1
سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر انکار کرتے ہوئے اپیلیں نمٹا دیں۔سپریم کورٹ میں عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر پنجاب حکومت کی اپیلوں پر سماعت ہوئی جس دوران پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے عدالت سے کہا کہ ملزم کے فوٹو گرامیٹک، پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے ہیں۔اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ درخواست میں استدعا ٹیسٹ کرانے کی نہیں جسمانی ریمانڈ کی تھی، ٹرائل کورٹ سے اجازت لے کر ٹیسٹ کروالیں۔اسپیشل پراسیکیوٹر نےکہا کہ ملزم نے تعاون نہیں کیا، اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا جیل میں زیرحراست ملزم سے مزید کیسا تعاون چاہیے؟ میرا ہی ایک فیصلہ ہےکہ ایک ہزار سے زائد ضمنی چالان بھی پیش ہوسکتے ہیں۔جسٹس کاکڑ نے کہا 5 دن پہلے ایک فوجداری کیس سنا،کیس میں نامزد ملزم 7سال تک ڈیتھ سیل میں رہا جسے باعزت بری کیا گیا، ہمیں 3 ماہ کا وقت دیں فوجداری کیسز ختم کر دیں گے۔جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیے کسی عام قتل کیس میں تو ایسے ٹیسٹ کبھی نہیں کرائے گئے، توقع ہےعام آدمی کے مقدمات میں بھی حکومت ایسے ہی کارکردگی دکھائے گی۔
2
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کینالز منصوبے میں سیلاب کا پانی استعمال ہوگا اور اس پر سندھ ہمیں ڈکٹیشن نہیں دے سکتا۔ پیپلزپارٹی کوسندھ کے کسانوں کی فکرکیوں نہیں ہوتی؟ پیپلزپارٹی سندھ میں 16 سال سے اقتدارمیں ہے، اپنی کارکردگی پردھیان دے، اگرپیپلزپارٹی غلط بیانی سے کام لےگی توجواب دینا پڑے گا۔ابھی تک کوئی نہربننا شروع نہیں ہوئی مگر ایسا نہیں کہہ رہی کہ اتفاق رائے نہیں ہوا تونہریں نہیں بنیں گی، مذاکرات دھمکیوں کےذریعے نہیں ہوتے۔اس منصوبے میں سیلاب کا پانی استعمال ہوگا، سندھ ہمیں ڈکٹیشن تونہیں دے سکتا کہ ہم سیلاب کے پانی کا کیا کریں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو
3
پنجاب کے مختلف اضلاع اور سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں گندم کی تیار فصل میں آگ لگنے سے کسانوں کے لاکھوں روپے ڈوب گئے۔گندم کی تیار فصل میں آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات لودھراں میں ہوئے جہاں صرف 2 ہفتوں کے دوران گندم کی فصل کو آگ لگنے کے 30 واقعات پیش آئے۔اسی طرح سے حافظ آباد میں درجن بھر کے قریب حادثات ہوئے جب کہ سرگودھا، خوشاب، بہاولپور اور ڈی جی خان سمیت سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں بھی 2 واقعات پیش آئے جس میں کسانوں کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا۔شکرگڑھ میں باراتیوں کی جانب سے کی جانے والی آتش بازی سے گندم کے کھیت میں آگ لگی۔ریسکیو حکام کے مطابق گندم کو آگ لگنے کی عام وجہ گندم کی باقیات کو جلانا ہے جس سے ساتھ کھڑی فصل کو آگ لگ جاتی ہے، بعض اوقات گندم کی فصل کے ساتھ سے گزرتے افراد جلتی سگریٹ کھیتوں میں پھینک دیتے ہیں اس سے بھی آگ لگ جاتی ہے۔
4
جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہےکہ ان کی پارٹی نے پی ٹی آئی سے اتحاد سے معذرت کرلی لیکن پارلیمنٹ کے اندر ایشو ٹو ایشو تعاون کریں گے۔دونوں پارٹیوں کے درمیان طے پایا تھا کہ ایک دوسرے سے بتائے بغیر اسٹیبلشمنٹ سے بات نہیں ہوگی تاہم پی ٹی آئی کے اہم رہنما اعظم سواتی نے بات چیت کا اعتراف کرلیا جس کے بعد اتحاد ممکن نہ رہا۔ان کی پارٹی نے پی ٹی آئی سے اتحاد سے معذرت کرلی لیکن پارلیمنٹ کے اندر ایشو ٹو ایشو تعاون کریں گے۔
5
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اس بات کو یقینی بنائے کہ کے فور پانی منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹینکر مافیا کا خاتمہ ہو۔پانی براہ راست شہریوں کے گھروں تک پہنچنا چاہیے۔ منصوبوں کے ڈائریکٹرز مکمل ٹائم لائنز فراہم کریں تاکہ بجٹ اصل پیشرفت کے مطابق جاری ہو جب کہ حکومت سندھ اس بات کو یقینی بنائے کہ کے فور پانی منصوبے کی تکمیل کے بعد ٹینکر مافیا کا خاتمہ ہو۔کراچی واٹر سپلائی کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کے پہلے اجلاس میں گفتگو
6
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں سعودی فنڈ برائےترقی کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمان المرشد سے ملاقات کی ۔سلطان بن عبدالرحمان المرشد سے ملاقات کے دوران وزیرخزانہ نے سعودی آئل سہولت کے تحت واجب الادارقوم کی فوری ادائیگی کی درخواست کی اور ساتھ ہی سعودی فنڈ سے کراچی کوئٹہ این-25 منصوبے کے لیے مالی معاونت کی درخواست بھی کی۔اٹلانٹک کونسل تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاکہ حکومت امریکا سے تجارتی خسارے کو حل کرنے کےلیے تعمیری بات چیت کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح وفد کے دورے کی توقع ہے۔
7
آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ مزیدکم کردیاآئی ایم ایف نےپاکستان کی معاشی شرح نموکاتخمینہ 3 فیصدسےکم کرکے 2 اعشاریہ 6فیصد کر دیا۔ آئی ایم ایف نےآئندہ مالی سال کیلئے بھی پاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کا تخمینہ لگایا ہے۔اکتوبر2024میں آئی ایم ایف نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نموکا تخمینہ 3 اعشاریہ دو فیصد لگایا تھا، رواں مالی سال پاکستان کے معاشی شرح نموکا مقررہ ہدف حاصل نہ ہونےکاخدشہ ہے۔
8
امریکی صدر ٹرمپ چین سے جلد معاہدے کیلئے پُر امید: ٹیرف میں کمی کا بھی عندیہ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چین پر عائد 145 فیصد درآمدی ٹیرف کو کم کیا جائے گا۔ تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ کمی کتنی ہوگی۔چین کےساتھ ڈیلنگ بہت اچھی کرنے جا رہے ہیں، چین کو معاہدہ کرنا ہی پڑےگا، چین نے معاہدہ نہیں کیا تو ہم ڈیل طے کریں گے۔
9
اسرائیلی فوج کے غزہ پر سفاکانہ حملے جاری ہیں، بمباری میں مزید 32 فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں کم از کم 32 فلسطینیوں کو شہید کیا۔اسرائیلی بمباری سے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں میں آگ لگ گئی جس سے 11 افراد جُھلس کر شہید ہوگئے۔مغربی غزہ سٹی میں گھر پر فضائی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہو گئے، جبکہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں جنگی طیاروں کے حملے میں 3 عام شہری، جن میں 2 بچیاں بھی شامل تھیں، شہید ہوئیں۔