1
یوسف رضاگیلانی نے صدرکےخطاب پربحث ایوان کے تین سیشنز میں مکمل کرنے کی رولنگ دیدی۔اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر مملکت کے خطاب پر بحث کے لیے تین سیشنز کے اندر کارروائی مکمل کرنے کی رولنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹر ثانیہ نشتر کی خالی کردہ نشست پر تاحال انتخابات نہ ہونے پر اعتراض اٹھایا اور چیئرمین سے رولنگ کا مطالبہ کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ثانیہ نشتر کا استعفیٰ منظور کر کے نوٹیفائی کیا جا چکا ہے اور خالی نشست کی اطلاع الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فراہم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سینیٹ کے دائرہ اختیار میں انتخابات کروانا شامل نہیں، بلکہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس کے دوران کورم کی نشاندہی پر جب حاضری پوری نہ نکلی تو چیئرمین نے سینیٹ اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا۔
2
عفت عمر نے معاون برائے ثقافت کا عہدہ لینے سے معذرت کرلی۔گزشتہ روز اداکارہ عفت عمر کو پنجاب حکومت کی جانب سے کلچرل ایڈوائزر مقرر کیا گیا تھا اور انہیں صوبہ بھر میں کلچر کی بحالی کا کام سونپا گیا تھا۔صوبائی حکومت کی جانب سے عفت عمر کو الحمرا کلچرل کمپلیکس میں دفتر بھی بناکر دیا گیا۔تاہم، معروف اداکارہ نے عہدہ لینے سے معذرت کرلی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ عہدہ قبول نہ کرنے کی وجہ صرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بتاؤں گی۔
3
انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کی ٹیم راجستھان رائلز پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر جے دیپ نے لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف میچ کو فکس قرار دیا ہے۔جے دیپ نے دعویٰ کیا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ راجستھان رائلز کا لکھنؤ کے خلاف میچ فکس تھا اور ہوم گراؤنڈ پر چند رنز کے ہدف کا دفاع نہ کر پانا واضح طور پر مشکوک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایڈہاک کمیٹی ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی ہے۔
4
چین کی سرمایہ کارکمپنیوں کو پنجاب میں سہولت فراہم کرنے کے لئے چائنا بزنس پارک کےقیام کا فیصلہ کرلیاگیا۔چائنا بزنس پارک کے قیام کے لئے محکمہ اوقاف کی وقف اراضی کی لیزپر فراہمی کیلئے صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔یہ فیصلہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت واوقاف چوہدری شافع حسین سے چائنیزبزنس کونسل پاکستان کے وفد کی ملاقات میں کیا گیا۔
5
او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف محمد صالح الدوبی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں معزز مہمانوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد میں او آئی سی اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام کے ساتھ ساتھ نمل یونیورسٹی کے نمائندے بھی شامل تھے۔ دورے کے دوران وفد نے مری میں اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے مظفرآباد میں مہاجر کیمپوں اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کشمیری مہاجرین سے ملاقات کی۔ وفد نے کشمیری مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
6
صوبہ پنجاب میں گندم کی خریداری کےلیے جامع پلان تیار کرلیا گیا۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخارعلی کا کہنا ہے کہ گندم کی خریداری نجی شعبہ کے ذریعے کی جائیگی۔ پرائیویٹ سیکٹر کو گندم خریداری کیلئے وسائل حکومت پنجاب مہیا کریگی۔سیکرٹری زراعت افتخارعلی سہو کےمطابق گندم کی خریداری کیلئے فری مارکیٹ کا نظام تمام صوبوں میں رائج ہوچکا ہے۔ حکومت پنجاب نے گندم کے کاشتکاروں کے مالی تحفظ کیلئے متبادل نظام متعارف کرایا ہے۔نئےنظام میں پرائیویٹ ادارے، انویسٹرز و ٹریڈرز خریداری کے عمل میں شامل ہوں گے۔ نئے نظام کے تحت چار ماہ تک گندم کو نوٹیفائیڈ گوداموں میں سٹور کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔