1
بھارتی اقدامات کا جواب دینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگاوزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ کے بعدکی ملکی داخلی و خارجی صورتحال پر غور کیا جائےگا، قومی سلامتی کمیٹی عجلت میں اٹھائے گئے بھارتی نا قابل عمل آبی اقدامات کا جواب دینے کا بھی جائزہ لے گی۔
2
ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کیلئے 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان،یہ امداد سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں میں استعمال کی جائے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے سالانہ رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق امدادی رقم سے 93 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم کیلئے مشروط نقد رقوم فراہم کی جائیں گی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس امداد کا مقصد بہتر غذائیت تک رسائی کو یقینی بنانا ہے، اس اقدام سے خاص طور پر آفت زدہ علاقوں میں رہنے والی خواتین، نوجوان لڑکیوں اور بچوں کو فائدہ پہنچے گا۔رپورٹ کے مطابق وسطی اور مغربی ایشیا کے ممالک کو ترقیاتی تفریق اور سماجی بہبود کے شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔
3
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، عالمی طاقتیں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں میں اس سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے والے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کھلی جارحیت اور خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اقدام انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، معاہدہ کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ بھارت ماضی میں بھی بین الاقوامی دوروں اور اہم مواقع پر فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا آیا ہے تاکہ دنیا کی توجہ اصل مظالم اور ناانصافیوں سے ہٹائی جا سکے، صدر کلنٹن کے دورہ بھارت کے دوران بھی بھارت نے ایک فالس فلیگ آپریشن میں بے گناہ سکھوں کا خون بہایا۔سندھ طاس معاہدے کی معطلی محض ایک آبی تنازعہ نہیں، یہ ایک واضح پیغام ہے کہ بھارت خطے میں طاقت کے زعم میں جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان اس اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا
4
بھارت کا سندھ طاس معاہدہ فوری منسوخ کرنے، پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم، پہلگام حملے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں سکیورٹی اجلاس ہوا۔سکیورٹی اجلاس میں وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ نے شرکت کی، اجلاس میں مشیر قومی سلامتی اجیت دیول اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سمیت دیگر وزرا بھی موجود تھے۔بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق مودی کی زیرصدارت سکیورٹی اجلاس میں اٹاری چیک پوسٹ، واہگہ بارڈر کو بند کرنے سمیت بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کر دیئے۔سکیورٹی اجلاس میں بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا، بھارت نے سندھو ندی سمجھوتہ، سندھ طاس معاہدہ فوری ختم کرنے اور پاکستانی ہائی کمیشن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
5
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو چھیڑ کر خطے میں کشیدگی کو ہوا دی، سندھ طاس معاہدے میں واضح لکھا ہے کوئی ایک فریق یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا۔پاکستان کسی دہشتگردی کی کارروائی کی حمایت نہیں کرتا، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہت قیمت ادا کی، بدقسمتی سے بھارتی گورنمنٹ دہشتگردی کے واقعات کا الزام ہمیشہ پاکستان پر لگاتی ہے۔ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی ہے، چند دن پہلے جعفرایکسپریس واقعہ ہوا تو ہندوستان نے مذمت میں ایک لفظ بھی نہیں بولا، الزام تراشی اور بہتان لگانا کسی گورنمنٹ کو زیب نہیں دیتا۔بھارت پاکستان سے بڑا ملک ہے، خطے میں امن اس کے اپنے مفاد میں ہے، بھارتی لیڈر شپ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، عالمی امن کیلئے ایسے اقدامات خطرہ بن سکتے ہیں۔بھارت نے دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں جبر کا ماحول بنایا ہوا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پاکستان کا بھارت میں بدامنی کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان کو بھارتی سائیڈ سے مسلسل نشانہ بنایا گیا ہے۔پاکستان کی بھارت میں مداخلت کی پالیسی نہیں ہے، کلبھوشن کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے، بھارت صرف الزامات لگا رہا ہے، بھارت کے پاس اگر کوئی ثبوت ہے توپیش کرے۔میڈیا سے گفتگو
6
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کوئی بڑی بات نہیں۔گھرکے اندر بھی اختلاف ہوتے ہیں، ہماری پارٹی اور نظریہ ایک ہے، پارٹی کا لیڈربھی ایک ہی ہے، پارٹی میں ہم پہلے ورکر اور پھرعہدیدار ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان موجود اختلافات کوئی بڑی بات نہیں ہے۔پارٹی نے جب بھی احتجاج کی کال دی، ہم تیار ہیں، میڈیا سے بات چیت
7
مریم نواز سے ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے پر زور،وزیر اعلیٰ پنجاب سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی، مریم نواز نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیر مقدم کیا اور تعلقات مزید مستحکم کرنے پر زور دیا، باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات زراعت، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ایتھوپین سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے حکومت پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی اور فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
8
ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری عہدے سے مستعفی، استعفیٰ چیئرپرسن والڈ سٹی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھجوا دیا گیا۔استعفیٰ کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کر لی، جس کے متن میں ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے کہا کہ میرے لئے عزت کی بات ہے کہ میں نے ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں۔کامران لاشاری نے استعفیٰ میں لکھا کہ میں نے پوری امانتداری سے کوشش کی کہ پاکستان کے کلچر کو فروغ دیا جائے، کلچر کے ذریعے دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھایا جائے، تاہم کچھ ذاتی وجوہات کی وجہ سے ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا۔
9
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی کو عوام کی نظروں سے دور کرنے کی کوشش پچھلے 22 ماہ سے جاری ہے۔ بانی جیل میں بیٹھ کر روز پہلے سے زیادہ قدآور ہو رہا ہے، ہم تباہی کے گڑھے میں گرچکے ہیں جس سے پوری قوم کو باہر نکلنا ہےبانی کو جیل میں اخبار نہیں دیا جاتا، بانی پی ٹی آئی کی 6 ماہ میں اپنے بچوں سے صرف 2 بار بات کرائی گئی۔دشمن سے جنگ قوم لڑا کرتی ہے، سپاہیوں کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہوتی ہے، بانی کی اہلیہ کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں لیکن پھر بھی 20 ماہ سے جیل میں ہیں۔
10
سنگجانی جلسہ کیس: اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک توسیع،انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، سابق سپیکر قومی اسمبلی اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔تفتیشی افسر کی استدعا پر درخواست ضمانت پر آج دلائل نہ ہو سکے، عدالت نے ہدایت کی کہ کیس کی اگلی سماعت پر ریکارڈ پیش کیا جائے اور دلائل دیئے جائیں۔عدالت نے اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 21 مئی تک ملتوی کر دی۔
11
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بھارت کی آبی دہشت گردی ہے۔ پہلگام واقعہ کا پاکستان پر بے بنیاد الزام ہے، پانی روکنا جنگ کے مترادف ہے بھارت یکطرفہ معاہدہ معطل نہیں کر سکتا۔ بھارت میں کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان زمین کے چپے چپے کی حفاظت کرنا پاکستانی قوم خوب جانتی ہے، وقت آنے پر بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے۔
12
فیصل واوڈا نے کہا کہ انڈیا کا جھوٹا فریبی پراپیگنڈا، پاکستان پہلے باقی سب بعد میں، ہم سب متحد ہیں۔میری تجویز ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس فوری بلایا جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران سمیت تحریک انصاف بھی شامل ہو۔ پوری دنیا کو یہ جواب ملے کہ پاکستان کے آگے سیاسی اختلافات کچھ نہیں اور پورا پاکستان اور قوم اپنی فوج کے پیچھے اور دشمنوں کے سامنے کھڑی ہے۔ انڈیا کے جھوٹ اور فریب کی بنیاد پر کوئی ایکشن ہوا تو ہمیشہ کی طرح بھرپور خطرناک ری ایکشن دیا جائے گا۔
13
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے درہ پیزو بازار کے قریب ٹریفک پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس موبائل انچارج عمران اور ڈرائیور اسلام الدین معمولی زخمی ہوئے، دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دھماکے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
14
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سپرنگ اجلاس کے موقع پر ترکی کے وزیر خزانہ مہمت شیمشیک سے ملاقات ہوئی۔وزیر خزانہ نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی وسیع گنجائش پر زور دیا۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ موجودہ تجارتی و سرمایہ کاری کی سطح دونوں ممالک کی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے۔وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما سے ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے پاکستانی خواتین کی مالی شمولیت سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا، جس میں بین الاقوامی شراکت داروں کی مدد سے نیشنل فنانشل انکلوژن اسٹریٹجی کے نفاذ کا خصوصی ذکر کیا گیا۔وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل رسائی کو بڑھانے اور اداروں کے درمیان مؤثر ڈیٹا کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
15
عادی مجرموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ٹریکنگ ڈیوائس پہنانے کا فیصلہ،سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس میں منظوری دی گئی، ٹریکنگ ڈیوائسز کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، پیرول ڈیپارٹمنٹ اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو دی جائیں گی۔محکمہ داخلہ پنجاب 1500 دستیاب ٹریکنگ ڈیوائسز کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تقسیم کر رہا ہے، نئے تشکیل شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو 500 ٹریکنگ بینڈز دیئے جائیں گے، سی ٹی ڈی کو 900 ٹریکنگ بینڈز جبکہ پیرول ڈیپارٹمنٹ کو 100 بینڈز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ٹریکنگ بینڈز پہننے والے مجرمان کی نقل و حرکت پر 24/7 نظر رکھی جا سکے گی، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریکنگ ڈیوائسز درآمد کرنے کی ہدایت کی۔
16
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں 2 خواتین نے خود کشی کر لی۔ایدھی ترجمان کے مطابق ساندہ، حکیماں والا بازار میں 20 سالہ لڑکی نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، 20 سالہ خدیجہ کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکی۔ہربنس پورہ کے علاقہ میں 35 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، ایدھی ترجمان کے مطابق متوفیہ کی شناخت 35 سالہ عابدہ زوجہ آصف علی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کی ضروری کارروائی کے بعد میتیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دی گئی ہیں۔
17
کین ولیمسن نے لاہور پہنچ کر کراچی کنگز کی ٹیم کو جوائن کر لیاکین ولیمسن نے لاہور میں کراچی کنگز کی ٹیم کو ہوٹل میں جوائن کر لیا ہے، انہیں کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ڈرافٹ 2025ء میں سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔کراچی کنگز کا اگلا مقابلہ لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ہوگا۔کراچی کنگز کی ٹیم آج شام 6 بجے لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں پریکٹس کرے گی۔
18
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کیلئے آج لاہور میں میدان سجے گا، ایونٹ میں آج بھی ایک میچ کھیلا جائے گا۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمے کی ٹیمیں رات 8 بجے مدمقابل ہوں گی۔
19
غزہ میں اسرائیلی افواج کی بربریت اور بمباری کا سلسلہ جاری رہا،24 گھنٹے میں مزید 39 فلسطینی شہید اور 105 زخمی ہوگئے۔ہسپتالوں اور سکولوں پر ہونے والے تازہ ترین حملے میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے، جنوبی غزہ میں المواسی پناہ گاہوں پر بھی اسرائیلی ڈرون حملے کئے گئے، متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے،شہدا کی مجموعی تعداد 51 ہزار 300 ہوگئی،1 لاکھ 17 ہزار فلسطینی زخمی ہو چکے۔
20
نواحی علاقہ گومل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے تین افراد کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق گومل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونیوالے تینوں افراد کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے، قتل ہونیوالوں میں ایک والد جبکہ دو بیٹے ہیں۔حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،


