1
وزیراعظم نے حکومتی کارکردگی کے نظام میں بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی. جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق وزیر خزانہ کو کمیٹی کا کنونیئر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی اراکین میں وزیر توانائی، وزیر موسمیاتی تبدیلی، چیئرمین ایف بی آر و دیگر شامل ہوں گے۔کارکردگی کمیٹی ایف بی آر کے موجودہ فریم ورک اور نتائج کا تجزیہ کرے گی، وفاقی اداروں کیلئے معیاری جانچ اور فیڈبیک نظام تیار کیا جائے گا جب کہ کمیٹی 30 دن میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
2
پاکستان سے کوئی فیک پاسپورٹ پر سفر نہیں کر سکتا۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس خرم شہزاد نواز کی زیرِ صدارت ہوا جس میں انسانی سمگلنگ سے متعلق اقدامات پر کمیٹی میں بحث ہوئی۔ وزیرمملکت طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ بین الاقوامی معیار کا ہے اور اس پر جعلسازی ممکن نہیں، انسانی سمگلنگ میں ملوث 200 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔زرتاج گل نے کہا کہ بہت سارے عرب ممالک میں ڈی جی خان کے افراد پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
3
عمران خان کی نااہلی پر احتجاج: پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد،انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان کی نااہلی پر فیض آباد کے مقام پر احتجاج کے کیس کی سماعت کی، فیصل جاوید خان، عامر کیانی، واثق قیوم اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جہاں پی ٹی آئی وکلا نے عدالت سے فرد جرم مؤخر کرنے کی استدعا کی۔عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کر دیا گیا۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ ہر جگہ یہ کہا جاتا ہے کہ مقدمات درج ہوگئے، ٹرائل نہیں ہو رہا، یہ آپ لوگ ہی کہتے ہیں یا تو کہہ دیں کہ مقدمات کا ٹرائل نہ ہو۔وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ بات ان کیسز کی نہیں ہے، یہ سیاسی کیسز کی بات ہے، عدالت نے کہا کہ آپ کی بریت کی درخواستیں خارج ہو چکی ہیں، اب تو وہ چیلنج بھی ہو چکی ہیں۔عدالت نے راجا راشد حفیظ کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ راشد حفیظ جب تک مچلکے جمع نہیں کرائیں گے کورٹ روم نہیں چھوڑیں گے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی اگلی سماعت پر استغاثہ کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔
4
پنجاب میں جعلی وکلاء کی بھرمار ہوگئی، 5 سالوں میں 700 جعلی وکلاء کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔پنجاب بار کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2020 سے لے کر سال 2025 تک یعنی 5 سالوں میں 700 جعلی وکلاء کے خلاف پنجاب بھر کے مختلف اضلاع کے تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے جبکہ 219 وکلا اشتہاری قرار دیئے گئے اور ابھی تک گرفتاری نہ ہو سکی۔پانچ سالوں میں صرف دو وکلاء کو ٹرائل کورٹ نے سزا دی اور باقی کیسز ابھی تک زیر التوا ہیں، 1500 وکلاء کا ریکارڈ پنجاب بار کونسل سے غائب کر دیا گیا جس پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جعلی وکلاء نے وکالت کے پروفیشن کو بدنام کر دیا ہے، 700 وکلاء کے کیسز کو برق رفتار سے نمٹانے کیلئے پراسیکیوٹر جنرل سے 5 سپیشل پراسیکیوٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ سپیشل ٹرائل کورٹس مختص کر دی گئی ہیں، کسی جعلی وکیل سے رعایت نہیں ہوگی، انہیں عدالتوں سے قانون کے مطابق سزائیں دلوائیں گے۔چیئرمین اینٹی کرپشن کمیٹی پنجاب بار کونسل منیر حسین بھٹی کی میڈیا سے گفتگو
5
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں رات 8 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 میچ کھیلے اور چاروں میں کامیابی حاصل کر کے ٹیبل پوائنٹس پر سرفہرست ہے جبکہ ملتان سلطانز نے 4 میچز کھیل کر ایک میں فتح سمیٹی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس وقت ٹیبل پوائنٹس پر ملتان سلطانز کے دو پوائنٹس ہیں۔
6
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ براہ راست بات چیت کے لئے تیار ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس کے ساتھ بات چیت صرف جنگ بندی کی صورت میں ہوگی، جنگ بندی کے بعد کسی بھی فارمیٹ میں بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ یوکرین کے مسئلے پر یورپی رہنماؤں کا اہم اجلاس آج لندن میں ہوگا۔اس حوالے سے امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ لندن اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، لندن اجلاس میں امریکی مندوب برائے یوکرین کیتھ کیلوگ شریک ہوں گے۔توقع ہے یوکرین کے اتحادی ممکنہ ڈیل پر بات کریں گے، ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ لندن مذاکرات میں یوکرینی وفد کی پہلی ترجیح غیر مشروط جنگ بندی ہوگی۔
7
سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس تک پہنچ گیا۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی، 300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار 811 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ منفی زون میں چلی گئی، 800 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار 539 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔


