1
حکومت نے مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والوں کے پاسپورٹ بلاک کردیے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا دورہ کیا اور اہم اجلاس کی صدارت کی جس دوران انہیں بتایا گیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے 53 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے گئے ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط کے لیے تمام قانونی امور جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔نئی شرائط سے بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام ہوگی اور ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کیے جانے کی ہدایت پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
2
امریکی محکمہ دفاع نے بچت کیلئے اربوں ڈالرز کے معاہدے ختم کر دیے.امریکی وزیر دفاع نے 5.1 ارب ڈالر کے 15 معاہدوں کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے ختم کردیا ہے، ان کانٹریکٹس میں امریکی ڈیفنس ہیلتھ ایجنسی، ائیرفورس، نیوی اور تحقیقاتی ادارے ڈارپا ( DARPA ) جیسے اداروں کے مختلف پروجیکٹس شامل ہیں۔ ڈیفنس ہیلتھ ایجنسی کے مشاورتی معاہدے منسوخ کردیے گئے ہیں جن میں نجی کمپنیوں جیسے ایکسنچر، ڈیلائٹ اور بوز ایلن کی خدمات شامل تھیں۔محکمہ دفاع کے اعلامیے کے مطابق امریکی ائیر فورس کا کلاؤڈ آئی ٹی سروسز کا معاہدہ بھی ختم کردیا گیا ہے جسے موجودہ دفاعی وسائل کے ذریعے پورا کیا جا سکتا تھا۔امریکی نیوی کے انتظامی دفاتر کے لیے بزنس پراسیس کنسلٹنگ کے معاہدے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی، ڈائیورسٹی، کووڈ-19 رسپانس اور غیر ضروری سرگرمیوں سے متعلق 11 مشاورتی معاہدے بھی ختم کردیے گئے ہیں۔
3
جھنگ میں زمیندار نے 10 سالہ گھریلو کو ڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ دم توڑ گئی اور ملزم نے بعد ازاں بچی کی لاش نہر میں پھینک دی۔پولیس کے مطابق تھانہ وریام میں 14 مارچ کو گھریلو ملازمہ کے اغوا کا مقدمہ درج ہوا تھا، 9 اپریل کو تفتیش کے لیے مقامی زمیندار کو حراست میں لیا گیا تھا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش گھرمیں کام کرنے والی 10 سال کی لڑکی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا کہ لڑکی کو قتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی تھی، ملزم نے گھر میں گندگی کرنے پر ملازمہ لڑکی کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، ملزم کے تشدد کے باعث لڑکی دم توڑ گئی تھی۔
4
اسد عمر نے بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا تمسخر اڑاتے ہوئے انتہائی غلط فیصلہ قرار دیدیا ایک دن بانی پی ٹی آئی نے انہیں بتایا کہ پنجاب کے لیے زبردست وزیراعلیٰ مل گیا ہے جب میں نے پوچھا کون ہے وہ؟ تو بتایا عثمان بزدار ۔پہلے کبھی نام نہیں سنا تھا اس لیے دوبارہ پوچھنے پر بتایا کہ وہ عثمان بزدار ہے جس کے گھر بجلی بھی نہیں ہے۔بانی پی ٹی آئی کے اس غلط فیصلے کا بہت زیادہ نقصان ہوا۔
5
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ سندھ حکومت کی مؤثر پالیسی کے باعث دہشت گردی کو کنٹرول کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران اجلاس کے شرکا نے سندھ کو دہشتگردی، منشیات اور دیگر جرائم سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کو مزید بہتر کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔دوران اجلاس وزیراعلیٰ سندھ نے نجی گاڑیوں پر سول ڈریس میں گارڈز کیخلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سندھ حکومت کی مؤثر پالیسی کے باعث دہشتگردی کو کنٹرول کیا گیا۔


