ماسکو(ای پی آئی)روس نے بیلاروس کے ساتھ مل کر یورپی یونین اور نیٹو کی مشرقی دہلیز پر بڑی جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ماسکو کی طرف سے اس عسکری قوت کے دانستہ مظاہرے پر نیٹو رکن ممالک میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ خبر کے مطابق، روس اور بیلا روس کی وسیع پیمانے پر کی جانے والی ان مشترکہ جنگی مشقوں کو روسی زبان میں زاپاڈ 2017کا نام دیا گیا ہے اور یہ 20 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

یہ فوجی مشقیں جن علاقوں میں کی جا رہی ہیں ان میں روس کے قریب ترین مشرقی یورپی اتحادی ملک بیلاروس کے ریاستی علاقے کے علاوہ شمالی یورپ کا روسی علاقہ کالینن گراڈ، روسی سرحدی خطہ پسکوف اور لینن گراڈ کا علاقہ بھی شامل ہیں۔

ان مشقوں میں قریب 13 ہزار فوجی، 70 جنگی طیارے، 250 ٹینک اور 10 جنگی بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔