اسلام آباد(ای پی آئی)الیکشن کمیشن میں ق لیگ کی سربراہی کے معاملے پر سماعت کے دوران پرویز الہی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا تذکرہ چھڑ گیا، ممبر کے پی نے کہاکہ ہم نے تو ٹی وی پر کچھ اور ہی دیکھا تھا،عامر سعید راں نے کہاکہ سب کچھ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہے ۔

تفصیل کے مطابق الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت حسین کا پارٹی سربراہ ہونے کے معاملے کی سماعت ہوئی،مسلم لیگ ق پرویز الہی گروپ کے وکیل عامر سعید راں الیکشن کمیشن پیش ہوئے،وکیل عام سعید راں نے کہاکہ کمیشن نے 18 اگست کو چودھری شجاعت پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ محفوظ کیاتھا،پنجاب میں انتخابات ہونے والے ہیں، کیس کا فیصلہ سنایا جائے ،الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ہی پارٹی ٹکٹ جاری ہو سکیں گے ۔

الیکشن کمیشن میں دوران سماعت پرویز الہی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا تذکرہ چھڑ گیا،ممبر کے پی نے کہاکہ ہم نے تو ٹی وی پر کچھ اور ہی دیکھا تھا،عامر سعید راں نے کہاکہ سب کچھ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہے ۔

ممبر کے پی نے استفسار کیا کہ کیا جلد فیصلہ سنانے کیلئے تحریری درخواست دی ہے؟عامر سعید راں نے کہاکہ تحریری درخواست دائر کئے ہوئے بھی 4 ماہ گزر چکے ہیں ،ممبران الیکشن کمیشن نے کہا کہ ق لیگ پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی کوشش کریں گے ۔