سابق خاتون اول اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مزید سہولیات مانگ لیں۔ بشری بی بی نے وکلا کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ بطور خاتون اول وزیر اعظم ہاؤس میں مقیم رہی، اپنے بہتر معیار زندگی کی وجہ سے قانون کے مطابق بہتر سہولیات کی حقدار ہوں۔اپنی درخواست میں بشری بی بی نے بہتر سہولیات کے لیے جیل حکام کو درخواست کی، اس میں کہا گیا کہ سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے بشری بی بی کی درخواست پر کان نہیں دھرے۔اس میں کہا گیا کہ بشری بی بی کے شوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسی جیل میں بہتر سہولیات کا حقدار قرار دیا گیا ہے، فریقین کو اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی جائے۔اس میں استدعا کی گئی کہ جیل رولز 1978 کے تحت بشری بی بی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔
2
کراچی کی عدالت نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمے میں صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔کراچی میں سٹی کورٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت کے روبرو پیکا ایکٹ کے مقدمے میں صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل معیز جعفری ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ مقدمہ بنتا ہی نہیں ہے۔ اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود کوئی ثبوت نہیں ملا۔اسکرین شارٹ پرمقدمہ نہیں بنتا۔
3
نظر بندی قانون کے سیکشن تین کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ کا پانچ رکنی بینچ تحلیل ہوگیا۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی۔پانچ رکنی بینچ کے ممبر جسٹس خالد اسحاق نے کیس سننے سے معذرت کرلی جس کے باعث ہائیکورٹ کا بینچ تحلیل ہوگیا۔جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیے کہ اس کیس میں معزز جج صاحب ستائیس اے کے نوٹس کے تحت رپورٹ فائل کر چکے ہیں۔
4
صوابی میں ایک ہفتہ قبل اغواء شہری کی بازیابی کے لیے آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سب انسپکٹر ہارون حیات شہید ہوگئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سب انسپکٹر ہارون حیات شہید آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے، شہید سب انسپکٹر ہارون حیات راولپنڈی کے اسپتال میں زیر علاج تھے کو آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے۔
5
شراب، اسلحہ برآمدگی کیس، علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار,وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت پر ہیں۔ عدالت پہلے بریت کی درخواست سن لے اس کیلئے حاضری بھی ضروری نہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 26 اپریل تک ملتوی کردی۔
6
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رہائی اسی وقت ہی ممکن ہوگی جبکہ یہ فیصلہ کر لیا جائے کہ ہم نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس سیاسی ہے جس کا نہ سر ہے نہ پیر، بس ویسے ہی ہمیں مصروف رکھنے کے لیے یہ کیس کیا گیا ہے۔ ساری دنیا اور پاکستان کو پتا ہے کہ بانی پی آئی عمران خان کو سیاسی بنیاد پر قید کیا گیا ہے۔عمران خان کی رہائی اسی وقت ہی ممکن ہوگی جب کہ یہ فیصلہ کر لیا جائے کہ ہم نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے، ہم نے اس ملک کو ترقی دینی ہے، ہم نے اس ملک کو اکٹھا رکھنا ہے۔ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثبت پاکستان چھوڑ کے جانا ہے، یہ حکمران ٹولہ جس دن یہ فیصلہ کر لے گا کہ ہم نے یہ کرنا ہے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان رہا ہو جائیں گے۔جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو
7
چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ درست ہے ضمانت کے فیصلوں میں بعض عدالتی فائنڈنگ درست نہیں۔سپریم کورٹ میں 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمات کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کے حوالے سے اپیلوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے ضمانت منسوخی اپیلوں پر وکیل پنجاب حکومت کو غور کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ درست ہے ضمانت کے فیصلوں میں بعض عدالتی فائنڈنگ درست نہیں، ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں ٹرائل کاروائی مکمل کرنے کا کہہ دیتے ہیں، ٹرائل عدالت ہر پندرہ روز کی پراگرس رپورٹ ہائیکورٹ میں پیش کرے گی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ سوچ لیں ہم تین ماہ میں ٹرائل مکمل کا آرڈر دے دیتے ہیں، اگر کوئی ملزم ضمانت کا غلط استعمال کرے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔عدالت نے 9 مئی ملزمان ضمانت منسوخی کیس کی سماعت ساڑھے گیارہ تک ملتوی کر دی۔
8
غیر قانونی مقیم تارکین کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری ہے، 1336 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کر کے سینکڑوں افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران 2772 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہولڈنگ سینٹرز پہنچایا گیا۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین کو ہرصورت واپس بھجوایا جائے گا، انھوں نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو انخلا کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔مزید برآں غیر قانونی افغان مہاجرین اور ان کی سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے وزارت داخلہ نے ہیلپ لائن قائم کردی ہے ۔ راولپنڈی میں کاروباری مراکز میں قائم افغان مہاجرین نے اپنے کاروبار کوسمیٹنا شروع کردیا ہے اور دکانوں کو تالے لگا کر غائب ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔
9
تھانہ سٹی دریا خان کی حدود میں باپ کی حیوانیت نے انسانیت کو شرمندہ کر دیا۔ بیوی سے جھگڑے کے بعد باپ نے غصے میں آ کر اپنی 5 سالہ معصوم بیٹی پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا جس سے بچی شدید زخمی ہو گئی۔پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ملازم حسین کے نام سے ہوئی ہے جو اپنی بیوی سے تلخ کلامی کے بعد غصے میں آ گیا اور انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی ہی بیٹی کو نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی دریا خان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو آلہ قتل (کلہاڑی) سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ زخمی بچی کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
10
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پنجاب کے عوام کو صحت و علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں "صحت مند پنجاب” وژن کے تحت جامع ہیلتھ ریفارمز کا آغاز کر دیا گیا ہے جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صحت مراکز اور کلینک آن ویل کے ذریعے محض چند ماہ میں لاکھوں مریضوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار 1250 مراکز صحت کو جدید اور خوش وضع کلینکس میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو باوقار اور معیاری طبی سہولتیں میسر ہوں۔ بڑے سرکاری اسپتالوں میں علاج، ٹیسٹس اور مفت ادویات کی فراہمی کو مؤثر اور مربوط اقدامات کے ذریعے یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پہلی مرتبہ عوام کو ان کے گھروں پر ادویات کی فراہمی کا نظام بھی فعال کیا جا رہا ہے۔
11
اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی، کراچی کے بازارآج بند رکھنے کا اعلان,تاجر رہنماؤں رضوان عرفان، شاکر فینسی ، یعقوب بالی، عبدالرؤف ابراہیم اور دیگر کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام الیکٹرانک مارکیٹس، میٹھا در اولڈ سٹی ایریا، صرافہ بازار آج بند رہیں گے۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار بھی بند رہے گی۔ کراچی ہول سیل گروسزر ایسوسی ایشن کی طرف سے اسرائیل کے خلاف احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔
12
مصری شاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نشے کی خاطر ساتھی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے ایک روز قبل قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں ساتھیوں کے مل کر حسنین نامی شہری کو چھریوں کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ملزم موقع سے فرار ہوگیا جس کو مصری شاہ پولیس نے گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج ہوا۔ملزم محمد علی عرف لالہ ہزارہ کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
13
سیکیورٹی فورسز کی ڈی آئی خان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی، سرغنہ سمیت 9 خوارج ہلاک, آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔خارجی رِنگ لیڈر شیرین قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے انتہائی مطلوب تھا۔ کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ 20 مارچ 2025 کو کیپٹن حسنین اختر شہید کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔
14
غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ کے النصر اسپتال کے قریب صحافیوں کے خیموں پر بمباری کر دی، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی صحافی زندہ جل گیا جبکہ سات دیگر شدید جھلس گئے۔عرب میڈیا کے مطابق یہ حملہ الاقصیٰ اسپتال کے قریب کیا گیا جہاں بے گھر افراد کے خیمے لگے ہوئے تھے۔ اس بمباری میں متعدد فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ صحافی خیمے میں موجود تھے اور جنگ زدہ علاقے کی رپورٹنگ کر رہے تھے۔