اسلام آباد (ای پی آئی )وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتِ حال پر اسلام آباد میں جائزہ اجلاس ۔دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیکٹا میں قومی و صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ مرکز قائم کیا جا چکا، پنجاب کے 10 شہروں میں سیف سٹی منصوبہ کام کر رہا ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور نوابشاہ میں سیف سٹی منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ منظور ہو چکا ہے، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت میں سیف سٹی منصوبے لگائے جائیں گے، گوادر سیف سٹی منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا، قومی شاہراہ 25 N اور قومی شاہراہ 40 N پر واقع تمام اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے گا۔

دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مختلف شاہراہوں اور پلوں پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، اہم شہروں کے گردونواح میں غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کیلئے کارروائیاں ہو رہی ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں بھکاریوں کیخلاف بھی کریک ڈان کیا جا رہا، بھکاریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اسلام آباد میں فارنزک سائنس ایجنسی قائم کی جا چکی ہے جبکہ پنجاب میں فارنزک سائنس ایجنسی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی،وفاقی وزیر احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثنااللہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف، وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس الحق لون، وزیر داخلہ آزاد جموں و کشمیر کرنل ریٹائرڈ وقار نون موجود تھے۔

اس موقع پر چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹرز جنرل پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں، دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے تمام اداروں اور صوبوں کی کوششیں لائقِ تحسین ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے لئے وفاقی حکومت صوبوں کی استعداد بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گی، ہمیں آپس کے تمام اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسر دن رات دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے، سمگلرز کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے، ملک کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، دہشت گردی کے خلاف بیانیے کے حوالے سے وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔