1
عوام کو جعلی ای میلز کے ذریعے پھر سے نشانہ بنانے کا انکشاف، نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جعلی ای میل کا مقصد میلویئر ڈاؤن لوڈ کروا کر نظام کو متاثر کرنا ہے، ای میل میں جعلی پی ڈی ایف منسلک ہے جس میں فشنگ لنک موجود ہے۔ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ای میل میں فوری ایکشن لینے کا دباؤ ڈال کر سوشل انجینئرنگ کی جارہی ہے، ای میل بھیجنے والا پتا سرکاری ڈومین سے نہیں ہے۔ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ فشنگ لنکس پر کلک کرنے سے پاس ورڈ چوری ہوسکتا ہے اور متاثرہ افراد اپنی ذاتی معلومات ہیکرز کو دے سکتے ہیں۔ایڈوائزری کے مطابق ای میل میں جعلی سیکیورٹی پیچ انسٹال کرنے کا کہا جا رہا ہے، نیشنل سرٹ نے اس حوالے سے متعدد مشتبہ نکات کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام کو خبردار رہنے کے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
2
وزیراعظم کی مقامی صنعت کو لیول پلئینگ فیلڈ فراہم کرنے کی ہدایت،اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت برآمدات سہولت اسکیم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسکیم کو مزید مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے قائم کمیٹی کی عبوری سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان سفارشات پر ماہرین سے مزید مشاورت کی جائے اور رپورٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی آمدن میں اضافے کے لیے برآمدات میں بہتری ناگزیر ہے۔
3
لاہور کے جناح اسپتال اور میو اسپتال کے شعبہ پیتھالوجی کی نجکاری کا فیصلہ،گرینڈ ہیلتھ الائنس نے دونوں اسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان کردیا۔صوبائی حکومت نے لاہور کے جناح اسپتال اور میو اسپتال کے شعبہ پیتھالوجی کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس نے دونوں اسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے کا اعلان کردیا۔ صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شعیب نیازی کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال اور میو اسپتال کی او پی ڈیز میں کل سے کام بند ہوگا۔
4
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان پر کسی بھی ویزا پابندی کی تردید کردی۔ترجمان دفترخارجہ سے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاک امریکا تعلقات پر متعدد سوالات ۔ شفقت علی خان نے بتایا امریکا کی جانب سے تیز رفتار ٹیرف تبدیلیوں پر ہماری نظر ہے ۔ ان کے ترقی پذیر ممالک پر بُرے اثرات مرتب ہوں گے ۔ ٹیرف معطل کرنے کی اطلاعات بھی دیکھی ہیں۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیاروں پر بات ہوئی۔ اسٹوڈنٹ ویزوں پر پابندی کے معاملے پر بھی امریکا کے ساتھ رابطےمیں ہیں۔ افغانستان کا بگرام ایئربیس امریکا کو دینے کی بات ابھی محض افواہ ہے۔
5
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مجوزہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کا بل پیش ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف کے اندر اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ وزیراعلیٰ علی امین اور عاطف خان کے درمیان بل کے معاملے پر اختلافات ایک بار پھر سامنے آگئے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے واٹس ایپ گروپ میں عاطف خان نے ایم پی ایز سے درخواست کی کہ وہ مائنز اینڈ منرلز بل کے حق میں ووٹ نہ دیں۔ سیکریٹری اطلاعات خیبرپختونخوا عدیل اقبال کا کہنا ہے کہ پیر کے روز تمام اراکین اسمبلی کو بل پر بریفنگ دی جائے گی اور پارٹی کے اندر ایسی بحث معمول کا حصہ ہے، اسے اختلاف نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
6
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے میں کی قدر میں 0.12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انٹربینک میں جمعرات کو کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے روپیہ 33 پیسے کے اضافے سے 280.45 روپے پر جاپہنچا۔ یاد رہے کہ بدھ کو ڈالر 280.78 روپے پر بند ہوا تھا۔
7
راشن چوری کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل معطل،جیل اسٹور کیپر نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور عطاء الرحمان کے معطل ہونے کی تصدیق کی۔جیل اسٹور کیپر کے مطابق لنگرانچارج ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔


