1
جے یو آئی کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ،جے یو آئی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آزاد حزب اختلاف کا کردار ادا کرتی رہے گی وہ حکومت کا حصہ نہیں بنے گی اور پارلیمنٹ میں زیر غور آنے والے معاملات کا جائزہ لیتی رہے گی اور باوقت ضرورت تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کرنے یا نہ کرنے کا تعین ہو گا۔جمعیت علمائے اسلام کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جے یو آئی کے زیر اہتمام 27 اپریل کو مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ ریلی ہو گی، اسی طرح 10 مئی کو پشاور اور 17 مئی کو کوئٹہ میں ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ کے اجتماعات ہوں گے۔جے یو آئی نے پنجاب میں نہریں نکالے جانے کے معاملے میں اپنی سندھ تنظیم کے موقف کی تائید کا فیصلہ کیا ہے اور طے کیا ہے کہ پارٹی کی مرکزی تنظیم اس بارے میں کوئی راہ عمل اختیار نہیں کرے گی۔
2
بنگلادیش کی جانب سے مفرور شیخ حسینہ واجد کیخلاف انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق بنگلا دیشی پولیس نے شیخ حسینہ کیخلاف انٹرپول سے ریڈ نوٹس کی درخواست کر کے عالمی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، پولیس نے سابق وزیراعظم حسینہ واجد اور 12 دیگر افراد کیخلاف انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی باضابطہ درخواست دے دی ہے۔بنگلادیشی پولیس کی جانب سے یہ اقدام انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کی درخواست پر اٹھایا گیا ہے۔ریڈ نوٹس کی درخواست عدالتی احکامات اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دی گئی ہے، جس کا مقصد شیخ حسینہ سمیت تمام مفرور ملزمان کو عالمی سطح پر قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔
3
سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس سرمد جلال عثمانی انتقال کر گئے۔اس حوالے سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کہا ہے کہ سرمد جلال عثمانی کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے، مرحوم سرمد جلال عثمانی طویل عرصے سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔مرحوم سرمد جلال عثمانی کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر مسجد حمزہ ڈیفنس فیز 8 میں ادا کی جائے گی۔
4
پنجاب میں سکول میل پروگرام کو توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کو مفت کھانا پروگرام کو مزید 10 اضلاع میں توسیع دی جائے گی، پروگرام پر مزید 15 ارب روپے کی لاگت آئے گی، پروگرام کو اگلے مالی سال میں توسیع دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق موجودہ میل پروگرام سے سکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا، طلبہ کی انرولمنٹ میں 55 ہزار 757 کا اضافہ ہوا، موجودہ منصوبے پر 4 ارب روپے خرچ ہوئے تھے، منصوبے کے تحت 4 کروڑ دودھ کے ڈبے فراہم کئے گئے۔
5
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دوسرے روز بھی کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، تمام مین شاہراہوں پر آمدورفت معطل رہے گی۔حکام کے مطابق کرفیو کا فیصلہ علاقے میں موجود سکیورٹی خطرات کے باعث کیا گیا، شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کرفیو کے اوقات میں مکمل تعاون کریں، سفر کیلئے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
6
اسرائیل نے غزہ میں دہشت گردی کی انتہا کر دی، حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔اسرائیل نے خان یونس، رفاہ، شمالی غزہ، المواسی اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے غزہ میں میڈیکل ٹیم کے امدادی ورکرز پر حملہ کر دیا، 15 کارکن شہید جبکہ متعدد ایمبولینس بھی تباہ ہوگئیں۔جنگ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد51ہزار200سے تجاوز کرگئی، ایک لاکھ 16 ہزار869 زخمی ہوچکے۔
7
پی آئی اےکی پہلی پرواز آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں لینڈ کر گئی، باکو کے حیدر علی ائیرپورٹ پر پرواز اور مسافروں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آذربائیجان میں پاکستانی سفیر قاسم محی الدین، ڈائریکٹر ائیرپورٹ تیمور حسن اور وزیر ٹرانسپورٹ رشد نبی نے پرواز کا استقبال کیا جبکہ پی آئی اے اور پاکستانی سیاحوں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔دوران پرواز کیک بھی کاٹا گیا اور مسافروں میں تحائف کے ساتھ ساتھ قرعہ اندازی کے ذریعے موبائل فون بھی تقسیم کئے گئے۔ پی آئی اے کی باکو سے لاہور کی پرواز پی کے ۔160 واپسی کیلئے روانہ ہوگئی۔پی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دے رہا ہے اور باکو اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ اس پرواز سے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔


