اسلام آباد(ای پی آئی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ای سی او رکن ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر اسد مجید خان کو ای سی او کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اُن کی قیادت میں ای سی او مزید فعال اور مؤثر انداز میں علاقائی تعاون کو فروغ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری خطے میں باہمی ہم آہنگی، پائیدار ترقی اور دیرپا امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کی ایک فعال رکن ہے، جسے دو بار اس کی جنرل کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کا عبوری سیکرٹریٹ قومی اسمبلی میں قائم ہے، جسے مستقل حیثیت دینے کی ضرورت ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے سیکرٹری جنرل ای سی او کو عبوری سیکرٹریٹ کو مستقل بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی اسمبلی میں قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس، ای سی او رکن ممالک کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم ڈاکٹر اسد مجید خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور ای سی او رکن ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون کے فروغ میں اُن کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے ای سی او کی پارلیمانی اسمبلی کے سیکرٹریٹ کو مستقل حیثیت دلانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔