1
جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کا حلف اٹھا لیاحلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد کے ججز بلاک میں منعقد ہوئی، جس میں جسٹس منیب اختر نے جسٹس منصور علی شاہ سے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کا حلف لیا۔
2
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم اسٹرکچرل ریفارم ہے جو نظام کی بہتری کے لیے کی گئی،علم غیب کسی کے پاس نہیں ہے، ضرورت کے تحت کل کو اگر کوئی چیز کرنا پڑی تو تمام اتحادی جماعتیں و پارلیمنٹ بیٹھ کر سوچیں گی۔ لاہور کا شکریہ کہ جو رسپانس ہے وہ خوش آئند ہے، اے ڈے آر کی مصالحت کی بات ہو، کہا جائے کہ یہ جوڈیشل سسٹم کا حصہ نہیں یہ غلط ہے۔ یہ ایڈووکیسی کی ایک نئی شکل ہے، حکومت پاکستان نے وقت کی اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے آئی میک کا سنگ بنیاد رکھا، میرے پاس بہت وائبرنٹ ٹیم ہے، بنیادی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہمارا کام ہے باقی آپ کا کام ہے۔پنجاب بار کونسل میں دو روزہ بین الاقوامی مصالحت و ثالثی ٹریننگ کی تقریب سے خطاب،کہا کہ نئی چیزوں کو نئے آئیڈیا کو لے کر چلیں گے تو بلندیوں تک جائیں گے، علم کا قانون کا یہ ایک اور آسمان ہے جس پر ہمیں پرواز کرنا ہے، امید کرتا ہوں کہ اگلے دو روز پوری دلچسپی کے ساتھ ہماری ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔
3
پختونخوا میں دینی مدارس کی گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 100 ملین کر دی گئی۔مشیر اطلاعات کے پی کے بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں صوبے میں دینی و عصری تعلیم کو فروغ دیا جا رہا ہے اور حکومت اسکولوں کے ساتھ ساتھ مدارس کو بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ دینی مدارس کے طلبہ بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور دینی و عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔
4
ملک میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 4 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 7 مختلف آپریشنز میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مجموعی طور پر 191.164 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 4 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسقط جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1.648 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو جانے والے مسافر کے سامان میں چھپائی گئی 516 گرام ہیروئن قبضے میں لی گئی۔علاوہ ازیں دالبندین چاغی کے قریب ایک ٹرک میں چھپائی گئی 120 کلوگرام افیون برآمد ہوئی، جس میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بلوچستان، پشین روڈ کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 64 کلوگرام افیون پکڑی گئی، 1 ملزم گرفتار ہوا۔
5
سندھ حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین کے خلاف کریک ڈاؤن میں اب تک مجموعی طور پر 17,980 موٹر سائیکلیں ضبط کی جا چکی ہیں۔سندھ کے سینئر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کریک ڈاؤن کے حوالے سے بریفنگ دی۔فینسی نمبر پلیٹس، ٹنٹڈ گلاس، اور دیگر غیر قانونی لوازمات کے خلاف 1,295 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جبکہ 308 ہیوی اور لائٹ ٹرانسپورٹ گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ یہ مہم صرف آغاز ہے اور آنے والے دنوں میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے، شہری قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور غیر قانونی لوازمات سے گریز کریں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی صرف ایک معمولی جرم نہیں بلکہ اجتماعی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی، ان کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
6
پاکستان اور روانڈا کے تعلقات میں نئی پیش رفت کے تحت دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری سمیت دیگر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔روانڈا کے امورِ خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیراولیور جین پیٹرک ندوہنگیرے آج وزارت خارجہ اسلام آباد پہنچے، جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں روانڈا کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ڈپلومیٹک ٹریننگ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں دیگر ایم او یوز پر دستخط کرنے کی بھی خواہش ظاہر کی۔روانڈا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کاروباری شخصیات روانڈا میں بزنس کریں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں اور ہم ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے دورے جاری رکھیں گے۔
7
2025-26 وفاقی بجٹ خسارہ 7222 ہزار ارب رہنے کا امکان،ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال وفاقی حکومت کی آمدنی کا تخمینہ 19111 ہزار ارب روپے ہے جس میں ٹیکس آمدنی کا تخمینہ 15270 ارب، نان ٹیکس آمدنی کا 3841 ہزارارب روپے لگایا گیا ہے۔این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 8780 ارب روپے منتقل ہونے کے بعد وفاق کی خالص آمدنی10331 ارب رہ جائیگی۔وفاقی اخراجات کا تخمینہ17553ہزار ارب روپے ہے، اس میں 8106 ارب روپے سود کی ادائیگی کیلیے ہیں جس کے بعد وفاق کے پاس دیگر اخراجات کیلئے2225 ہزار ارب روپے بچیں گے۔
8
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 21 تا 27 اپریل انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے۔ بچوں کو معذوری سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔سندھ میں انسداد پولیو مہم کے دوران 1 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ایک کروڑ چھ لاکھ بچوں میں سے شہر کراچی میں 5 سال سے کم عمر 27 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب
9
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 2025 کے اختتام پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں چار مختلف ممالک کی بہترین کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان کی باصلاحیت کپتان فاطمہ ثنا کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی کپتانی سونپی گئی ہے۔آئی سی سی ویمنز ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں فاطمہ ثنا کے ساتھ پاکستان کی منیبہ علی، نشرا سندھو، سعدیہ اقبال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔اوپنرز کی جوڑی میں ہیلی میتھیوز اور منیبہ علی شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز نے شاندار آل راؤنڈر کارکردگی دکھائی، 240 رنز اور 13 وکٹیں حاصل کرکے وہ نہ صرف ٹورنامنٹ کی ٹاپ وکٹ ٹیکر رہیں بلکہ اپنی ٹیم کو کئی مواقع پر فتح کے قریب بھی پہنچایا۔پاکستان کی منیبہ علی نے بھی مستحکم آغاز فراہم کیے، اسکاٹ لینڈ کے خلاف ان کی 71 رنز کی اننگز یادگار رہی۔
10
ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں ناکامی پر ویسٹ انڈین کپتان مایوس،بنگلا دیش نے محض 0.1 نیٹ رن ریٹ کے فرق سے انھیں پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے ہمراہ ورلڈ کپ فائنلز میں جگہ بنالی۔ہیلی میتھیوز نے کہا کہ ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ ہم نے خود کو مشکل میں ڈالا ہے، ہم ایونٹ سے قبل انتہائی پراعتماد تھے لیکن ہمیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے۔بنگلا دیش سے میچ میں ہماری ٹیم نے اچھی فائٹ کی لیکن تواتر سے پرفارمنس نہ کر پانے سے ہمیں کوالیفائر میں بڑا نقصان پہنچا۔
11
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ جو ملک میں دہشت گردی ہے اس کے نظریاتی مسائل کا حل فکر اقبال میں ہے اور فکری انتشار کی بڑی وجہ بھی اقبال کی فکر سے دوری ہے۔اقبال ہمیں خواب تو دکھاتے ہیں لیکن حقیقت میں بدلنے کی عمل کی تلقین بھی کرتے ہیں۔ جو قومیں آزاد و خود مختار ہوتی ہیں وہ وقت ضائع نہیں کرتی بلکہ اپنی تقدیر و آزادی کے لیے لڑتی ہیں، اقبال ہمیں فکر جہد مسلسل کا سبق پڑھاتے ہیں۔ فکر اقبال کا احیا اسکول کالجز، یونیورسٹی اور قومی سطح پر ہونا چاہیے۔ اقبال کی فکر پر عمل کیا جائے تو قوم کو تفرقہ بازی سے باہر نکالا جا سکتا ہے، بطور قوم متحد ہو کر بڑے مقصد کے لیے برسر پیکار ہونا ہوگا۔ایوان اقبال میں بین الاقوامی اقبال کانفرنس کے انعقاد سے خطاب
12
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت سیگر ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج نہیں ہوگی، عدالتی اہلکار کچھ دیر میں سماعت کے لیے نئی تاریخ مقرر کریں گے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آج چھٹی پر ہیں اور اس حوالے سے تمام بڑے ملزمان کو جج کی چھٹی سے متعلق آگاہ کر دیا گیا۔سپریم کورٹ کا چار ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم ابھی عدالت نہیں پہنچا۔جج کی چھٹی کے باعث عدالت کے باہر سے پولیس کی نفری بھی واپس بھیج دی گئی جبکہ عدالت پیش ہونے والے ملزمان کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دی گئی۔
13
رینجرز اور سی ٹی ڈی نے ایک آپریشن کے دوران چینی شہریوں پر حملے ، صحافیوں کی ریکی اور دیگر کارروائیوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔سندھ رینجرزاورسی ٹی ڈی نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث بلوچ لیبریشن فرنٹ تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کر کےاس کے قبضےسے اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث بلوچ لیبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم اختر عرف اکو عرف بنگالی کو گرفتار کیا، جس کے قبضےسے اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
14
آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبمن گل کو بھارتی بورڈ نے سلو اوور ریٹ پر 12 لاکھ جرمانہ عائد کر دیا۔شبمن گل کی ٹیم دہلی کیپٹیلز کت خلاف 7 وکٹ سے فتحیاب رہی تھی۔اس کے علاوہ، 20 ویں اوور میں ان کی ٹیم کو سرکل سے باہر بھی 4 فیلڈرز کو رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔آئی پی ایل کوڈ کے آرٹیکل 2.22 شق کے تحت انھیں کم سے کم جرمانہ عائد کیا گیا۔
15
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مسلسل شکستوں اور قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش کیلئے اشتہار دیدیا۔بورڈ کی جانب سے اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عبوری ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے عاقب جاوید کی سربراہی میں گرین شرٹس کو مسلسل شکستیں دیکھنا پڑیں۔عاقب جاوید کے دور میں پاکستان ہوم گراؤنڈ پر ہونیوالی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہوا جبکہ دورہ نیوزی لینڈ میں انہیں بدترین شکست ہوئی، 7 میچز کے ٹور میں قومی ٹیم محض ایک فتح حاصل کرسکی۔