اسلام آباد(ای پی آئی)احتساب عدالت اسلام آبادنے جعلی بینک اکاونٹس کیسزکے 14کرپشن ریفرنسزختم کر دیئے تفصیل کے مطابق احتساب عدالت نے عبدالغنی مجید کے خلاف جعلی بینک اکاونٹس کا چودھواں ریفرنس واپس کردیا۔

دوران سماعت عدالت نے نئے نیب قانون کے بعد جعلی بینک اکاونٹس کا ریفرنس احتساب عدالت میں ٹرائل نہیں ہو سکتا، احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے ریفرنس واپس بھیجنے کا حکم نامہ جاری کردیا،ریفرنس عبدالغنی مجید، محمد شبیر، محمد حنیف، عابد اللہ شاہ اور دیگر ملزمان نامزد تھے۔

احتساب عدالت نے کہاکہ ریفرنس کے مطابق نجی افراد نے بینامی کمپنی کے ذریعے پلاٹ خریدا، پلاٹ کی مالیت 24 کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار روپے تھی،ملزمان نے 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کی ادائیگی جعلی اکاونٹس سے کی،5کروڑ 83 لاکھ 25 ہزار روپے کی باقی نقد رقم ادا کی گئی،عدالتی حکمنامے میں مزید کہاگیاہے کہ معاملے کی رقم 24 کروڑ روپے سے زائد ہے

اور یہ 50 کروڑروپے سے کم ہے، نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت 50 کروڑ روپے سے کم کے مقدمات پر دائرہ اختیار نہیں بنتا، احتساب عدالت نے کہاکہ عدالت ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم دیتی ہے۔یاد رہے کہ احتساب عدالتیں اب تک 300 کرپشن ریفرنسز دائرہ اختیار ختم ہونے پر واپس کرچکی ہیں۔