1
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکی وفد نے ملاقات کی ہے جس میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری، بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز، یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ نے کی، وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔وزیراعظم نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے اور امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیے۔دوطرفہ تناظر اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
2
تجارتی جنگ میں شدت: امریکا کا چین پر 104 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان ,پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس کا بھی اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 70 ملک امریکی ٹیرف پر بات چیت شروع کرنے کیلئے رابطہ کر چکے، معاہدے ان سے کئے جائیں گے جو امریکا کو فائدہ پہنچائیں اور تجارتی خسارہ پورا کریں، ہر ملک کیلئے تمام آپشن مذاکرات کی میز پر ہیں۔ چین پر آج سے 104 فیصد ٹیرف نافذ ہوگا، چین کا ٹیرف پر جوابی کارروائی کرنا غلطی تھی، اگر چین معاہدہ کرتا ہے تو ٹرمپ کی جانب سے ریلیف ملے گا۔
3
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک روز کی تیزی کے بعد شدید مندی کے باعث انڈیکس 1 لاکھ 13 ہزار پوائنٹس کی حد کھو بیٹھا۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیا، 2600 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 12 ہزار 891 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
4
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ صرف پاکستان کی جنگ نہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو پاکستان سے تعاون کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی وفد کے سربراہ اور امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان امریکا کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دہشت گردی، سمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں باہمی اشتراک کار کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر سینئر امریکی عہدیدار ایریک میئر نے مطلوب دہشتگرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، ایریک میئر کی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت و جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہارکیا۔
5
9 مئی مقدمات: غیر حاضر پی ٹی آئی کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری ,اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی و کارکنان کے خلاف 9 مئی احتجاج و دیگر مقدمات کی سماعت کی، ملزمان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ، مرتضی طوری و دیگر وکلا پیش ہوئے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت آگے نہ بڑھ سکی اور عدالت نے پیش ہونے والے ملزمان کی حاضری کے بعد سماعت ملتوی کر دی۔اس دوران عدالت نے پی ٹی آئی کے غیر حاضر کارکنان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔
6
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں، حامد رضا اور دیگر کی غیر قانونی حراست افسوس ناک ہے۔حراست میں لینے کے بعد ان کو اڈیالہ سے 80 کلو میٹر دور ویرانے میں چھوڑنا قابل مذمت ہے، پنجاب پولیس کا خواتین کے ساتھ ناروا سلوک ریاستی جبر و تشدد اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے، وقت آنے پر اس کا حساب لیا جائے گا۔حکومت کو نہ عدالتی احکامات کی کوئی پرواہ ہے اور نہ بنیادی انسانی حقوق کا لحاظ ہے، ملک میں اس وقت قانون کی عمل داری کا نام و نشان تک نہیں، حکومت ملک کو انارکی کی طرف لے جانے سے باز آئے۔وفاقی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا قانون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
7
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا ہے دعا کریں روشنی ہو جائے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 36 ہزار مقدمات 4 ماہ میں کیسے مکمل ہوں گے؟ ان مقدمات کا 4 ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچانا کافی مشکل ہے۔دکانداروں اور تاجروں کے کاروبار میں کمزوری آگئی ہے، ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا ہے دعا کریں کہ روشنی ہو جائے، اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس کے عوام کیلئے بہتری کے حالات پیدا کرے، مقدمات میں نامزد 36 ہزار لوگوں کیلئے انصاف ہو بہت سے لوگ ایسے ہیں جو میری طرح یہاں موجود بھی نہیں تھے لیکن ان کا نام لسٹ میں شامل کیا گیا۔
8
لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ پی ڈی ایم اے صوبے میں واٹر ایمرجنسی ڈیکلیریشن کو یقینی بنائے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔حکم نامہ کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پانی کی سنگین صورتحال سے متعلق رپورٹ جمع کرائی، رپورٹ میں پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی پنجاب بھر میں خشک سالی کی الرٹ کا تذکرہ کیا گیا ہے، خشک سالی کے الرٹ میں دریاؤں میں جمع شدہ پانی کی انتہائی کمی کی جانب اشارہ کیا گیا ہے، زیر زمین پانی کے حوالے سے یہ ایک خطرناک صورتحال ہے، سٹیک ہولڈرز کو فوراً اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
9
جعلی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہٰی سمیت ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی .لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے ڈیوٹی جج نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ جعلی بھرتیوں کے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی گئی، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الہٰی کی کمر میں تکلیف ہے جس کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی، جس عدالت نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔
10
گورنر سندھ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدالزہبی کی ملاقات ,گورنر سندھ نے کراچی میں سرمایہ کاری کرنے پر متحدہ عرب امارات کے سفیر کا شکریہ ادا کیا، یو اے ای کے سفیر نے کہا ویزے کے مسائل حل ہوگئے، پاکستانی 5 سال کا ویزا لے سکتے ہیں۔یو اے ای کے سفیر نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو ویزا سینٹر آنے کی دعوت بھی دی۔
11
پنجاب کے سکولز میں خواتین اساتذہ کیلئے شلوار قمیض اور دوپٹہ لازم ,جبکہ مرد اساتذہ کے جینز اور ٹی شرٹ پہننے اور طالبات کے میک اپ لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے ٹیچرز کے لیے بھی ڈریس کوڈ کے متعلق ہدایات جاری کردیں۔محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے مرد اساتذہ کے لیے جینزاور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی عائد کردی، اسی طرح پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز میں سکول دورانیے میں نماز ظہر کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
12
آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان ,بھارت کے شریاس ایّر آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیے گئے ہیں، اسی طرح نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی اور راچن رویندرا کو بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، آسٹریلیا کی اینابل سدرلینڈ اور جارجیا وال آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کی گئی ہیں۔
13
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے .اپنے دورے کے دوران سعودی وزیرِ خارجہ امریکی ہم منصب مارکوروبیو اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔سعودی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کے مسائل اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
14
کراچی بار کے صدرعامر وڑائچ پر مبینہ حملہ، شدید زخمی، وکلا کا ہڑتال کا اعلان ,6 افراد نے مجھ پر حملہ کیا لیکن ہم 6 کینالز کے معاملے سے پیچھے نہیں ہوں گے اور12 اپریل کو جو وکلا کنونشن ہے وہ جاری رہے گا۔ 6 کینالز بند نہ کی گئی تو سندھ اور پنجاب کا بارڈر بند کر دیں گے، ریلوے ٹریک کو بھی بند کر دیا جائے گا، وکیل رہنما نے کہا کہ میں اس واقعہ کی ایف آئی آر درج نہیں کروا رہا لیکن ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہوں گے۔کراچی بارایسوسی ایشن کے صدرعامر نواز وڑائچ ,ایس ایس پی سٹی کے مطابق شواہد جمع کئے جارہے ہیں اور ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع کیفے بوگی پر پیش آیا، ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
15
کاشتکار بھائیوں کے لئے حکومت پنجاب کا اہم اعلان، صوبے سے گندم کی نقل و حمل کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گندم کیلئے ڈی ریگولیشن اور فری مارکیٹ پالیسی جاری کرنے کی منظوری دے دی۔منظوری کے بعد اب بین الصوبائی سرحدوں پر گندم کی آمدورفت پر روک ٹوک نہیں ہوگی، پنجاب سے گندم کی نقل و حمل کی اجازت سے کاشتکار کو فصل کا پورا فائدہ مل سکے گا۔


