1
نو مئی کے تمام مقدمات میں 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم برقرار،سپریم کورٹ نے 9 مئی مقدمات میں سینیٹر اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس کو گرفتار کرنے سے روک دیا جبکہ امتیاز شیخ کی عبوری ضمانت میں جمعرات تک توسیع کر دی۔سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنماؤں حافظ فرحت عباس اور امتیاز شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض حافظ فرحت عباس کی جمعرات تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ امتیاز شیخ پہلے ہی عبوری ضمانت پر ہیں جس پر عدالت نے عبوری ضمانت میں جمعرات تک توسیع کر دی۔
2
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے عدالتی کارکردگی سمیت معاہدوں کے نفاذ ، جائیداد کے حقوق کے تحفظ سمیت بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرنے والے معاملات پر خدشات کا اظہار کردیا۔پاکستان میں موجود آئی ایم ایف مشن کی اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔ وفد سے سپریم کورٹ بار کے صدر میاں روف عطا، صدر بلوچستان ہائیکورٹ بار میر عطااللہ لانگو اور صدر سندھ ہائیکورٹ بار بیرسٹر سرفراز میتلو کی بیٹھک لگی۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات عدالتی کارکردگی جیسے امور پر بات چیت کی گئی۔آئی ایم ایف مشن نے عدالتی کارکردگی سمیت معاہدوں کے نفاذ ، جائیداد کے حقوق کے تحفظ سمیت بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرنے والے معاملات پر خدشات کا اظہار کردیا۔
3
کراچی کے علاقے لانڈھی مرتضٰی چورنگی کے قریب فاروقی قبرستان کے پاس واقع برف کے کارخانے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کارخانے کی چھت گر گئی۔حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے 2 افراد اسپتال منتقل کرتے ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر چار شدید زخمی افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔پولیس حکام کے مطابق تاحال تمام متاثرین کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم تمام افراد کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
4
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی سےترکیہ اورایران کےسفراءکی ملاقاتیں ہوئیں جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے ، اعلامیے کے مطابق ترکیہ اور ایران سے عدالتی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی ، عدالتی شعبے میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نےدونوں سفراء کو سپریم کورٹ آمد پرخوش آمدیدکہا، چیف جسٹس نے ایرانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔ ایرانی سفیرنےچیف جسٹس آف ایران کی جانب سے مبارکباد اوردعوت نامہ پیش کیا، ترکیہ کےسفیر نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو ترک ہم منصب کا خیرسگالی پیغام پہنچایا۔
5
وفاقی حکومت نے ملک میں زراعت کی ترقی اور زرعی تجارت کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے زرعی اتھارٹی کے قیام کا بل تیارکرلیا ، جو جلد ہی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق، یہ اتھارٹی زرعی اجناس کی تجارت اور طلب و رسد کے معاملات کو باضابطہ بنانے کے ساتھ ساتھ زراعت سے متعلق تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بھی ذمہ داری ادا کرے گی۔وفاقی کابینہ کا ممکنہ اجلاس آج شام 6 بجے وزیراعظم کی وطن واپسی پر طلب کیے جانے کا امکان ہے، جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم بیلاروس کے حالیہ کامیاب دورے پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔
6
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں ٹرالر اور مسافر وین میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق افسوسناک حادثہ کرک میں انڈس ہائی وئے پر لکی غنڈکی کے قریب پیش آیا، حادثے میں 10 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق کئی زخمی مسافر پھنس گئے ہیں، جنہیں نکالنے کےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
7
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.06 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔کرنسی ڈیلرز کے مطابق ڈالر کے مقابلے روپیہ 17 پیسے کی بہتری سے 280.43 روپے کا ہوگیا، یاد رہے کہ پیر کو ڈالر 280.60 روپے پر بند ہوا۔بین الاقوامی سطح پر منگل کو امریکی ڈالر مستحکم رہا لیکن یورو کے مقابلے میں تین سال کی کم ترین سطح اور گزشتہ ہفتے ین کے مقابلے میں چھ ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہا۔ٹرمپ کا امریکی درآمدات پر ٹیرف کا نفاذ اور پھر اچانک اس کا مؤخر کرنا بے چینی کا سبب بن چکا ہے، جس سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کے لیے عدم یقینیت میں اضافہ ہوا ہے