1
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید اور 19 زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ریمورٹ کنٹرول بم دھماکا دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ہوا، دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا، دھماکا اس وقت کیا گیا جب کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار پولیس ٹرک میں سوار ہو کر ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔
2
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ساڑھے 8 روپے فی لیٹر تک سستی ہونے کا امکان ،رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت اوگرا سفارشات کے بعد قیمتوں سے متعلق فیصلہ آج کرے گی، 16 اپریل سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 50 پیسے تک کمی متوقع ہے، اس کے علاوہ آئندہ 15 روز کیلئے ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے 96 پیسے تک سستا ہونے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق مٹی کا تیل 7 روپے 47 پیسے، لائٹ ڈیزل 7 روپے 21 پیسے تک سستا ہوسکتا ہے، اوگرا قیمتوں کے بارے میں حتمی تجاویز آج حکومت کو بھجوائے گا، وزارت خزانہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
3
آئی سی سی چیئرمین شپ کے بعد بھارت کا ایک اور اہم کمیٹی پر قبضہ برقرار، ان دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سربراہ سابق بھارتی بورڈ سیکریٹری جے شاہ ہیں، کونسل کی اہم ذمہ داریوں پر بھارتی آفیشلز ہی فائز ہیں، ان میں آئی سی سی کرکٹ کمیٹی بھی شامل ہے، جس کی طویل عرصے سے سربراہی سابق بھارتی کرکٹرز کے ہی پاس ہے۔سابق کرکٹر انیل کمبلے نے بطور کرکٹ کمیٹی چیئرمین 3، 3 برس کی 3 ٹرمز مکمل کرنے کے بعد 2021 میں کمیٹی کو چھوڑا جس کے بعد ساروگنگولی کو چیئرمین مقرر کردیا گیا تھا، ان کی پہلی 3 برس کی مدت مکمل ہوئی تو دوبارہ اگلی مدت (یعنی 2027) کیلئے بھی چیئرمین برقرار رکھے گئے ہیں۔اسی طرح سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر وی وی ایکس لکشمن کی بھی دوبارہ تقرری ہوئی، کمیٹی میں افغانستان کے سابق کرکٹر حامد حسن، ویسٹ انڈین ڈیسمنڈ ہینز،جنوبی افریقی کپتان ٹیمباباووما اور سابق انگلش اسٹار جوناتھن ٹروٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
4
کنٹینر مسافر کوچ پر گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ المناک حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔کرک انڈس ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ کرک انڈس ہائی وے دربار ہوٹک کے قریب پرانا ایس این جی پی ایل کے ساتھ پیش آیا، جہاں کنٹینر مسافروں سے بھری کوچ پر گر گیا۔میران شاہ سے پشاور جانے والی مسافر کوچ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی اطلاع ملتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔
5
احتجاج اور توڑپھوڑ کیس؛ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کو آج بھی پیش نہیں کیا جاسکابشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کے پانچ مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ آج توقع ہے بانی پی ٹی آئی کو پیش کیا جائے گا، عدالتی حکم آج بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے کا ہے۔ جج محمد افضل مجوکا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پیشی کی کوشش تو میں نے بھی کی ہے۔جج محمد افضل مجوکا نے عدالتی عملہ سے استفسار کیا کہ جیل حکام نے کوئی لیٹر بھی لکھا ہے؟ عدالتی عملے نے بتایا کہ جی ایک لیٹر آیا ہے۔ جج نے استفسار کیا کہ پھر ویڈیو لنک کی کیا صورتحال ہے؟ عدالتی عملے نے بتایا کہ جیل حکام سے چیک کرتے ہیں۔جج محمد افضل مجوکا نے وکیل خالد یوسف چوہدری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ انتظار کریں ویڈیو لنک کا چیک کرتے ہیں۔کیس کی سماعت میں وقفہ کیا گیا اور دوران عدالتی عملے نے جیل حکام سے بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر حاضری کے لیے رابطہ کیا۔رابطہ کرنے پر اڈیالہ جیل حکام نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی خرابی کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیش نہیں کیا جا سکتا۔ عدالتی عملے نے جج افضل مجوکا کو بھی جیل حکام کے جواب سے آگاہ کر دیا۔ جیل حکام اور پولیس نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کی اس لیے اب پولیس و جیل حکام نے بغیر پیشی میرٹ پہ فیصلہ سنائے جانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں چھوڑا۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ میرٹ پہ فیصلہ سنایا جائے۔
6
ڈائریکٹر جنرل ’پی ایس کیو سی اے‘ کی تعیناتی کیلئے تین نام وزیراعظم کو ارسال،ذرائع کے مطابق پینل میں ڈاکٹر ضیاء بتول، اختر بگیو اور ڈاکٹر فاروق کے نام شامل ہیں۔ ڈی جی پی ایس کیو سی اے کی تقرری تین سالہ کنٹریکٹ پر کی جائے گی جبکہ کارکردگی کی بنیاد پر ایک، ایک سال کی توسیع دی جا سکے گی۔ڈی جی کی یہ پوسٹ گزشتہ تین سال سے خالی ہے اور اب تک اس پر تقرری کی چار کوششیں کی جا چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کی ہدایت پر امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کیے جا چکے ہیں۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ پینل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذریعے وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے۔
7
سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ مزاحمت ٹیک آف کر ہی نہیں سکی یہ نہیں کہہ سکتے کہ کوشش نہیں ہو گی، ظاہری سی بات ہے جتنی بھی اپوزیشن جماعتیں ہیں اس میں سب سے زیادہ تحریک انصاف، ان کی تو کوشش ہے کہ جلد سے جلد حکومت کو گرایا جائے اور خان صاحب کو رہا بھی کروایا جائے، اس میں جو دوسری اپوزیشن جماعتیں ہیں اچکزئی صاحب ہیں یا اس قسم کے لوگ ہیں ان کے ارادے تو نظر آئے تھے لیکن ایک پروفیشنل طریقے سے، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اندر کی کہانی تو مجھے نہیں معلوم شاید بات چیت ہوئی ہوگی۔
8
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کے سبب انڈیکس بلندی کی جانب گامزن ہے۔بازارِ حصص میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 293 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 16 ہزار 683 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔بعد ازاں پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور انڈیکس بتدریج بڑھتے بڑھتے مجموعی طور پر 599 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ایک لاھ 16ہزار 989پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا۔
9
مصر کی غزہ جنگ بندی کیلیے نئی حیران کن تجویز؛ حماس سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ،عرب میڈیا کے مطابق مصر کے دارالحکومت میں حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ جنگ بندی پر مذاکرات ثالثیوں کی موجودگی میں ہوئے۔ان مذاکرات میں حیران کن طور پر مصر نے مطالبہ کیا کہ حماس غزہ میں جنگ بندی کے لیے تحریک آزادی سے دستبردار ہوجائے اور اسرائیل کے سامنے ہتھیار پھینک دے۔مذاکراتی عمل میں شریک حماس کے ایک عہدیدار طاہر النونو نے عرب میڈیا کو بتایا کہ ان کی مذاکراتی ٹیم یہ تجویز سن کر حیران رہ گئی تھی۔طاہر النونو کا کہنا تھا کہ حماس نے واضح کردیا کہ اس وقت ہتھیار ڈالنے کا موضوع زیرِ بحث ہی نہیں اور نہ ہی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
10
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے خلاف سنگجانی جلسے پر درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں 24 اپریل تک توسیع کر دی۔انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ اسد قیصر کی عدم پیشی پر عدالت نے اظہارِ برہمی کیا۔وکیل عائشہ خالد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر ملک سے باہر ہیں ان کی واپسی 22 اپریل کو ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے سوال کیا کہ وہ کس کو بتا کر گئے ہیں؟ وکیل صفائی نے بتایا کہ ان کا نام ای سی ایل میں تھا، ہائیکورٹ سے اجازت لیکر گئے ہیں۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ اسد قیصر کی عبوری ضمانت ہوچکی ہے وہ آتے نہیں اور آخر میں آپ ان کو بلا لیتی ہیں، جو وہ اجازت لیکر گئے ہیں اس کا کوئی عدالتی ڈاکومنٹ لیکر آئیں۔جج نے ریمارکس دیے کہ نومبر میں ان کی عبوری ضمانت ہوئی اس کے بعد انہوں نے عدالت آنے کی زحمت ہی نہیں کی، اگر آپ نے ہائیکورٹ کا آرڈر نہ دکھایا تو میں ضمانت خارج کر دوں گا۔عدالت نے اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں 24 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
11
سپریم کورٹ نے 9 مئی مقدمات کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی عدالتوں کو 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔9 مئی مقدمات میں نامزد ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لیے اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی، جس میں عدالت نے انسداد دہشت گردی عدالتوں کو ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے سینیٹر اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔ دریں اثنا پی ٹی آئی کے حافظ فرحت عباس اور امتیاز شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حافظ فرحت عباس کو جمعرات تک گرفتار کرنے سے روک دیا اور ان کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ امتیاز شیخ پہلے ہی عبوری ضمانت پر ہیں، جس پر سپریم کورٹ نے امتیاز شیخ کی عبوری ضمانت میں جمعرات تک توسیع کر دی۔
12
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ کینالز کے معاملے میں شہباز شریف اور پیپلز پارٹی دونوں شریک ہیں۔ جب ہم اپنے حق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو ہمارے خلاف ایف آئی آر درج ہوتی ہیں۔ وفاقی حکومت نے میرے خلاف مقدمات کی رپورٹ جمع کرائی تو اس میں آئی جی اسلام آباد نے 2 ایف آئی آرز کو چھپایا۔ آج عدالت نے حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی ہے، اس پر شکرگزار ہیں۔ ہمارے ساتھیوں کو پارلیمنٹ کے اندر سے اٹھایا گیا، اسپیکر نے کمیٹی بنائی، اس پر کچھ نہیں ہوا۔ کینالز کے معاملے پر ہم نے قومی اسمبلی میں قرار داد جمع کرائی، وہ غائب ہو گئی۔ کینالز کے معاملے میں شہباز شریف اور پیپلزپارٹی برابر کے شریک ہیں۔ پیپلز پارٹی مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر بھی بات ہو رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں اس بل پر بات تک ہوگی جب بانی پی ٹی آئی احکامات دیں گے۔پشاور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت
13
لیبیا میں تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی ہے، حادثے میں گیارہ نعشیں نکال لی گئی ہیں،جن میں سے چار کی پاکستانیوں کے طور پر شناخت کر لی گئی ہے۔لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو بھیجی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا کے مشرقی علاقے میں سیریت شہر کے قریب ہراوا کوسٹ میں کشتی کو حادثہ12اپریل کو پیش آیا۔حادثے کے مقام سے اب تک گیارہ نعشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں سے چار پاکستانیوں کی ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے سیریت شہر کا دورہ کر کے واقعہ کی معلومات حاصل کیں اور قومی دستاویزات سے چار نعشوں کی پاکستانیوں کے طور پر شناخت کر لی ہے۔
14
امریکا کی معروف اور بااثر ہارورڈ یونیورسٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے متنازع مطالبات ماننے سے انکار کر دیا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے یونیورسٹی کی 2.3 ارب ڈالر کی امداد منجمد کر دی ہے۔امریکی محکمہ تعلیم کے مطابق، ہارورڈ کی 2.2 ارب ڈالر کی گرانٹس اور 60 ملین ڈالر کے معاہدے روک دیے گئے ہیں۔ اس اقدام سے ملک کی سب سے امیر یونیورسٹی اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان ایک نیا تنازع پیدا ہو گیا ہے۔جمعے کے روز ٹرمپ انتظامیہ نے یونیورسٹی کو ایک خط بھیجا جس میں کہا گیا کہ وہ طلبہ اور اساتذہ کے اختیارات محدود کرے، بیرونِ ملک سے آئے طلبہ کی خلاف ورزیاں رپورٹ کرے اور ہر شعبے پر نگرانی کے لیے بیرونی ادارہ مقرر کرے۔
15
قاہرہ مذاکرات ناکام: حماس نے ہتھیار ڈالنے سے صاف انکار کر دیاغیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، ان مذاکرات کا مقصد جنگ بندی کی بحالی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تھا، تاہم کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی۔ذرائع کے مطابق، حماس نے اپنا مؤقف برقرار رکھتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی معاہدے کی بنیاد جنگ کا مکمل خاتمہ اور غزہ سے اسرائیلی انخلا ہونا چاہیے۔ ادھر اسرائیل کا مؤقف ہے کہ جب تک حماس کو مکمل شکست نہ دی جائے، فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔