جیونیوز ہیڈلائنز 3بجے
1
حکومتی اعلانات کے باوجود شہری چینی 180 روپے کلو تک خریدنے پر مجبور،ایک ہفتے میں فی کلو چینی کی اوسط قیمت میں ایک روپے 61 پیسے کمی آئی ہے لیکن اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی اورپشاور میں چینی سب سے مہنگی ہے۔ادارہ شماریات نے کے تازہ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سےزیادہ قیمت 180روپے اور اوسط قیمت 168روپے 80 پیسےفی کلو ہے۔
2
کراچی کے علاقے کورنگی کریک پر گڑھے میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کی وجہ سامنے آگئی۔تیل وگیس ماہرین کا کہنا ہے کہ کورنگی کریک میں آگ گیس کے زیر زمین ذخیرے میں لگی ہوگی، یہ کم گہرائی میں موجود گیس کا چھوٹا ذخیرہ ہو سکتا ہے۔ ہم نے 1200 فٹ تک گہرائی میں کھدائی کی تھی، ہم نے مٹی کی ٹیسٹنگ کروائی تھی،گیس موجودگی کی رپورٹ نہیں تھی، کھدائی بورنگ کے پانی کیلئے کی گئی تھی۔سی ای او کنسٹرکشن کمپنی
3
تونسہ میں ایڈز کا پھیلاؤ: مریم نواز نے ایڈز کے سدباب کیلئے آپریشنل پلان طلب کرلیااسپتال انتظامیہ کےمطابق تونسہ میں مزید ایک بچے میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ بچوں کی تعداد 107 ہوگئی جب کہ اسپتال میں روزانہ بچوں سمیت لوگوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر یونیسیف، ڈبلیو ایچ او اور محکمہ ہیلتھ پنجاب کا جوائنٹ مشن قائم کیا گیا ہے جو ایڈز کنٹرول اور بچاؤ کے لیے تجاویز پیش کرے گا۔
4
اسلام آباد: آئی جے پی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ڈمپر کنٹرول سے باہر ہونے پر رکشے کے اوپر گر گیا جس کی وجہ سے 4 افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں ٹریفک حادثے کا نوٹس لے لیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی۔
5
لاہور ہائیکورٹ کا کمرشل مارکیٹوں میں پانی کے میٹر لگانے اور قیمت صارف سے وصول کرنے کا حکم،جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے باور کرایا کہ پانی کا ضیاع روکنا وقت کی ضرورت ہے ۔ عدالت نے تجویر دی کہ پانی کے معاملے پر ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے ۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں ایک کمیٹی بن گئی ہے جس پر عدالت نے ناراضگی کا اظہار کیا کہ گھروں کے باہر گاڑیوں کو دھویا جاتا ہے ،اس پر کریک ڈاون کیا جائے ، جرمانے بھی ہونے چاہئیں ۔ عدالت نے قحط سالی کے بارے میں صورت حال پر رپورٹ بھی طلب کر لی۔ عدالت نے کمرشل مارکیٹس میں فوری پانی کے میٹر لگوانے اور میٹرز کی قیمت صارف سے وصول کرنے کی ہدایت کر دی ۔