولستان کینال بنانے کا کہا جس پر ہمیں اعتراض ہے۔اگر ان کے مطابق 27 ایم ایف پانی ڈیلٹا میں جارہا ہے تو ہمارا ڈیلٹا سرسبز ہونا چاہئے،ایکنک میں 6 کینال کا پروجیکٹ لایا گیا جس میں بھی ہم نے اعتراض کیا، ارسا کے اس منصوبے پر ہم سی سی آئی میں بھی مخالفت کریں گے۔کراچی کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران غیر رسمی گفتگو
2
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی، اور ثقافتی سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم اور امیر قطر کے مابین اہم عالمی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے غزہ میں امن کے قیام کیلئے امیر قطر کے سرگرم و مؤثر کردار اور خصوصی کوششوں کی تعریف کی. عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم کی جانب سے عید کی مبارکباد کو قبول کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔امیر قطر نے وزیرِ اعظم کے دورہ قطر کے دوران منظر آرٹ گیلیری کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر اظہار تشکر کیا جب کہ وزیرِ اعظم نے اس نمائش کے انعقاد اور خصوصی دعوت پر امیر قطر اور عالی مرتبت شیخہ المیاسہ کا شکریہ ادا کیا۔ قطر کے امیر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے فروغ کیلئے اعلی سطح قطری وفد عید کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
3
لاہور: موٹر سائیکل چوری کا منظم نیٹ ورک گرفتار،ڈی ایس پی حافظ عبیداللہ نے سٹی ہیڈ کوارٹر لوہاری گیٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سالہ اور بہنوئی بھی شامل ہیں، جنہوں نے چند روز میں درجنوں موٹر سائیکل چوری کیے۔ ڈی ایس پی حافظ عبیداللہ کے مطابق دوران تفتیش ملزمان کے حیران کن انکشافات سامنے آئے۔ ملزمان نے منظم گروہ کی شکل اختیار کر رکھی تھی اور لاہور کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکل چوری کر کے آدھے گھنٹے میں پرزہ پرزہ کر دیتے تھے۔ آن لائن بھی موٹر سائیکل پارٹس فروخت کیے جاتے تھے۔ چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو اپنے بنائے گئے گودام میں لے جا کر غائب کر دیا جاتا تھا۔ ملزمان کو ٹریک کرنا پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا تھا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 150 کے قریب موٹر سائیکل کے مختلف پارٹس، موٹر سائیکل کھولنے والے اوزار، کٹر اور کنڈے برآمد کیے۔ ملزمان کے زیرِ استعمال لوڈر رکشے بھی پولیس تحویل میں لے لیے گئے۔
4
کوئٹہ: بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی سربراہی میں دھرنے کے قریب خودکش دھماکا،رپورٹ کے مطابق لیویز ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکہ بی این پی کے جاری دھرنے کے مقام سے کچھ فاصلے پر ہوا۔ذرائع کے مطابق دھماکا میں بی این پی قیادت اور کارکنا ن محفوظ رہے۔سیکیورٹی زرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع کے جانب روانہ کردی گئیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
5
امریکی عدالت نے فلسطینیوں کی حمایت پرگرفتار ترک طالبہ کی ملک بدری عارضی طور پر روک دی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس کے ایک وفاقی جج نے ٹفٹس یونیورسٹی کی ترک نژاد پی ایچ ڈی طالبہ رومیسہ اوزترک کو فی الحال ملک بدرنہ کرنے کا حکم دیا۔ 30 سالہ ترک طالبہ کو غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت پر امریکی امیگریشن نے گرفتار کیا گیا تھا۔امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میساچوسٹس نے حکمنامے میں کہا کہ عدالت کو اپنے دائرہ اختیار کے فیصلے کے لیے وقت دینے کی غرض سے ترک طالبہ رومیسہ اوزترک کو تاحکم ثانی امریکا بدر نہ کیا جائے۔
6
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور اب ہمیں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے۔ہمارے بہت سے ساتھی دو سالوں سے جیلوں میں ہیں، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور اب ہمیں سیاسی ایکٹیویٹی کی اجازت نہیں، ہمارے ساتھیوں کے کاروبار بند کئے گئے۔خان کی گرفتاری پر عوام نے احتجاج کیا گیا، سابق چیف جسٹس اف پاکستان نے ہم نے نشان چھین لیا، کے پی سینٹ کے انتخابات پر ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ کیا وجہ ہے کہ ابھی تک الیکشن نہیں ہو رہے، اس پر قوم آپ کو کبھی بھی معاف نہیں کرے گی۔پشاور میں پریس کانفرنس
7
سونا مزید مہنگا؛ قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج ہفتے کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں مزید 10 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 3084 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح کو چھو گئی۔جانب مقامی صرافہ بازاروں میں 24 قیرط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت میں 1620 روپے کا اضافہ ہونے کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار روپے ہوگئی ہے، جو کہ ملکی تاریخ میں بلند ترین قیمت ہے۔اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1389 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 78 ہزار 635 روپے کی بلند ترین سطح کو چھو گئی ہے۔