تہران(ای پی آئی ) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں باضابطہ شکایت درج کروا دی ہے۔
ایران کی طرف سے جمع کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے خط میں خبردار کیا کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے اتوار کے روز ایران کو دھمکی دی تھی کہ اگر تہران نے جوہری معاہدے پر واشنگٹن کے ساتھ بات نہ کی تو اسے بمباری اور مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ کے ان بیانات پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی دشمنی ہمیشہ سے رہی ہے، اور اگر امریکا نے کوئی غیر ذمہ دارانہ قدم اٹھایا تو اسے سخت جوابی دھچکا دیا جائے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکا نے ایران میں بغاوت کی سازش رچی تو ایرانی عوام خود اس کا جواب دیں گے۔